Inquilab Logo

بی ایم سی ہیڈ آفس میں دفاتر سیٖل ہونے پرسیاسی پارٹیوں کو دشواریاں

Updated: January 06, 2023, 10:10 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

اپنے دفتر کے باہر بینچ پرکام کاج اورشہریوں کے مسائل سننے پر مجبور۔ شیوسینا کےدونوں گروپ کےحامیوں میں آفس پر قبضہ کیلئے تصادم کے بعدمیونسپل کمشنر نے تمام پارٹیوں کے آفس سیٖل کردیئے ہیں

Leader of Opposition in the Municipal Corporation Ravi Raja (Congress) was sealed while listening to the issues of a citizen on the bench outside his party office.
میونسپل کارپوریشن میں اپوزیشن لیڈر روی راجا (کانگریس) سیٖل کئے گئے اپنے پارٹی دفتر کے باہربینچ پر ایک شہری کے مسائل سنتے ہوئے

 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے صدر دفتر میں واقع شیوسینا کے آفس پر قبضہ کیلئے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے گروپ کے درمیان جھگڑے کی وجہ سے شہری انتظامیہ نے یہاں واقع تمام سیاسی پارٹیوں کے دفاتر کو سیٖل کردیا ہے جس سے سیاسی پارٹیوںکو کام کاج اور شہریوں کے مسائل سننے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ زیادہ تر پارٹیوں نے اپنے سیٖل کئے ہوئے دفتر کے باہر ہی بیٹھ کر کام کاج شروع کردیاہے۔
 ادھوٹھاکرے کی سربراہی والی شیوسینا کے ممبران اور بغاوت کرکے علاحدہ شیوسینا بنانے والے لیڈران کے حامیوں کے درمیان تنازع کی بنیاد پر تمام سیاسی پارٹیوں کے دفاتر کو سیٖل کرنے کی شدید مخالفت کے باوجود جب ان دفاتر کو نہیں کھولا گیاتو ادھوٹھاکرے کی سربراہی والی شیوسینا، کانگریس اور این سی پی نے بی ایم سی کے صدر دفتر میں واقع اپنے سیٖل کئے گئے دفاتر کے باہر بینچ پر ہی کاج کاج شروع کردیا ہے۔
  واضح رہے کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے میونسپل کارپوریٹروں کی مدت کار ختم ہوچکی ہے اس لئے ممبئی میں فی الوقت کوئی بھی میونسپل کارپوریٹر نہیں ہے اور بی ایم سی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان بھی نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے دوران اگر عوام میں سے کسی کو کسی کام کے سلسلے میں بی ایم سی کے کسی بڑے افسر سے ملاقات کرنی ہوتی ہے اور وہ کسی وجہ سے اپنے دفتر میں موجود نہیں ہوتا یا کسی کو بی ایم سی سے کسی قسم کی شکایت ہوتی ہے تو وہ بی ایم سی ہیڈ آفس میں سیاسی پارٹیوں کے لیڈران سے ملاقات کرکے اپنے مسائل کے حل کے لئے مدد مانگتے ہیں۔
 بی ایم سی کے صدر دفتر میںواقع سیاسی پارٹیوں کے آفس بند ہوجانے سے میونسپل کارپوریشن سے متعلق کام کاج کیلئے لوگوں کو سیاسی لیڈران سے ملاقات کرنے میں پریشانی ہورہی تھی جس کی وجہ سے یہ راستہ تلاش کیا گیا ہے کہ سیاسی لیڈران اپنی پارٹپی کے دفتر کے باہر بینچ پر بیٹھ جاتے ہیں اور لوگ ان سے وہیں ملاقات کرلیتے ہیں۔ البتہ اس طرح کام کاج  میں یہ دشواری درپیش ہے کہ دفاتر بند ہونے کی وجہ سے لیڈران کے دفتر میں موجود رہنے جیسی وقت کی پابندی نہیں ہوتی ۔البتہ ان آفس کے اسٹاف میں سے کوئی وہاں موجود ہوتا ہے جو لیڈران کے آنے کے اوقات سے عوام کو مطلع کردیتا ہے اور لوگ ان اوقات میں عوامی نمائندوں سے ملاقات کرسکتے ہیں۔
 اس بارے میں تقریباً تمام بڑی سیاسی پارٹیوں نے میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل سے درخواست کی ہے کہ ان کے دفاتر کھول دیئے جائیں لیکن ان کی اس درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK