Inquilab Logo

پیر سے اسکول کھلیں گے، دیگر راحتیں دینے پر غور

Updated: January 21, 2022, 9:04 AM IST | saadat khan | Mumbai

وزیر اعلیٰ نے ہری جھنڈی دکھائی ، کورونا کے معاملات میں کمی کے بعد ممبئی سمیت مہاراشٹر کے تمام اضلاع میں اوّل تا بارہویں جماعت کے اسکول دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

The announcement of the resumption of school will increase the enthusiasm of the students.
اسکول دوبارہ شروع ہونے کے اعلان سے طلبہ کے جوش و خروش میں اضافہ ہوگا۔

ممبئی : کورونا کےمعاملات میں کمی آنےکےساتھ ساتھ تعلیمی تنظیمیںاور والدین اسکولوںکو دوبارہ شروع کرنےکامطالبہ کررہےتھے جس کے نتیجہ میں ریاستی حکومت نے بالآخرپیر، ۲۴؍جنوری ۲۰۲۲ء سے ممبئی سمیت مہاراشٹر کے تمام اضلاع میں اوّل تا بارہویں جماعت کے اسکول شروع کرنےکی اجازت دے دی ہے۔اس بارے میں ریاستی وزیر تعلیم ورشاگائیکواڑ  نےبتایا کہ  ریاست کے حالات کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ چونکہ کیسیز لگاتار کم ہو رہے ہیں اس لئے اسکول دوبارہ شروع کرنے میں ہمیں کوئی دقت نہیں ہے۔
یومیہ کیسیز میں کمی اہم وجہ 
 واضح رہےکہ گز شتہ ایک ہفتہ سے ممبئی سمیت ریاست کےد یگر اضلاع میں کوروناکے یومیہ متاثرین کی تعداد میں مسلسل  کمی  ریکارڈ کی جارہی  ہے جس کی وجہ سے متعدد تعلیمی تنظیموں کی جانب سے اسکولوں دوبارہ شروع کرنے مطالبہ کیاجارہاتھا۔ علاوہ ازیں اس معاملہ میں ریاستی وزیر صحت راجیش ٹوپے نے بھی گزشتہ دنوں اورنگ آباد میں اپنے ایک بیان میں کہاتھاکہ آئندہ ۱۵؍دنوںمیں اسکول شروع کئے جاسکتےہیں۔ ماہرین  تعلیم  اور ریاستی ٹاسک فورس کے ذمہ داران سے مشورے کےبعد وزیر تعلیم ورشاگائیکواڑ نے ۲۴؍جنوری سے اسکول شروع کئے جانے سےمتعلق ایک تجویز وزیر اعلیٰ اُدھوٹھاکرے کو روانہ کی تھی۔ جمعرات کو کابینہ کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے اس تجویز کو منظورکرلیا اورتمام تر احتیاط کے ساتھ دوبارہ اسکول شروع کرنے کی اجازت دے دی۔ جن اضلاع میں کورونا کی شکایت کم ہے وہاں کے کمشنر اور کلکٹر  کے مشورے سے اسکول شروع کئے جائیں گے اور ان اسکولوں کو شروع کرنے کا اختیار مقامی انتظامیہ کو دیاگیاہے۔
ورشا گائیکواڑنے کیا کہا ؟
  وزیر تعلیم ورشاگائیکواڑ نے  اس تعلق سے بتایا کہ ’’ ہم نے تعلیمی تنظیموں اور والدین کی بات مان لی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے خود اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لی اور تعلیم کا سلسلہ دوبارہ بحال کرنے کی اجازت دی۔ ہم جانتے ہیں کہ تعلیم ایک نسل کے لئے کتنی ضروری ہے اور کورونا کی وجہ سے یہ سلسلہ گزشتہ کچھ عرصے سے متاثر رہا ہے لیکن اب امید ہے کہ حالات مزید بہتر ہوں گے۔‘‘ وزیر تعلیم نے بتایا کہ جن علاقوں میں کورونا کا انفیکشن کم ہے وہاں ۲۴؍جنوری سے اسکول شروع ہوجائیں گے جبکہ جہاں معاملات زیادہ ہیں وہاں پر حتمی فیصلہ ضلع کلکٹر، میونسپل کمشنراور تحصیلدار کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کردی کہ اسکول شروع کرنےکافیصلہ ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے ضوابط کی بنیاد پر ہی  ہوگا۔  انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ پہلی سے بارہویں جماعت شرو ع کرنے کے ساتھ ساتھ پری پرائمری کلاسیز بھی شروع ہوں گی۔ اسکول شروع  ہونے کے بعد بھی طلبہ کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی ۔ ورشا گائیکواڑنے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ کورونا سے محفوظ رہنےکیلئے جو قواعد جاری کئے گئے ہیں ان پر سختی سے عمل  کرے اور کروائے ۔ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنےمیں کسی طرح کی تساہلی نہ برتی جائے ۔  والدین کی رضامندی کے ساتھ طلبہ کو اسکول بلایاجائے  اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ فیس کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے کوئی طالب علم تعلیم سے محروم نہ رہے۔ رہائشی اسکولوں کے تعلق سے فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ 
شہری انتظامیہ دیگر راحتوں پر بھی غور کر رہا ہے
 کوروناکےمعاملات میں متواتر کمی کودیکھتے ہوئےشہری انتظامیہ جلد ہی کچھ پابندیوںمیں راحت دینےپر غور کر رہا ہے ۔میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے کہاہےکہ اگر یہی سلسلہ جاری رہاتو ریاستی حکومت سے کچھ پابندیوںمیں  نرمی  سےمتعلق جلد ہی بات چیت کی جائے گی۔ ممبئی مضافات کے نگراں وزیر ادتیہ ٹھاکرے نےبھی ٹویٹ کیاکہ دیگر پابندیوںمیں بھی راحت دینے جانے پر غور کیا جاسکتاہے جن میں تفریحی مقامات کو دوبارہ شروع کرنا ، ہوٹلوں میں ۵۰؍ فیصد کی پابندی ختم کرنا اور رات کے کرفیو میں نرمی برتنا یا اسے پوری طرح سے ختم کرنا شامل ہے۔فی الحال ان پر غور کیا جارہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK