• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شاہ رخ خان نے کم عمر اداکارہ کے ساتھ رومانوی منظر کی دلچسپ کہانی سنائی

Updated: November 29, 2026, 5:06 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنے فلمی کریئر کے ایک دلچسپ اور قدرے عجیب تجربے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک مرتبہ کم عمر اداکارہ کے ساتھ رومانوی منظر کی عکس بندی کے دوران انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ محبت کا اظہار کرنے کے بجائے اس سے اسکول کے ہوم ورک کے بارے میں پوچھنے والے ہوں۔

Shah Rukh Khan.Photo:INN
شاہ رخ خٓان۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنے فلمی کریئر کے ایک دلچسپ اور قدرے عجیب تجربے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک مرتبہ کم عمر اداکارہ کے ساتھ رومانوی منظر کی عکس بندی کے دوران انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ محبت کا اظہار کرنے کے بجائے اس سے اسکول کے ہوم ورک کے بارے میں پوچھنے والے ہوں۔ اداکار نے اس واقعے کو مزاحیہ انداز میں بیان کرتے ہوئے بتایا کہ فلموں میں اپنے سے کافی کم عمر اداکاراؤں کے ساتھ رومانس کرتے ہوئے انہیں عمر کے فرق کا احساس ہونے لگا تھا۔ اسی تجربے نے انہیں اپنی حقیقی عمر کے مطابق کردار ادا کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور کیا۔ شاہ رخ خان نے یہ دلچسپ واقعہ اپنی آنے والی فلم ’’کنگ‘‘کے گیت ’’ڈیڈی کول‘‘کی رونمائی کے موقع پر فلم ساز کرن جوہر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سنایا۔ ممبئی میں منعقدہ اس تقریب میں شاہ رخ خان نے فلم میں اپنے کردار، عمر کے فرق، رومانوی ہیرو کی اپنی پہچان اور مستقبل میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کرنے کی خواہش پر بھی اظہار خیال کیا۔

یہ بھی پڑھئے:’’دوران جدوجہد طبی شعبے کا تجربہ میرے لیے بہت مددگار ثابت ہوا ‘‘

شاہ رخ خان نے ایک ایسی فلم کی شوٹنگ کا ذکر کیا جس میں انہیں اپنے سے کافی کم عمر اداکارہ کے ساتھ محبت کا اظہار کرنے والا منظر فلمانا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس منظر میں اداکارہ سے رومانوی انداز میں کہہ رہے تھے کہ مجھے تم سے بہت محبت ہے، میں تمہاری آنکھوں میں کھو جانا چاہتا ہوں اور جب تمہیں دیکھتا ہوں تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے میں نے پوری دنیا دیکھ لی ہو۔لیکن اسی رومانوی مکالمے کے دوران ان کے ذہن میں ایک غیر متوقع خیال آیا۔ شاہ رخ خان نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ انہیں محسوس ہوا جیسے وہ اداکارہ سے یہ بھی پوچھ سکتے ہیں کہ ’’اور ایک بات بتاؤ، کل صبح کا ریاضی کا ہوم ورک مکمل کرلیا نا بیٹی؟‘‘ان کے اس جملے پر تقریب میں موجود افراد ہنس پڑے۔ شاہ رخ خان نے واضح کیا کہ وہ فلم یا اس اداکارہ کا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتے تاہم اس واقعہ نے انہیں یہ احساس ضرور دلایا کہ پردے پر رومانوی کردار ادا کرتے وقت ان کی اور ان کے ساتھ کام کرنے والی نوجوان اداکاراؤں کی عمروں کے درمیان فرق کافی نمایاں ہونے لگا ہے۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ اپنے سے بہت کم عمر اداکاراؤں کے ساتھ کام کرتے ہوئے عمر کا بڑھتا ہوا فرق انہیں محسوس ہونے لگا تھا۔ اسی لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب انہیں اپنی حقیقی عمر کے مطابق کردار ادا کرنے چاہئیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اب ۶۱؍ سال کے ہوچکے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایک ۶۱؍ سالہ شخص جس انداز میں اپنی زندگی گزارتا ہے، اسی طرح کے کرداروں کو پردے پر پیش کریں۔ ان کے مطابق عمر کے مطابق کردار ادا کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ ہیرو بننے کا جذبہ ختم ہوگیا ہے، بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی شخصیت، مکالمے اور اسکرین پر موجودگی ان کی موجودہ عمر کے ساتھ زیادہ فطری اور حقیقت سے قریب ہوں۔شاہ رخ خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عمر بڑھنے کے باوجود ان کے اندر ہیرو بننے کا شوق برقرار ہے۔ وہ اب بھی ایسے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں جو ناظرین کو متاثر کریں اور جن سے وہ خود بھی لطف اندوز ہوسکیں۔

یہ بھی پڑھئے:این سی پی (شرد) کے کچھ اراکین شندے کے رابطے میں!

شاہ رخ خان کے مطابق ان کی آنے والی فلم’ ’کنگ‘‘ میں ان کا نیا روپ اسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ فلم میں وہ سفید اور سرمئی بالوں کے ساتھ ایک مختلف انداز میں نظر آئیں گے۔ ان کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ ایک شخص اپنی حقیقی عمر کو قبول کرتے ہوئے بھی باوقار، پُرکشش اور ہیرو کے طور پر ناظرین کی توجہ حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ یہ جاننے کے خواہش مند تھے کہ کیا وہ ۶۰؍سال کی عمر میں بھی ہیرو کا کردار ادا کرسکتے ہیں اور ساتھ ہی اپنی حقیقی عمر کے مطابق بھی نظر آسکتے ہیں۔ فلم ’’کنگ‘‘ میں انہوں نے اسی تجربے کو آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے۔شاہ رخ خان نے اپنی بیٹی سوہانا خان کا ذکر کرتے ہوئے بھی کہا کہ فلم میں ان کی موجودگی کے باعث وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان نسل انہیں ایک ایسے والد کے روپ میں دیکھے جس کی شخصیت اور انداز عمر کے اعتبار سے موزوں ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK