سرمایہ کی کمی سے نمٹنے کیلئے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے نیلامی کے ذریعہ قابل تبدیلی شرح سود (ویری ایبل ریٹ ریپو ،وی آر آر)پر بینکاری نظام میں۸۱ ہزار ۵۹۰؍ کروڑ روپے کی عارضی لیکویڈیٹی (نقدی) فراہم کی ہے۔
سنجے ملہوترا۔ تصویر:آئی این این
سرمایہ کی کمی سے نمٹنے کیلئے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے نیلامی کے ذریعہ قابل تبدیلی شرح سود (ویری ایبل ریٹ ریپو ،وی آر آر)پر بینکاری نظام میں۸۱ ہزار ۵۹۰؍ کروڑ روپے کی عارضی لیکویڈیٹی (نقدی) فراہم کی ہے۔عارضی لیکویڈیٹی سے مراد مالیاتی یا بینکاری نظام میں نقدی کے بہاؤ میں وقتی اتار چڑھاؤ ہے جبکہ ویری ایبل ریٹ ریپو (وی آر آر) نیلامی ایک مالیاتی ذریعہ ہے جسے آر بی آئی بینکاری نظام میں قلیل مدتی لیکویڈیٹی فراہم کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔
آر بی آئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فنڈ ۵ء۲۶؍ فیصد کے کٹ آف ریٹ پر فراہم کئے گئے ہیں۔بینکاری نظام میں لیکویڈیٹی سرپلس میں تیز کمی کے باوجود فنڈس کی مانگ ایک لاکھ کروڑ روپے کی مقررہ رقم سے کم رہی۔
وی آر آر نیلامی کب ہوئی
تاہم۲۱؍ مئی کو ہونے والی گزشتہ نیلامی کے مقابلے میں جمعہ۲۲؍مئی کی نیلامی میں بینکوں کی مانگ زیادہ رہی۔فی الحال۲۱؍ مئی تک بینکاری نظام میں لیکویڈیٹی سرپلس تقریباً ۵۸؍ہزار ۸۷۶ء۲۹؍ کروڑ روپے ہونے کا اندازہ ہے جبکہ۲۰؍ مئی کو یہ۱ء۵۱؍لاکھ کروڑ روپے تھا۔
منی مارکیٹ کے ماہرین کا اندازہ ہے کہ بینکنگ نظام میں بدلتی ہوئی لیکویڈیٹی صورتحال کو سنبھالنے کیلئے آر بی آئی ایک اور وی آر آر نیلامی کا اعلان کر سکتا ہے۔
وی آر آر کیا ہے؟
وی آر آر ( ویری ایبل ریٹ ریپو یا قابل تبدیلی شرح سود) ریزرو بینک آف انڈیا کا ایک مالیاتی طریقہ کار ہے جس کے ذریعے وہ بینکوں کو مختصر مدت کیلئے رقم فراہم کرتا ہے تاکہ بینکاری نظام میں نقدی کی کمی نہ ہو۔ واضح رہے کہ جب بینکوں کے پاس روزمرہ لین دین یا قرض دینے کیلئے پیسے کم پڑنے لگتے ہیں، تو آر بی آئی انہیں کچھ دنوں کیلئے قرض دیتا ہے۔ اس عمل کو’’ریپو ‘‘ کہتے ہیں۔’ویری ایبل ریٹ ‘ میں سود کی شرح پہلے سے طے نہیں ہوتی بلکہ نیلامی کے ذریعے طے کی جاتی ہے۔ مختلف بینک اپنی ضرورت کے مطابق بولی لگاتے ہیں کہ وہ کتنی شرحِ سود پر رقم لینا چاہتے ہیں۔
ایک لاکھ کروڑ روپے کی حد مقرر تھی
۲۰، ۲۱؍ اور ۲۲؍ مئی کو آر بی آئی نے ایک لاکھ کروڑ روپے کی وی آر آر نیلامی نکالی تھی۔اس نیلامی میں الگ الگ بینکوں کو ان کی لگائی گئی بولی کی شرح پر رقم فراہم کی جاتی ہے۔