Inquilab Logo

مراٹھواڑہ کے مختلف علاقوں میں سی اے اے کیخلاف احتجاج

Updated: February 02, 2020, 11:31 AM IST | Z A Khan | Nanded

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مراٹھواڑہ کے مختلف علاقوں میں احتجاج ہو رہا ہے۔ ہنگولی میں بڑے پیمانے پر جیل بھروتحریک چلائی گئی

 ہنگولی میں مظاہرین پولیس وین پر چڑھ کر جیل جا رہے ہیں ۔ تصویر : آئی این این
ہنگولی میں مظاہرین پولیس وین پر چڑھ کر جیل جا رہے ہیں ۔ تصویر : آئی این این

 ناندیڑ : شہریت ترمیمی قانون  کے خلاف مراٹھواڑہ کے  مختلف علاقوں میں احتجاج  ہو رہا ہے۔ ہنگولی میں بڑے پیمانے پر جیل بھروتحریک چلائی گئی ۔سیکڑوں کی تعداد میں عوام سڑکوں پر اتر آئے اور ہائی وے کو جام کردیا ۔ پولیس نے انہیں گرفتار کر لیاا ور پولیس اسٹیشن لے آئی۔ لوگوں نے آگے بڑھ کر گرفتاریاں دیں ۔یہاں تک کہ انہیں لے جانے کیلئے پولیس کی گاڑیاں بھی کم پڑگئی۔ بہت سے لوگ پولیس کی وین کی چھت پر سوار ہوکر پولیس اسٹیشن پہنچے۔ پولیس اسٹیشن  پہنچ کر ان کیخلاف ضابطہ کے تحت کارروائی کی گئی اور انہیں رہا کردیا گیا ۔مظاہرین نے کہا کہ ہم اپنا یہ احتجاج اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کہ حکومت شہریت ترمیمی قانون واپس نہیں لے لیتی۔ 
 ہنگولی کے علاوہ ناندیڑ، بیڑ،پربھنی ،اودگیر ، کنوٹ ،مدکھیڑ اور اورنگ آباد میں بھی احتجاج کیا جارہاہے ۔دہلی کے شاہین باغ کی طرز پر کئی مقام پر بے مدت  دھرنے دئیے جارہے ہیں ۔ناندیڑ کے  دھرنے کو  ۱۵ دن مکمل ہوگئے ہیں ۔ ابتدامیں یہ دھرنا ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے جاری تھا ۔۱۳ دناس کے بعد اسے  دیگلور  ناکہ کے برکت کامپلکس کے سامنے والی سڑک پر منتقل کیا گیا ۔
 دہلی کے شاہین باغ میں ہوئی فائرنگ کے بعد مہاراشٹر پولیس بھی حرکت میں آگئی ہے ۔ ناندیڑ پولیس کے ڈاگ اسکواڈ سنیچر کو شاہین باغ کے پنڈال کے علاقہ کی جانچ کی۔ شاہین باغ ناندیڑ کی آواز کے عنوان سے شروع کئے گئے احتجاج دھرنے میں کثیر تعداد میں لوگ حصہ لے رہے ہیں ۔ ان میں تمام مذاہب کے ماننے والے لوگ شامل ہیں۔ سنیچر کو یہاں موجود علمائے کرام نے اپنی تقریروں میں شہریت ترمیمی قانون کو  حکومت کی جانب سے عوام کو تقسیم کرنے کی ایک کوشش قرار دیا۔  اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس آئین مخالف قانون کو فوراً سے پیشتر واپس لیا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK