Inquilab Logo

ستیہ پال ملک جنتر منتر پہنچے، کہا کہ کسانوں کی طرح پہلوانوں سے بھی مودی جی معافی مانگیں گے

Updated: April 27, 2023, 10:36 AM IST | new Delhi

پہلوانوں کو ۱۴؍سو گائوں والی کھاپ پنچایت کی حمایت ، آج دہلی میںدھرنے میں شامل ہوں گے

Former Governor of Kashmir Satya Pal Malik arrived at Jantar Mantar to support the women wrestlers. (Photo: PTI)
کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک جنتر منتر پر خاتون پہلوانوں کی حمایت کرنے پہنچے تھے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

 خاتون پہلوانوں کے جنسی استحصال کا معاملہ میں چوتھا دن بھی مکمل ہو گیا ہے لیکن اس مسئلہ کا کوئی حل نہیں نکلا ہےمگر اس دوران ملک کی ان مایہ ناز پہلوانوں کی حمایت میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے۔ منگل کو جہاں مختلف سیاسی پارٹیوں اور سماجی تنظیموں نے جنتر منتر پر پہنچ کر ان کی حمایت کی وہیں بدھ کو کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے جنتر منتر پر پہنچ کر ان خاتون پہلوانوں کا نہ صرف حوصلہ بڑھایا بلکہ یہ بیان دیا کہ ’’ جس طرح سے کسانوں نے مودی جی کو معافی مانگنے پر مجبور کردیا تھا اسی طرح سے وہ ان پہلوانوں سے بھی معافی مانگیں گے کیوں کہ یہ پہلوان حق پر ہیں ۔‘‘
 ستیہ پال ملک نے یہاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بالکل واضح الفاظ میں کہا کہ خاتون پہلوانوں کی یہ لڑائی صرف ان کی نہیں بلکہ ملک کی ایک ایک خاتون کی ہے۔ ہمیں ہر گھر سے ایک خاتون کو ان کی حمایت کے لئے بھیجنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ذاتی طور پر پہلوانوں کی حمایت میں اضافہ کے لئے کوششیں کریں گے ۔ ستیہ پال ملک جو پلوامہ کے تعلق سے اپنی سنسنی خیز انکشافات کے ذریعے  نے  مرکزی حکومت کی چولیں ہلاچکے ہیں، نے  خاتون پہلوانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ آپ کو دھمکیاں دی جائیں گی ، آپ کو لالچ دیا جائے گا اور آپ کے اہل خانہ کو ڈرایا دھمکایا جائے گا لیکن اگر آپ ثابت قدم رہیں تو میری یہ بات لکھ لیں کہ مودی جی خود آپ سے معافی مانگیں گے۔ انہوں نے اس دوران پلوامہ حملہ کے تعلق سے پوچھے گئے سوالوں کا بھی جواب دیا اورمختلف نیوز پورٹلس کو انٹر ویو کے دوران د ئیے گئے اپنے بیان پر قائم رہنے کا اعلان کیا۔  
کھاپ پنچایتوں نے بھی کھل کر حمایت کی 
 دوسری طرف ہریانہ کی  متعدد کھاپ پنچایتوں نے خاتون پہلوانوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ان میں سب سے بڑی کھاپ پنچایت جس کے تحت  ایک ہزار ۴۳۰؍ گائوں آتے ہیں ، نے پہلوانوں کی ہر ممکن مدد اور حمایت کا اعلان کیا۔  اس سلسلے میں کچھ بڑی کھاپ پنچایتوں نے ۲۷؍ اپریل یعنی آج  دہلی کے جنتر منتر پر پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کی وجہ سے دہلی میں کافی ہنگامہ خیز صورتحال بن سکتی ہے۔

  اس تعلق سے سرو کھاپ پنچایت کے ترجمان جگ بیر ملک نے کہا کہ ’’ہم دہلی جانے کی تیاری کررہے ہیں۔ ۲۷؍ اپریل کی شام تک ہو سکتا ہے ہم سب دہلی پہنچ جائیں۔ اس کے بعد ہم وہاں زبردست دھرنا دیں گے اور ہماری بیٹیوں کی ہر ممکن حمایت کریں گے ۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ بیٹیوں کو ایسے ستایا جانا ہمیں قبول نہیں ہے۔ جگ بیر ملک نے کہا کہ ہماری کھاپ پنچایت کے تحت ۱۴؍ سو سے زائد گائوں ہیں اور ایک بھی گائوں میں ایک بھی شخص ایسا نہیں ہے جو ہماری بیٹیوں کی حمایت میں نہیں ہے۔ ہم نے اعلان کردیا ہے کہ ہم سب دہلی جائیں گے کیوں کہ اب لڑائی ایک ’باہو بلی ‘ کے خلاف ہے اور ہم اسے جیت کر ہی دم لیں گے ۔  انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف کوئی ثبوت نہیں دیکھے ہیں اور دیکھنا چاہتے بھی نہیں ہے کیوں کہ اگر ہماری بیٹیاں اتنا سنگین الزام عائد کررہی ہیں تو اس میں سچائی ہو گی۔ ہم ہر طرح سے ان کی حمایت کریں گے ۔ اس کھاپ پنچایت کے علاوہ ۵۲؍ گائوں والی  نین کھاپ پنچایت نے بھی پہلوانوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بیٹیوں کو اس طرح سے اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ وہ خود دہلی جائیں گے اور ان کی حمایت میں دھرنے دیں گے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK