Inquilab Logo

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ یورپ کا آغاز

Updated: July 27, 2022, 11:59 PM IST | Athens

یونان میں شاندار استقبال ، وزیر اعظم کریاس مٹسوٹاکسسے ملاقات ، کئی امور پر تبادلۂ خیال

Saudi Crown Prince Mohammed bin Salman, Greek Prime Minister Kirias Mitsotakis and others.
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، یونانی وزیر اعظم کریاس مٹسوٹاکس اور دیگر۔

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو ایتھنز میں یونان کے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ وہ ان دنوں اپنے کئی وزراء کے ساتھ یورپ کے دورے پر ہیں ۔ یونان کے بعد ان کی دوسری منزل فرانس ہے۔ محمد  بن سلمان نے منگل سے  اپنے دورۂ یورپ کا آغاز کیا۔ وہ پہلے یونان کے دارالحکومت ایتھنز پہنچے جہاں انہوں نے یونانی وزیر اعظم کریاس مٹسوٹاکس سے ملاقات کر کے باہمی دلچسپی کے کئی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔یونان کے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک ویڈیو میں محمد بن سلمان نے کہا، ’’میں یونان آ کر بہت خوش ہوں۔ میرے اور سعودی عرب کیلئے پر تپاک استقبال کا مطلب بہت کچھ ہے۔‘‘
 انہوں نے ایتھنز میں اپنی ملاقات کو  فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے توانائی ا ور دیگر شعبوں میں تعاون کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے اس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کے گرڈ کو یونان اور دیگر یورپی ممالک سے منسلک کر کے بہت سستی قابل تجدید توانائی فراہم کی جا سکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس منصوبے کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔ محمد بن سلمان اپنے ساتھ تاجروں اور وزراء کا ایک وفد لے کر یورپ آئے ہیں۔
 اس موقع پر مٹسوٹاکس نے کہا کہ انہوں نے اسٹریٹیجک اور فوجی تعاون کے ساتھ ساتھ سعودی سرمایہ کاری پر بھی تبادلۂ خیال کیا ہے۔ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ وہ خالی ہاتھ نہیں آئے ہیں۔ محمد بن سلمان یونان کے بعد فرانس کا سفر کر یں گے۔ واضح رہےکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے حال ہی میں ان سے جدہ میں ملاقات کی تھی جس کے دو ہفتے سے بھی کم وقت میں ان کا یہ دورہ ہو رہا ہے۔اس سے قبل سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے اطلاع دی تھی کہ ولی عہد محمد بن سلمان منگل کو یونان اور فرانس کے دورے پر روانہ ہو گئے۔۲۰۱۸ء میں استنبول میں سعودی سفارت خانے  میں سعودی نژاد امریکی صحافی جمال خشوگی  کے قتل کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سعودی شہزادے یورپ کا دورہ کر رہے ہیں۔۲۰۱۸ءمیں جمال خشوگی   کے قتل کے بعد یونان کے وزیر اعظم کریاس مٹسوٹاکس اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون دونوں ہی ریاض کا دورہ کر چکے ہیں۔
 محمد بن سلمان کا یہ یورپی دورہ امریکی صدر جو بائیڈن کے سعودی عرب کے دورے کے بعد ہو رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK