Inquilab Logo

ناندیڑ میں تلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندر شیکھر راؤ کے جلسے کی تیاریاں زوروں پر

Updated: February 02, 2023, 7:15 AM IST | Zaid A Khan | nanded

ناندیڑ کے ظہیر آباد میںمقامی عوامی نمائندوں اوربھارت راشٹریہ سمیتی کے عہدیداروں نے پریس کانفرنس میں کے سی آر کے استقبالیہ جلسے کے تعلق سے معلومات دی

The scene of the press conference of local public representatives in Zaheerabad of Nanded
ناندیڑ کے ظہیر آباد میںمقامی عوامی نمائندوں کی پریس کانفرنس کا منظر

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر)۵؍ فروری کو ناندیڑ کا دورہ کرنے والے ہیں ۔ان کے دورے کے تعلق سے شہر میں بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں ۔وزیراعلیٰ کے سی آر کے دورے کی تفصیلات کے بارے میں معلومات دینے کیلئے منگل کو ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایم ایل اے شکیل احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر نے تلنگانہ میں ترقیاتی کاموں کیلئے کئی شاندارفلاحی اسکیمیں بنائیںجن پر کامیابی کے ساتھ عمل آوری ہورہی ہے اورلوگوں کے مسائل حل ہورہے ہیں ۔تلنگانہ کے ترقیاتی کاموں سے متاثر ہوکر مہاراشٹر کے سرحد ی علاقوں کے لوگوں کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جارہا تھا کہ سرحدی علاقوں کے دیہاتوں کو تلنگانہ میں شامل کیا جائے۔ قانونی طورپر ایسا کرنا بڑا مشکل مسئلہ ہے اس لئے اس مسئلہ کا حل نکالنے کے لئے ہی بی آر ایس پارٹی نے مہاراشٹر میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیرا علیٰ کے سی آر اپنے ناندیڑ دورے کے موقع پر مہاراشٹر کے عوام کیلئے ان کے ذہن میں کیا کچھ منصوبے ہیں ،اس  کےبارے میں معلومات دیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناندیڑ میں کے سی آر کے دورے  کےلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی  ہیں ۔ناندیڑ کے گردوارہ میدان پر ایک استقبالیہ جلسہ کا انعقاد کیا جارہاہے جس میں وزیر اعلیٰ کے سی آر اپنی پارٹی ’ بھارت راشٹر یہ سمیتی‘ میں شامل ہونے والے سیاسی قائدین اور عام پارٹی کارکنان کا استقبال کریں گے ۔پارٹی کو مہاراشٹر میں مقبولیت دلانے کیلئے ایک مضبوط لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔اسی طرح آئندہ چند مہینوں میں ہونے جارہے بلدیاتی انتخابات ،اسمبلی انتخابات اور پارلیمانی انتخابات کے بارے میں بھی بی آر ایس پارٹی کا موقف واضح کریں گے۔مہاراشٹر کے کسان بدحالی سے پریشان ہیں۔یہاں کے شہروںمیں آج بھی بنیادی سہولیات کافقدان ہے ۔یہ اور اس طرح کے کئی مسائل ہیںجنہیں ابھی تک حل نہیں کیا گیاہے ۔بی آر ایس اگر یہاں اقتدار میں آتی ہے توتلنگانہ  کی طرح سے مہاراشٹر میں بھی کام ہونگے ۔
موقع ملاتو پانی کے مسئلہ پربات کروں گا:اشوک چوان
 کانگریس لیڈر اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ  ا شوک چوان نے کہا کہ صرف ناندیڑ ضلع کیلئے نہیں بلکہ مراٹھواڑہ کیلئے بھی  پانی کا مسئلہ سنگین ہے۔ مہاراشٹر سے بہنے والا پانی سیدھا سمندر میں جا رہا ہے۔ثالثی کے فیصلے کے مطابق پانی چھوڑنا ہوگا۔پانی کے مسئلہ پر مہاوکاس اگھاڑی کے دوراقتدار میں سابق وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے، آبی وسائل  کے وزیر جینت پاٹل نے خط و کتابت کی تھی۔ معاملہ میرے بھی زیر نظر تھا لیکن، راستہ نہیں نکلا۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ ناندیڑ ضلع کے دورہ پرآرہے ہیں، اگر ان سے بات چیت کاموقع ملاتو میں یقیناً پانی کے مسئلہ پر بات کروں گا۔ آرٹ آف لیونگ کے سری سری روی شنکرکے یکم فروری کوناندیڑ  دورہ کے پیش نظرایک پروگرام منعقد کیاگیا تھا ۔ اس  ضمن میں منعقدہ پریس کانفرنس  میں جب صحافیوں نے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کے ناندیڑ دورہ سے متعلق سوال پوچھا تب  اشوک چوان نے کہاکہ بھارت راشٹر یہ سمیتی کا موقف بی جے پی مخالف ہے اور  وہ ہم خیال جماعتوں کے ساتھ ہے۔ہم بھی ان کااستقبال کرتے ہیں، کسی بھی سیاسی جماعت یا لیڈر کی مخالفت نہیں ہوتی ہے، بلکہ نظریہ کی مخالفت ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK