Inquilab Logo

این سی پی لیڈرروہت پوار سے دوبارہ پوچھ تاچھ کیخلاف احتجاج

Updated: February 02, 2024, 12:18 PM IST | Nadeem Asran/Sajid Mahmood Sheikh | Mumbai

ان کی ہمت بڑھانے کیلئے پارٹی سربراہ شرد پوار کی اہلیہ بھی ای ڈی کے دفتر کے قریب پارٹی آفس پہنچیں۔ بھائندر میں این سی پی کارکنوں کااحتجاجی مظاہرہ۔

Rohit Pawar on his way to ED office. Photo: INN
روہت پوار ای ڈی آفس جاتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک گھوٹالہ معاملہ میں ایک ہفتہ قبل این سی پی سربراہ شرد پوار کے بھتیجے روہت پوار سے مسلسل ۱۱؍ گھنٹے پوچھ تاچھ کرنے اور بیان درج کرنے کے باوجود انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو انہیں پوچھ تاچھ کیلئے دوبارہ طلب کیا جس پر روہت پوار ایک بار پھر ای ڈی کے روبرو حاضر ہوئے ہیں۔ تادم تحریر ۹؍ گھنٹے سے پوچھ تاچھ کا سلسلہ جاری تھا۔ انہیں دوبارہ طلب کرنے پر پارٹی کارکنوں نے زبردست احتجاج کیا۔ گزشتہ بدھ کو روہت پوار کو طلب کیا گیاتھا، اس وقت ای ڈی کے روبرو حاضر ہونے سے قبل انہوں نےای ڈی آفس کے قریب موجود پارٹی آفس جاکر شرد پوار کاآشیرواد لیا تھا جبکہ رکن پارلیمان سپریا سلے انہیں ای ڈی کے دفتر تک چھوڑنے آئی تھیں۔ 
ای ڈی اور حکومت کے خلاف نعرے
  جمعرات کوروہت پوار کو دوبارہ طلب کئے جانے پر شرد پوار کی اہلیہ پرتبھا پوار نہ صرف بیلارڈ پیئر میں واقع پارٹی دفتر پہنچیں بلکہ این سی پی کارکنوں نےاس کے خلاف شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ای ڈی اور موجودہ حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ شرد پوار کی طرح ان کی اہلیہ نے بھی اس وقت تک پارٹی دفتر میں موجود رہنے کا فیصلہ کیا جب تک روہت ای ڈی کے دفتر سے باہر نہیں آجاتے۔ 
بھائندر میں گدھے پربینرلگاکر احتجاجی مظاہرہ
 دریں اثناء نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی شردپوار) میرابھائندر نےجمعرات کو پارٹی لیڈر روہت پوار کو ای ڈی کے ذریعے طلب کرنے پر بھائندر مغرب میں واقع تحصیلدار کے دفتر کے سامنے انوکھے انداز میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ایک گدھے پر بینر لگا کراسے علاقے میں گھمایا گیا۔ بینر پر لکھا تھا ’جنتاکی بات نہیں، میری تو سنو رے ای ڈی ‘۔ اس موقع پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی سیکریٹری انکش مالوسرے، پارٹی کے میرابھائندر کے صدر ایڈوکیٹ وکرم تارے پاٹل، کارگزار صدر غلام نبی فاروقی اور ترجمان شیام راوت شامل تھے۔ این سی پی کے ایک وفد نے اپر تحصیلدار کو ایک میمورنڈم دیا جس میں سرکار سے تفتیشی ایجنسیوں کے غلط استعمال کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ 
اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے این سی پی میرابھائندر کے کارگزار صدر غلام نبی فاروقی نے کہا جکہ مرکزی حکومت آج کل ای ڈی، سی بی آئی اور محکمہ انکم ٹیکس کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ ساری تفتیشی ایجنسیاں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن عوام کی آواز ہوتی ہے۔ انہوں نے احتجاج میں گدھے کو لانے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ سرکار بہری ہو گئی ہے اس لئے ہم نے ایک گدھے کو لایا ہے تاکہ وہ کم از کم گدھے کی آواز سنے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب بھی انتخابات قریب آتے ہیں، ای ڈی متحرک ہو جاتی ہے۔ این سی پی کے ترجمان شیام راوت نے کہا کہ جس طرح حکومت تفتیشی ایجنسیوں کے ذریعے اپوزیشن لیڈروں کو ہراساں کر رہی ہے، یہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔ عوام کو اس بابت سوچنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اپوزیشن کے سارے لیڈران بدعنوان ہو گئے ہیں۔ 
 واضح رہے کہ گزشتہ روزای ڈی نے شیوسینا (ادھو گروپ) کی لیڈرکشوری پیڈنیکر (سابق میئر) اور سنجے راؤت کے بھائی سندیپ راؤت سے بھی پوچھ تاچھ کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK