اکھلیش یادو نے معاملہ اٹھایا، حکومت کی خاموشی کو مشکوک قراردیا، عدالت سے از خود نوٹس لینے کی اپیل کی، ۵؍ سے ۷؍ کروڑ روپے کی چوری کا اندیشہ۔
EPAPER
Updated: June 08, 2026, 10:13 AM IST | Lucknow
اکھلیش یادو نے معاملہ اٹھایا، حکومت کی خاموشی کو مشکوک قراردیا، عدالت سے از خود نوٹس لینے کی اپیل کی، ۵؍ سے ۷؍ کروڑ روپے کی چوری کا اندیشہ۔
سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ پر بنائے گئے رام مندر میں چڑھاوے کی رقم میں کروڑوں کے گھپلے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت سے اس کا از خود نوٹس لینے اور جانچ کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اتوار کو کئے گئے سنسنی خیز ٹویٹ میں سماجوادی سربراہ نے الزام لگایا ہے کہ ایودھیا کے رام مندر میں عقیدت مندوں کے چڑھاوے سے کروڑوں روپے چوری کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی خاموشی مشکوک ہے اور عدالت کو اس معاملے کا ازخود نوٹس لینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھئے: عید الاضحی کے دن مسلمانوں کے خلاف نفرت کے ۴۶؍ واقعات، ۳؍ ہلاک: اے پی سی آر
ایودھیا سے سماج وادی پارٹی کے سابق رکن اسمبلی اور سابق وزیر پون پانڈے نے دعویٰ کیا ہےکہ ۵؍ سے۷؍کروڑ روپے تک کی چوری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چوری نہیں ہوئی تو ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری چمپت رائے سامنے آئیں اور بھگوان شری رام کی قسم کھا کر کہیں کہ یہ الزامات جھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’’اور اگر الزامات درست ہیں تو ایف آئی آر درج کرائی جائے۔ ‘‘اکھلیش یادو اور پون پانڈے کے الزامات پر بھگوا خیمہ میں ہلچل مچ گئی ہے۔ شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کے منتظم گوپال جی راؤ نے الزامات کو خارج کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان لوگوں نے کبھی مندر کے حق میں بات نہیں کی۔ الزام تو کوئی بھی لگا سکتا ہے۔ ‘‘ البتہ انہوں نے بھی الزامات کو بے بنیاد نہیں قراردیا بلکہ کہا کہ ’’ آپ جنرل سیکریٹری سے بات کیجیے۔ میں مجاز ترجمان نہیں ہوں۔ چمپت رائے سے رابطہ کریں۔ ‘‘
اکھلیش نے پوسٹ کیا ہے ’’دنیا بھر میں بھگوان رام کے عقیدت مندوں کیلئے یہ انتہائی حساس خبر ہے۔ رام مندر کے چڑھاوے کی کروڑوں روپے کی رقم غائب پائی گئی ہے۔ ‘‘ انہوں نے رام مندر ٹرسٹ کو بھی نشانہ بنایا اور لکھا کہ ’’ یہ ٹرسٹ کیلئے نہایت شرمناک ہے مگر کوئی وضاحت دینے کیلئے سامنے نہیں آ رہا ہے۔ ‘‘