Inquilab Logo

سعودی عرب میں بار ش سے راحت ، اب دمہ کا خطرہ

Updated: November 27, 2022, 10:34 AM IST | Riyadh

جدہ سب سے زیادہ متاثرہوا ، زیادہ بارش کے پیش نظر مکہ مکرمہ اور طائف سے بھی امدادی ٹیمیں طلب کی گئیں، محکمۂ صحت نے سیلاب سے متعلق گمراہ کن معلومات عام کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ، سوشل میڈیا پروائر ل اس ویڈیو کوغلط بتایا جس میں کچھ اسپتالوں کو ڈوبا ہوا دکھا یا گیا ہے

A scene of rain in Jeddah.
جدہ میں بارش کا ایک منظر۔

 سعودی عرب میں بارش تھم گئی ہے جس سے عوام کو بڑی حد تک راحت مل گئی ہے لیکن اب  دمہ خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔  دریں اثناء  جدہ کے محکمۂ صحت  نے  سیلاب سے متعلق گمراہ کن معلومات عام کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ 
 میڈیارپورٹس کے مطابق  سعودی عرب کے موسمیات کے قومی مرکز   نے بتایا کہ   اب جدہ میں  مزید بارش کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔  واضح رہےکہ سب سےز یادہ جدہ میں بارش ہوئی ہے جہاں گزشتہ دنوں سیلاب کی زد میں آکر دوافراد ہلاک ہوگئے  تھے۔ 
 موسمیات کے قومی مرکز  کے ترجمان حسین القحطانی نے  بتایا کہ جدہ میں شدید بارش سے بیشترعلاقے متاثر ہوئے  ہیں۔ موسمیات کا قومی مرکز پہلے سے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں تھا۔ متعلقہ ادارے انتباہی پیغامات جاری کررہے تھے۔  ان کے مطابق پیشگی انتظامات کے  سبب بارش کے تباہ کن اثرات پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔ ادھر سعودی ہلال احمر کے ڈائریکٹر مصطفی بلجون  نےبتایا کہ  بارش کے بعد دمہ کے مسائل پیدا ہوسکتے  ہیں۔ ایسے میں وزارت صحت نے اپنے اکاؤنٹ پر ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔ ان کے مطابق جدہ میں زیادہ بارش کے  پیش نظر مکہ مکرمہ اور طائف سے بھی امدادی ٹیمیں طلب کی گئیں۔ اس دوران مقامی شہریوں اورتارکین وطن سے اپیل کی گئی  کہ وہ بارش کے دوران متعلقہ اداروں کی ہدایات کی سختی سے پابندی کریں۔ شاہراہوں پر ڈرائیونگ کے دوران احتیاط کریں  اور ایمبولینس  گزرنے کیلئے راستہ دیں۔ قبل ازیں جدہ میں محکمۂ صحت کے ترجمان عبداللہ الغامدی نے بتایا  تھا کہ موسلا دھار بارش سے پیدا ہونے والے صحت کے مسائل سے نمٹنے کیلئے  اسپتالوں اور صحت مراکز کو  الرٹ کردیا گیا ، تاکہ بارش کے دوران حادثات سے دوچار ہونے والوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جاسکے۔ الغامدی نے  یہ کہا کہ اگر جدہ میں راستے بند ہونے کی وجہ سے کوئی شخص  اسپتا ل یا صحت مر کز نہ پہنچ پا رہا ہو تو وہ ’صحتی ایپ‘ ڈاؤن لوڈ کرکے رابطہ کرسکتا ہے۔ علاوہ ازیں۹۳۷؍ پر رابطہ کرکے  رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ 
  اسی د وران جدہ محکمۂ صحت نے  وضاحت کی ، ’’سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا یہ دعویٰ درست نہیں کہ ہمارے بعض  اسپتال بارش میں ڈوب گئے  ہیں۔ اس  طرح کی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ‘‘
  محکمۂ موسمیات نے    اپنے ٹویٹ میں جد ہ کی بارش سے متعلق اعدادوشمار کی روشنی میں بتایا  کہ جنوبی جدہ میں۱۸۲؍ ملی میٹر بارش ہوئی ہے اور یہ پورے علاقے میں سب سے زیادہ بارش کا ریکارڈ ہے۔ قومی مرکز کا کہنا ہے کہ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران جدہ کمشنری میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر۸۶ء۸؍ ملی میٹر، کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی میں۸۱ء۲؍ ملی میٹر، الورود ڈسٹرکٹ کے مرکز میں۱۴۱ء۲؍ ملی میٹر، بنی مالک  میں۹۷ء۴؍ملی میٹر، اولڈ ایئرپورٹ کے علاقے (السامر محلے) میں ۴۱ء۸؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی  گئی۔ام السلم کے علاقے میں۱۵۹ء۸؍ ملی میٹر، جنوبی جدہ میں۱۸۲؍ ملی میٹر، الفیصلیہ میں۴۷؍ ملی میٹر، الجامعہ میں ۸۵ء۸؍ ملی میٹر، ابدر بلدیہ میں۸۵ء۲؍ملی میٹر اور بدرہ میں۴۴ء۴؍ ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔‘‘ 
 دریں اثناءسعودی عرب میں موسمیات کے  قومی مرکز نے کہا  کہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ سعودی عرب کے۷؍ علاقوں میں ابھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ مکہ اور مدینہ منطقوں کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ ان دونوں منطقوں کے ساحلی مقامات پر بھی بارش کا سلسلہ  برقرار رہے گا۔قومی مرکز کا کہنا ہے کہ الجوف، حائل  ، قصیم،حدود شمالیہ اور الشرقیہ  وغیرہ کے شمالی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ مملکت کے جنوب مغربی بالائی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔قومی مرکز کا کہنا ہے کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب  اور جبکہ اتوار کی صبح  مکہ اور مدینہ منطقہ کے بعض مقامات اور سعودی عرب کے شمالی علاقوں کے بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK