Inquilab Logo

ملک کے حالات پرآر ایس ایس جنرل سیکریٹری کا تبصرہ اچھے دنوں پر سوالیہ نشان ہے

Updated: October 04, 2022, 10:16 AM IST | Bangalore

کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ کی بی جےپی پر شدید تنقید، متنبہ کیا کہ ملک ’کارپوریٹ کے جال‘ میں پھنس رہا ہے اورعوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہاہے

Former Chief Minister HD Kumaraswamy
سابق وزیراعلیٰ  ایچ ڈی کمارا سوامی

ملک میں غربت، معاشی نابرابری اور بیروزگاری میں  اضافے پر آر ایس ایس کے جنرل سیکریٹری دتّاتریہ ہوسبولے کے  اظہار تشویش  کو جنتادل سیکولر کے لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی نے بی جےپی حکومت کے ’’اچھے دنوں‘‘  کے دعوے پر  بڑا سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔ کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ نے دتاتریہ کے مذکورہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے یکے بعد دیگرے کئی ٹویٹس کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس جو حکمراں جماعت ( بی جے پی ) کا نظریاتی مآخذ ہے،   کے اعلیٰ عہدیدار کا بیان ملک کی  موجودہ اور حقیقی صورتحال پر حکومت کو آئینہ دکھانے کے مترادف ہے۔
 کمارا سوامی نے کہا کہ ’’آر ایس ایس جس سے بی جےپی کا جنم ہوا،  کے جنرل سیکریٹری دتاتریہ ہوسبولےکا یہ بیان کہ ملک میں معاشی نابرابری، غربت اور بے روزگاری کی صورتحال سنگین ہے، ملک کی موجودہ صورتحال کا آئینہ ہے۔ اب اچھے دن پربڑا سوال کھڑا ہو گیا ہے۔‘‘ انہوں  نے کہا کہ بی جےپی کے گزشتہ  ۷۔۸؍ برسوں  میں کس کے وارے نیارے ہوئے اور کون غریب سے غریب تر ہوتا چلا گیا اس کو سمجھنے کیلئے کسی مہارت کی ضرورت نہیں ہے۔ کمارا سوامی نے نشاندہی کی کہ ’’ہوسبولے نے خود کہا ہے کہ ۲۰؍ کروڑ شہری خط افلاس سے نیچے ا ور ۴؍ کروڑ نوجوان بے روزگارہیں۔  انہوں نے سوال کیا کہ ’’پھر گزشتہ ۷؍ برسوں میں امیر کون ہوا ہے؟‘‘ یاد رہے کہ ہوسبولے نے سودیشی جاگرن منچ کے ایک ویبینار میں ملک کی موجودہ صورتحا ل پر تشویش کااظہار کیاتھا۔انہوں  نے  غربت کو ملک کیلئے ’’بہت بڑا عفریت‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کا فوری طور پر مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیاتھا۔  انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہاتھا کہ اس سے نمٹنے کیلئے گزشتہ چند برسوں میں کچھ اقدامات کئے گئے ہیں۔ مگرآرا یس ایس کے جنرل سیکریٹری نے یہ اعتراف بھی کیا  کہ ملک میں تغذیہ کی کمی ہے اور پینے کا صاف پانی اب بھی بہت سے علاقوں میں  دستیاب نہیں ہے۔ کمار سوامی نے کہا کہ ’’جب یہ سچائی ہے تو اچھے دنوں کا احتساب کرنے میں اتنا خوف کیوں  ہے؟‘‘انہوں نے کہا کہ ’’ہوسبولے نے وہی سچ کہا ہے جو کئی سرویز میں پہلے ہی سامنے آچکاہے۔‘‘کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ نے معاشی عدم مساوات میں  ابھی اور بھی اضافہ ہونے کا انتباہ دیا اور ملک کارپوریٹ کے جال میں پھنس رہا ہےجو اچھی علامت نہیں ہے۔ جنتادل سیکولر کے لیڈر نے آگاہ کیا کہ ’’عوام کی بے چینی بڑھ رہی ہے، ان کا صبر کاپیمانہ لبریز ہورہا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ بی جے پی  خواب خرگوش سے بیدار ہوجائے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK