Inquilab Logo Happiest Places to Work

پنجاب :بالآخر امرت پال کو گرفتار کرلیا گیا

Updated: April 24, 2023, 10:54 AM IST | Amritsar

موگا ضلع سے گرفتاری عمل میں آئی، پولیس کی امن و امان برقرا ر رکھنے کی اپیل

Amrit Pal Singh in police custody
امرت پال سنگھ پولیس حراست میں

پنجاب پولیس نے بالآخر ۳۶؍دن بعد ’وارث پنجاب دے ‘کےسربراہ  امرت پال سنگھ کو گرفتار کر لیا ۔ خالصتان حامی امرتپ پال کو پولیس نے موگا ضلع کے گردوارہ سے تحویل میں لینے کے بعد گرفتار کیا ۔ وہ اجنالہ واقعہ کے بعد سے مفرور تھا۔یاد رہے کہ اس کی بیوی کرندیپ کور کو تین دن قبل امرتسر ہوائی اڈے پر روکا گیا تھا اور اسے اس کے گائوں واپس بھیج دیا گیا تھا ۔ امرت پال کو گرفتار کرنے کے بعد پنجاب پولیس نے سیکوریٹی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسے پنجاب کی ہی کسی جیل میں رکھنے کے بجائے کئی سو کلومیٹر دور ریاست آسام کے شہر ڈبروگڑھ کی سینٹرل جیل میں منتقل کردیا ہے۔
  یاد رہے کہ امرتسر سے اس کے تمام ساتھیوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے اور ان سے مسلسل پوچھ گچھ ہو رہی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ پولیس نے تین دن قبل جو امرت پال کی بیوی کو حراست میں لیا تھا تب پولیس نے کوئی ڈیل کی تھی جس کے بعد وہ اتوار کی صبح نہایت آسانی سے پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ یاد رہے کہ جب وہ فرار تھا تو اس نے سوشل میڈیا کے ذریعے کئی بار ویڈیوس جاری  کرکے  اپنے حامیوں کو اُکسانے کی کوشش کی تھی۔ اسی وجہ سے پولیس کو مسلسل اپیلیں کرنی پڑ رہی ہیں کہ شہری امن و امان قائم رکھیں۔پولیس نے ۱۸؍ مارچ کو بھی امرت پال سنگھ اور اس کے ساتھیوں کو پکڑنے کے  لئےجال بچھا یاتھا۔ اس دوران پولیس نے اس کے کئی ساتھیوں کو گرفتار کرلیا لیکن امرت پال فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا ۔ اس کے بعد سے پولیس اسے مسلسل تلاش کر رہی تھی لیکن وہ بھیس بدل کر پولیس سے کو چکمہ دینے میں کامیاب ہو رہا تھا ۔ اس کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ  عائد کیا گیا ہے 
 اس کی گرفتاری پر پنجاب کےوزیر اعلیٰ بھگونت مان نے اطمینان کا سانس لیا اور واضح الفاظ میں کہا کہ امن و امان ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا اور جو اسے متاثر کرنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سنیچر کی رات ہی روڈے گاؤں میں امرت پال  کے چھپے ہونے کی اطلاع ملی تھی لیکن وہ کوئی خونریزی نہیں چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ  پوری رات جاگ کر واقعہ پر نظر رکھے ہوئے تھے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK