Inquilab Logo

کھانڈیشور اسٹیشن کے باہرنصف راستے پر رکشا والوں کا قبضہ، شہریوں کو پریشانی کا سامنا

Updated: January 19, 2023, 11:53 PM IST | waseem patel | Mumbai

یہاں سے قریب کھانڈیشور ریلوے اسٹیشن کے باہرنصف راستے پر رکشا والوں نے قبضہ جما لیا ہے جس سے لوگوں کو چلنے پھرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

Some of the rickshaw pullers park their vehicles like this on the outskirts of Khandeshwar station.
کھانڈیشور اسٹیشن کے باہرراستے پررکشا والے کچھ اس طرح گاڑیاں کھڑی کرتے ہیں۔(تصویر:انقلاب)

 یہاں سے قریب کھانڈیشور ریلوے اسٹیشن کے باہرنصف راستے پر رکشا والوں نے قبضہ جما لیا ہے جس سے لوگوں کو چلنے پھرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اس تعلق سے شکایت پربھی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔
  اس بارے میں  مقامی شخص گنیش پاٹل نے کہا کہ ’’ اس ریلوے اسٹیشن کے باہر حالانکہ ۵؍ رکشا اسٹینڈ ہیں۔ یہاں سے کھانڈیشور کے مختلف سیکٹروں میں رکشا کے ذریعے مسافر آمدورفت کرتے ہیں ۔اس کے علاوہ  کھانڈیشور کالونی ، نو پاڑہ  اورکاموٹھے   جانے کیلئے بھی لوگ رکشا سے سفر کرتے ہیں ۔ حالانکہ  پنویل ریلوے اسٹیشن کے بہ نسبت  یہاں پر کم  لوگ آتے ہیں،  اس کے باوجود کھانڈیشور ریلوے اسٹیشن کے باہرنصف سے بھی زیادہ راستے پر ان رکشا والوں نے کھمبے باندھ کر قبضہ جما لیا ہے جس سے لوگوں کو چلنے پھرنے میں سخت پریشانی ہوتی ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ  ’’ یہ رکشا والے مختلف  یونین سے  وابستہ ہیں اور اس گمان میں رہتے ہیں کہ کوئی ان کا کچھ بھی  بگاڑ نہیں سکتا ۔میٹر سے کرایہ لینے کی سختی ہونے کے باوجود من مانا کرایہ وصول کرتے ہیں۔  نہ تو وردی پہنتے ہیں اور نہ ہی  بیچ لگاتے ہیں۔  بہت سے ڈرائیوروں کے پاس تو پرمٹ بھی نہیں ہے۔ کم ازکم اس جگہ پر تو ٹریفک پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی دکھائی نہیں دیتی ۔ 
   نمائندۂ انقلاب نے قریب ہی موجود ایک ٹریفک پولیس اہلکار سے اس بارے میں استفسار کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ’’ آپ کو تو  تکلیف نہیں ہے نا، آپ کیوں ٹینشن لیتے ہو۔   ٹھیک ہے،  آپ جائیں، ہم دیکھ لیں گے  ۔‘‘
  ایک مقامی شخص نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر الزام لگایا کہ ہر رکشا یونین کی طرف سے ان پولیس اہلکاروں کو  باقاعدہ  ہفتہ دیا جاتا ہے اس لئے وہ اس جانب کوئی توجہ نہیں دیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK