ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران موجودہ حالات میں امریکی پابندیوں اور اقتصادی دباؤ کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
EPAPER
Updated: August 28, 2026, 1:19 PM IST | Agency | Tehran
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران موجودہ حالات میں امریکی پابندیوں اور اقتصادی دباؤ کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی جمعرات کے روز ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے تہران میں ملاقات کی ہے۔ تاہم اس ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔بی بی سی فارسی کے مطابق اعلیٰ سطحی قطری عہدیدار کا یہ دورہ پاکستانی فوج کے کمانڈر فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ تہران کے دو روز بعد ہوا ہے۔ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے والے ممالک میں قطر اور پاکستان بھی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھئے: ایران: باقر قالیباب کی اسکاٹ بیسنٹ پر تنقید، کہا اپنےعوام کی ضروریات پر توجہ دیں
گزشتہ روز ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے قطری وزیرِ خارجہ کے دورۂ ایران کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ قطری وزیرِ اعظم ہمارے ملک کے حکام کے ساتھ قطر کی ثالثی کی کوششوں اور اقدامات اور خطے میں دیگر پیش رفت کے حوالے سے بات چیت اور تبادلۂ خیال کریں گے۔ امریکہ-ایران جنگ کے بعد قطری وزیر اعظم کا ایران کا یہ پہلا دورہ ہے۔ امریکہ اور ایران نے پاکستان اور قطر کی ثالثی میں جون میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے تھے۔ تاہم آبنائے ہرمز سے متعلق اختلافات کی وجہ سے اس معاہدہ پر عمل درآمد کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا۔ایسی صورتحال میں قطری وزیر اعظم کے دورہ تہران کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور امریکہ و ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔دریں اثناء ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکہ کی اقتصادی پابندیوں کی مہم کو مسترد کیا اور کہا ہے کہ واشنگٹن معاشی دباؤ کے ذریعے ایران کو اپنے مطالبات ماننے پر مجبور نہیں کرسکتا۔’اسنا‘ کے مطابق پزشکیان نے کہا کہ امریکہ موجودہ مرحلے پر ایران پر اقتصادی دباؤ ڈال کر کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکے گا۔