مکہ مکرمہ میں سیکوریٹی فورسیز کی شاندار پریڈ، عازمین حج کی نگرانی اور سفری سہولیات کیلئے مصنوعی ذہانت کے ٹولز کی مدد لی جائے گی۔
EPAPER
Updated: May 23, 2026, 10:25 AM IST | Makkah
مکہ مکرمہ میں سیکوریٹی فورسیز کی شاندار پریڈ، عازمین حج کی نگرانی اور سفری سہولیات کیلئے مصنوعی ذہانت کے ٹولز کی مدد لی جائے گی۔
حج کے مقدس موقع پر مکہ مکرمہ میں سعودی عرب کی سیکوریٹی فورسیز نے ایک شاندار اور منظم پریڈ کا انعقاد کیا جس میں فوجی دستوں، پولیس یونٹس اور اسپیشل کمانڈوز نے بھرپور شرکت کی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں رواں سال حج کے بابرکت اور مقدس موقع کے لئےتمام تر تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ دنیا بھر سے آنے والے۲۰؍ لاکھ سے زائد عازمین حج کی حفاظت، سلامتی اور مناسک کی پرسکون ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے مکہ مکرمہ میں سیکوریٹی فورسیز کی ایک شاندار اور منظم مشترکہ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین اور سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے حج سیکوریٹی فورسیز کی حتمی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے حج سیزن کے لئے منظور شدہ فیلڈ اور انتظامی منصوبوں پر عمل درآمد کا معائنہ کیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر پبلک سیکوریٹی اور حج سیکوریٹی کمیٹی کے چیئرمین محمد البسامی نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت نے حجاج کرام کی خدمت اور سہولت کے لئے اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں وقف کر رکھی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: شام پر پابندیوں کے خاتمے کے بعد ۱۵؍ لاکھ مہاجرین وطن لوٹے، ۱۸۰۰۰؍ کمپنیاں مندرج
مکہ مکرمہ میں ہونے والی اس تقریب میں فوجی دستوں، پولیس یونٹس اور اسپیشل کمانڈوز نے بھرپور شرکت کی۔ فورسیز نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی تیاریوں، آپریشنل صلاحیتوں اور حجاج کی حفاظت کے عزم کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
تقریب کے دوران جدید ترین دفاعی سیکوریٹی گاڑیوں اور فیلڈ سپورٹ گاڑیوں کی نمائش کی گئی، سیکوریٹی ایوی ایشن کی معاونت کے ساتھ ہیلی کاپٹروں نے فضائی مانیٹرنگ کی مشقیں کیں۔ مکہ اور مدینہ دونوں مقدس شہروں میں عازمین کو پرامن ماحول فراہم کرنے کے لئے اسپیشل فورسیز کے دستوں نے پیشہ ورانہ مہارت دکھائی۔
حج کے موقع پر بھیڑ کو کنٹرول کرنے اور سیکوریٹی کو فول پروف بنانے کے لئے اس بار جدید ترین ٹیکنالوجی کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق عازمین حج کی نگرانی اور سفری سہولیات کے لئے مصنوعی ذہانت کے ٹولز اور مختلف جدید ڈیجیٹل ایپس کی مدد لی جائے گی، تاکہ مناسکِ حج کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔