Inquilab Logo Happiest Places to Work

راہل گاندھی آٹو رکشہ ڈرائیورس سے ملنے پہنچے، ساتھ کھانا بھی کھایا

Updated: May 30, 2026, 7:28 AM IST | New Delhi

ٹوڈرمل پارک میں اچانک پہنچے، ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اوراس کی وجہ سے ڈرائیورس کو درپیش مسائل پر گفتگو کی

Rahul Gandhi also had lunch with the rickshaw drivers after meeting them. (Photo: PTI)
راہل گاندھی نے رکشہ ڈرائیوروں سے ملاقات کے بعد وہیں ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

لوک سبھا میں  اپوزیشن  لیڈر   راہل گاندھی جمعہ کواچانک بنگالی  مارکیٹ  میں  واقع  ٹوڈرمل پارک پہنچ گئے جہاں انہوں نے عام آٹورکشہ ڈرائیوروں سے ملاقات کی اور وہیں بیٹھ  کر ان کے ساتھ دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔ اس دوران انہوں نے ڈرائیوروں کے مسائل اور شکایات کو قریب سے سمجھنے کی کوشش کی۔ ملاقات کے دوران راہل گاندھی آٹو ڈرائیوروں کی وردی میں بھی نظر آئے اور وہاں موجود بچوں کے ساتھ تصاویر بھی کھنچوائیں۔
 یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پیٹرول، ڈیزل اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث عوام کے ساتھ ساتھ نقل و حمل کے شعبے سے وابستہ افراد بھی مالی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں نے خاص طور پر آٹو رکشہ ڈرائیوروں اور تجارتی گاڑیوں کے مالکان کے اخراجات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
 راہل گاندھی نے مرکزی دہلی کے بنگالی مارکیٹ کے قریب ٹوڈرمل روڈ کے کنارے واقع چھوٹے سے پارک پر تقریباً نصف گھنٹے تک آٹو ڈرائیوروں سے گفتگو کی۔ دوپہر کے وقفے کے دوران مذکورہ پارک میں جمع ڈرائیوروں نے انہیں اپنی روزمرہ کی مشکلات سے آگاہ کیا۔ ڈرائیوروں نے بتایا کہ ایندھن کی مسلسل بڑھتی قیمتیں، گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے بڑھتے اخراجات اور آمدنی میں کمی نے ان کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔
 یہ ملاقات دہلی اور قومی راجدھانی خطے میں حال ہی میں ہونے والی ٹرانسپورٹ ہڑتال کے چند دن بعد ہوئی ہے۔۲۱؍ سے ۲۳؍ مئی تک جاری رہنے والے احتجاج میں۶۸؍ سے زیادہ ٹرانسپورٹ یونینوں نے حصہ لیا تھا۔ مختلف تنظیموں کے بینر تلے ہونے والے اس احتجاج میں بڑھتے  اخراجات کے پیش نظر کرایوں میں نظرثانی اور سرکاری راحتی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
 ملاقات کے دوران ڈرائیوروں نے راہل گاندھی کو بتایا کہ صرف ایندھن ہی نہیں،گاڑیوں  سے متعلق دیگر  اخراجات میں اضافے نے بھی ان کی کمر توڑ دی ہے اور گھریلو اخراجات پورے کرنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ایک ڈرائیور نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ راہل گاندھی ان کے ساتھ بیٹھے، ان کے مسائل سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے خدشات اور مطالبات پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔ ڈرائیوروں نےبتایا کہ بچوں کو پڑھانے کے باوجود ملازمت نہیں مل رہی ہے۔
 یہ ملاقات کانگریس کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت مہنگائی اور معاشی دباؤ سے متاثر کم اور متوسط آمدنی والے طبقات تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران راہل گاندھی مزدوروں،  غیر مستقل روزگار سے وابستہ افراد اور ٹرانسپورٹ شعبے کے کارکنوں سے مسلسل ملاقاتیں کرتے رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK