Inquilab Logo

تھانے کے پولیس اسٹیشن میں رکن پارلیمان سری کانت شندے کی سالگرہ منانے پرشدید تنقید

Updated: February 07, 2023, 7:42 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

پولیس اہلکاروں میں یونیفارم بھی تقسیم کیا گیا۔این سی پی برہم ، کہاکہ پھر سبھی سیاسی لیڈروں کی سالگرہ پولیس اسٹیشن میں منانے کا سرکیولر جاری ہو

Member of Parliament Sri Kant Shinde distributing uniforms to police personnel at Nowpara Police Station.
نوپاڑہ پولیس اسٹیشن میں رکن پارلیمان سری کانت شندے پولیس اہلکاروں میںیونیفارم تقسیم کررہے ہیں۔

 تھانے کے ایک پولیس اسٹیشن میں رکن پارلیمان ڈاکٹر شری کانت شندے کی سالگرہ دھوم دھام سے منانے پر  نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے شدید تنقید کی ہے ۔ این سی پی  تھانے شہر (ضلع ) کے صدر آنند پرانجپے نے طنز کرتے ہوئے مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس( ڈی جی پی)سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سبھی پولیس اسٹیشنوںمیں اراکین پارلیمان اور اراکین اسمبلی کی سالگرہ منانے کیلئے سرکیولر جار ی کریں ۔
 اس سلسلے میں آنند پرانجپے نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے فرزند رکن پارلیمان ڈاکٹر شری کانت شندے کی ۴؍فروری کو تھانے کے نوپاڑہ پولیس اسٹیشن میں انتہائی دھوم دھام کے ساتھ سالگرہ منائی گئی۔ اس موقع پر پولیس اسٹیشن میں کیک کاٹا گیا ۔  اتنا ہی  نہیں   اس تقریب میں سبھی پولیس اہلکاروں میں پولیس یونیفارم بھی تقسیم کیا گیا ۔ ہم اس طرح کی تقریب کا استقبال کرتے ہیں  اور اس تقریب میں موجود ڈپٹی پولیس کمشنر گنیش گاؤڑے کا بھی خیر مقدم کرتا ہوں۔‘‘ آنند پرانجپے نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ’’اگر ایسا ہی کرنا ہے تومہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس( ڈی جی پی)رجنیش سیٹھ  سے میری ایک ہی درخواست ہے کہ وہ  ایک سرکیولر جاری کریں جس میں اراکین پارلیمان اور اراکین اسمبلی کی سالگرہ  پولیس اسٹیشنوں میں منانے کی ہدایت دیں اور یہ بھی حکم دیں کہ اس تقریب میں اس زون کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس(ڈی سی پی) بھی حاضر رہیں۔ سالگرہ کا کیک کاٹا جائے ، ڈی سی پی عوامی نمائندے کو کیک کھلائیں اور اسی طرح عوامی نمائندہ ڈی سی پی کو کیک پیش کرے۔ اس تقریب میں اس سیاسی لیڈر کے ہاتھوں پولیس اہلکاروں کو پولیس یونیفارم بھی تقسیم کیا جائے۔ یہ سرکیولر پورے مہاراشٹر کے لئے ہو۔‘‘  انہوں نے مزید کہا کہ ’’ جہاں تک میری معلومات ہے، پولیس کی ڈیوٹی انجام دینے کیلئے پولیس یونیفارم انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ یونیفارم  ریاستی وزرات داخلہ کی جانب سے  دیئے جاتے ہیں  یہاں تک کہ اس یونیفارم کو دھونے کا بھتہ بھی پولیس اہلکاروں کو دیاجاتا ہے۔ اگر یہ پولیس یونیفارم بھی سیاسی لیڈر اور عوامی نمائندے پولیس اہلکاروں کو دینے لگیں گے تو  تھانے پولیس کی غیر جانبداری پر  بڑا سوالیہ نشان لگ سکتا ہے۔‘‘این سی پی لیڈر آنند پرانجپےکے مطابق ’’ بی جے پی کو رابوڑی  پولیس اسٹیشن  میں، کانگریس کو ورتک نگر اور اسی طرح ہمیں ( این سی پی کو)تھانے نگر پولیس اسٹیشن میں اس کی اجازت دی جائے کہ سبھی سیاسی لیڈروں کی سالگرہ اس طرح منائی جاسکے گی ۔اگر اسی طرح سیاسی پارٹیوں کی جانب سے یونیفارم تقسیم کئے جاتے رہیں گے تو اس سے وزارت داخلہ کا خرچ بچ جائے گا۔‘‘
رکن پارلیمان شری کانت شندے کی جانب سے وضاحت
 اس سلسلے میں رکن پارلیمان شری کانت شندے کے ترجمان راہل لونڈے( جنہوںنے سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا تھا) سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے بتایاکہ ’’ جو پولیس اہلکار عوام کی حفاظت کیلئے رات دن محنت کرتے رہتےہیں انہیں اگر یونیفارم تقسیم کر دیا تواس کا یہ مطلب نہیں کہ انہیں خرید لیا گیا ہے۔کئی لوگوں نے یونیفارم تقسیم کرنے کی ستائش کی ہے۔     دراصل تھانے اور ممبرا میں کارکنان این سی پی چھوڑ کر جا رہے ہیں ، وہاں سے این سی پی کا خاتمہ ہو رہا ہے اسی لئے کچھ لوگوں کے پیٹ میں درد ہو رہا ہے۔‘‘

thane Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK