۱۰؍ ہزار افراد اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کی پاداش میں پکڑے گئے، ۲۲؍ افراد کو حج پرمٹ کے بغیر مکہ میں داخلہ کی کوشش میں گرفتار کیاگیا۔
EPAPER
Updated: May 11, 2025, 2:28 PM IST | Riyadh
۱۰؍ ہزار افراد اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کی پاداش میں پکڑے گئے، ۲۲؍ افراد کو حج پرمٹ کے بغیر مکہ میں داخلہ کی کوشش میں گرفتار کیاگیا۔
سعودی عرب میں حج کے پیش نظر سیکوریٹی فورسیز غیر قانونی طورپر ملک میں داخل ہونےوالے افراد کے خلاف حرکت میں آگئی ہیں۔ ایک ہفتے میں انہوں نے ۱۵؍ ہزار۹۲۸؍ غیر قانونی تارکین کو گرفتار کیا ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ گرفتاریاں یکم مئی سے۷؍ مئی۲۰۲۵ء کے درمیان محض ۷؍ دنوں میں ہوئی ہیں۔ سعودہ پریس ایجنسی کے مطابق گرفتار کئے گئے افراد میں سے۱۰؍ ہزار ۱۷۹؍ اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کررہے تھے جبکہ ۳؍ ہزار ۹۱۲؍ سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے اور ایک ہزار ۸۳۷؍تارکین لیبر قوانین کی خلاف ورزی کررہے تھے۔
مذکورہ عرصے میں گرفتار کئے گئے ایک ہزار ۲۴۸؍ افراد افراد کو حراست میں لیا گیا جو سرحد عبور کرکے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان میں سے۳۵؍ فیصد یمنی، ۶۳؍ فیصد ایتھوپی جبکہ ۲؍ فیصد دیگر ممالک کے تارکین تھے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے سعودی عرب میں حج سیکوریٹی فورسیز نے ’مکہ پرمٹ‘ کے بغیر۲۲؍ افراد کو غیرقانونی طورپر مکہ لے جانے کی کوشش کرنے والے مصری شہری کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے مملکت کے مختلف شہروں میں مقیم غیرملکیوں کو سختی سے ہدایت دی گئی ہےکہ کوئی بھی پرمٹ کے بغیرمکہ مکرمہ جانے کی کوشش نہ کرے۔
سیکوریٹی فورسیز کے مطابق گرفتار شدہ شخص ۲۲؍ افراد کو بس کے ذریعے مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کررہا تھا۔ تمام افراد کے پاس حج پرمٹ نہیں تھا جس کی وجہ سے انہی بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مرکزی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے جہاں اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔