Inquilab Logo

خاندیش کو مراٹھواڑہ سے جوڑنے والےجلگاؤں جالنہ ریل روٹ کو ریلوے بورڈ کی منظوری

Updated: September 28, 2022, 9:32 AM IST | Qureshi Sarjil | jalgaon

تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ(ڈی پی آر) ریلوے بورڈ کو پیش کر دی گئی ہے ، اب اسے نیتی آیوگ کو سونپا جائے گا ،روٹ کا سروے ریکارڈ وقت میں مکمل کیاگیا

Jalgaon to Jalna railway line will be a 174 km route. (File Photo)
جلگائوں سے جالنہ ریلوے لائن۱۷۴؍ کلومیٹر کا روٹ ہوگا۔(فائل فوٹو)

:خطہ  خاندیش کو مراٹھواڑہ سے جوڑنے والے مجوزہ جلگاؤں جالنہ ریلوے روٹ کاحتمی سروے مکمل ہوچکا ہے۔ اس کیلئے ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ(ڈی پی آر) ریلوے بورڈ کو پیش کر دی گئی ہے۔اس ڈی پی آر رپورٹ کو ریلوے بورڈ کی منظوری کے بعد  اسےنیتی آیوگ کوسونپا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ریلوے وزیر مملکت راؤ صاحب دانوے نے ۷؍ ماہ قبل اس ریلوے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد اس سلسلے میں فوری کارروائی جاری ہے۔
 پہلے بھی اس طرح کے کئی ریلوے لائنز کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ دانوے کے اعلان کے بعد اس ریلوے لائن کے متعلق سوالات اٹھائے گئے لیکن دانوےاس معاملے میں جد وجہد کرتے رہے۔ اس لیے اس ریلوے کا سروے ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا۔ابتدائی سروے اور اسکے بعد ہیلی کاپیڑ کے ذریعے راڈار سروے بھی کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ حتمی سروے  حال ہی میں مکمل کیا گیا ہے اور اسے ریلوے بورڈ کو بھیج دیا گیا ہے۔جلگائوں سے جالنہ ریلوے لائن۱۷۴؍ کلومیٹر کا روٹ ہوگا۔جو پمپل گاؤں، پنگری، راجور، بھوکردن، سلوڑ سے براستہ گو لیگاؤں، اجنٹا، فردا پور سے گزرتا ہوا جلگائوں تک جائے گا ۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ یہ مجوزہ روٹ ہے اور اس میں معمولی تبدیلیاں ہوسکتی ہیں یا کچھ اسٹیشنوں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔جلگائوں تاجالنہ ریلوے لائن کا۷۰؍  فیصد یعنی تقریباً ۱۴۰؍ کلومیٹر علاقہ وزیر مملکت برائے ریلوے راؤ صاحب دانوے کے حلقے سے گزرتا ہے۔ اس لیے دانوے کے اعلان کے بعد اس  روٹ پر کام کرنے کیلئےکارروائی تیز ی کے ساتھ ہوئی،دانوے نے خود اس ریلوے روٹ کا جائزہ لیا، سروے کو منظوری دی، سروے کیلئے فنڈز فراہم کیے اور خود اس تجویز کو ریلوے بورڈ کے پاس لے جانے تک جدوجہد کی۔
  اطلاع کے مطابق مرکزی وزیر دانوے کے ذریعہ اس روٹ کے اعلان کے بعد ریکارڈ وقت میںیعنی صرف۴۰؍ دنوں میںسروے کی شروعات کی گئی ۔اس سروے کیلئے ساڑھے چار کروڑ روپے کا فنڈ فراہم کیا گیا۔ ۸؍فروری ۲۰۲۲ء کو حتمی لوکیشن سروے کی منظوری دی گئی تھی ۔اسکے بعد ۱۴؍ مئی۲۰۲۲ ءکوہیلی کاپٹر کے ذریعے راڈار سروے کیا گیا۔اس سروے کو چار دن میں مکمل کرنے کے بعد اگلا سروے کیا  گیااور اب فائنل سروے تیار ہے۔ ریلوے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ کام ریلوے کی تار یخ میں سب سے تیز رفتاری سے ہو رہا ہے۔
 ادھر دوسری جانب گزشتہ روز ایک پروگرام میں شرکت کی غرض سے وزیر مملکت برائے ریلوے دانوے ضلع جلگائوں کے جامنیر  پہنچے تھے ،یہاں پر انہوں نے اپنے خطاب میںاس بات کا اعلان کیا کہ جلگاؤں تا جالنہ نئی۱۷۴؍کلومیٹر ریلوے لائن کے لیے ڈی پی آر کو منظوری دی گئی ہے۔اسکے ساتھ پاچورا سے جامنیر (پی جے) براڈ گیج اور بودواڑ تک ریلوے لائن کی توسیع کیلئےمرکزی حکومت نے۹۵۵؍کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ یہ پورا فنڈ مرکزی حکومت فراہم کرے گی۔انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ ریاست کو اس بار ریلوے بجٹ میں سب سے زیادہ۱۱؍ ہزار کروڑ روپے ملے ہیں۔ان کے ریاستی وزیر ریلوے بننے کے بعد انہوں نے ریاست میں زیادہ تر کام کئے۔

khandesh Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK