Inquilab Logo

ای ڈی سربراہ سنجے کمارمشرا کیلئے نیا عہدہ وضع کرنے کی تیاری

Updated: August 24, 2023, 9:49 AM IST | New Delhi

سپریم کورٹ کے حکم پر۱۵؍ ستمبر کے بعد انہیں  ای ڈی سے ہرحال میں ہٹانا ہے، سرکار انہیں چیف انویسٹی گیشن آفیسر (سی آئی او) بنا کر سی بی آئی اور سی ڈی دونوں کا نگراں بنا دیگی

Sanjay Kumar Mishra
سنجے کمارمشرا

 انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کےسربراہ کے عہدہ پرسنجے  کمار  مشرا کی  بار بار توسیع اورانہیں ہی اس عہدہ پر رکھنے کے مودی سرکارکے اصرار پر برہمی کااظہار کرتے ہوئےسپریم کورٹ انہیں ۳۱؍ جولائی کو ہرحال میں سبکدوش کردینے کی ہدایت  تھی جس کےبعد مودی حکومت نے عدالت کی منت سماجت کرکے   ۱۵؍ ستمبر تک کی مہلت حاصل کرلی تھی۔ اب جبکہ یہ مہلت قریب آرہی ہے، مودی سرکار نے سنجے مشرا کیلئے ایک نیا راستہ ڈھونڈ نکالا ہے۔ ’دی نیو انڈین ایکسپریس ‘  نے انکشاف کیا ہے کہ مرکزی حکومت سنجے مشرا کو ای ڈی اورسی بی آئی دونوں کا باس بنانے کی تیاری کررہی ہے۔اس کیلئے  ’چیف انویسٹی گیشن آفیسر‘(سی آئی او) کا نیا عہدہ وضع کیا جارہاہے۔ 
  اس نئے نظم کے تحت جس  طرح  فوج کے  تینوں شعبوں  کے سربراہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف کو رپورٹ کرتے ہیں اور  انٹیلی جنس بیورو اور  ریسرچ اینڈ انا لائسس ونگ (راء) نیشنل سیکوریٹی ایڈوائزر کو جواب دہ ہوتے ہیں،ا سی طرح  سی بی آئی اور ای ڈی کے سربراہ اب ’سی آئی او‘ کے ماتحت ہوںگے۔  ذرائع کے مطابق ۱۵؍ ستمبر کو ای ڈی سربراہ  کے عہدہ سے مشرا کے سبکدوش ہونے سے قبل ہی سی آئی او کا عہدہ وضع کرکے انہیں اس  میں منتقل کیا جاسکتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ای ڈی جو وزارت مالیات کے ماتحت  اورسی بی آئی وزارت ِ افرادی قوت  کے ماتحت آتی ہے،کی نگرانی اب سی آئی او کریں گے جن کے تعلق سے ابھی یہ واضح  نہیں ہے کہ وہ کس وزارت کے ماتحت ہوںگے۔چونکہ اس عہدہ کومرکزی سیکریٹری کے مساوی رکھا جارہاہے اس لئے گمان غالب ہے کہ اس عہدہ پر فائز افسر  وزیراعظم کو  براہِ راست  جوابدہ ہو گا۔  
  سنجے مشرا کو ای ڈی سربراہ کے عہدہ پر برقرار رکھنے پر مودی سرکار کے اصرار پر سپریم کورٹ نے  سخت حیرت اور برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’کیا تمام افسران میں کوئی بھی ایسا نہیں ہے جو اُن (سنجے مشرا) کا کام بخوبی کرسکے؟ کیا کوئی ایک شخص اس قدر ناگزیر ہوسکتاہے؟‘‘ اس کے بعد بھی جب حکومت کا اصرار برقراررہا تو جسٹس بی آر گوئی کی بنچ نے  ’’وسیع تر عوامی اور قومی  مفاد ‘‘  میں سنجے مشرا کو ۱۵؍ ستمبر تک ای ڈی سربراہ کے عہدہ پر برقرار رہنے کی اجازت دیدی تھی۔ 
 سپریم کورٹ کے سینئر وکیل  پرشانت بھوشن  نے سنجے مشرا کو ای ڈ ی اور سی بی آئی  دونوں کا باس بنانے کی تیاری کو ’’خطرناک اور بدنیتی پر مبنی‘‘  قرار دیا ہے۔  واضح رہے کہ سنجے مشرا کے دور میں اپوزیشن لیڈروں کے خلاف ای ڈی کے مقدمات میں غیر معمولی طور پر اضافہ ہوا ہے ۔اپوزیشن کے جن لیڈروں کو ای ڈی کے ذریعہ نشانہ بنایاگیا ان میں سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم، جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین، این سی پی سربراہ شرد پوار، مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ، این سی پی لیڈر نواب ملک، نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ،  عمرعبداللہ، پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی، تمل ناڈو کے وزیر سینتھل بالاجی اور ٹی ایم سی کے سابق وزیر پارتھ چٹرجی کے نام قابل ذکر ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK