Inquilab Logo

شاہ رخ آرتھر روڈ جیل پہنچے ، بیٹےآرین سے ملے

Updated: October 22, 2021, 9:25 AM IST | Mumbai

دونوں کی گفتگو شیشے کی دیوار کے سامنے بیٹھ کر انٹر کام کے ذریعے ہوئی ، شاہ رخ نے بیٹے کی ڈھارس بندھائی ،ہائی کورٹ میں ضمانت کی اپیل پر شنوائی ۲۶؍ اکتوبر کو

Bollywood superstar Shah Rukh Khan did not speak to the media outside Arthur Road Jail. (Photo: Inquilab, Shadab Khan)
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے آرتھر روڈ جیل کے باہر میڈیا سے کوئی گفتگو نہیں کی۔(تصویر: انقلاب ، شاداب خان )

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان جمعرات کی صبح اپنے بیٹے آرین خان سے ملنے آرتھر روڈ جیل پہنچے۔ آرین کو منشیات کے معاملے میں این سی بی نے حراست میں لیا ہے اور اس وقت اس کیس کے دیگر ملزمان کے ساتھ وہ  آرتھر روڈ سینٹرل جیل  میں قید  ہیں۔ شاہ رخ خان نے سیاہ فیس ماسک کے ساتھ گہرے رنگ کی ہاف گرے ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھی۔ جیسے ہی وہ جیل کے گیٹ پر پہنچے انہیں میڈیا نے گھیر لیا لیکن انہوں نے کسی کے سوالوں کا جواب نہیں دیا بلکہ جیل کے اندر چلے گئے۔  واضح رہے کہ ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست  پر شنوائی سے قبل شاہ رخ خان اپنے وکلاء کی ٹیم کے ساتھ آرین خان سے ملنے آئے تھے تاہم میڈیا کے سوالات کے باوجود  شاہ رخ خان ہاتھ جوڑ کر آگے بڑھ گئے اور کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ جیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات کافی جذباتی انداز میں ہوئی ۔  جیل کے اندر دونوں کی گفتگو ایک شیشے کی دیوار کے سامنے بیٹھ کر انٹرکام سے ہوئی۔ اس دوران آرین رو رہے تھے اور شاہ رخ خان انہیں ہر ممکن طرح سے سمجھاتے رہے اور  ان کی ڈھارس بندھانے کی کوشش کی ۔ ہر چند کہ یہ ملاقات صرف ۱۵؍ منٹ کے لئے تھی لیکن اس  دوران شاہ رخ نہایت سنجیدہ نظر آئے ۔ انہوں نے بیٹے سے اس کی خیریت پوچھی اور اس کے بعد اسے سمجھاتے رہے اور بتایا کہ اسے جلد سے جلد ضمانت دلانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔
 یاد رہے کہ آرین خان کو این سی بی نے۲؍اکتوبر کو تحویل میں لیا تھا۔۳؍ اکتوبر کو گرفتار ہونے اور گھر سے۲۰؍راتیں دور رہنے کے بعد آرین خان اور کنگ خان کی یہ دوسری ملاقات تھی ۔اس سے قبل، بیٹے کی گرفتاری کے کچھ دن بعد شاہ رخ خان نے این سی بی سے اس کے لئے اجازت لی تھی کہ وہ ایجنسی کے لاک اپ میں مختصر طور پر ہی سہی آرین سے مل سکیں۔ اس وقت آرین کی ماں گوری خان اپنے بیٹے کے  لئے کھانے کا ٹفن لے کر این سی بی کے لاک اپ پہنچی تھیں، لیکن انہیں ملنے اور کھانا دینے کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔ 
  دوسری طرف بامبے ہائی کورٹ نے ڈرگس معاملے کے ملزم آرین خان کی ضمانت کی عرضی پر سماعت کی اگلی تاریخ ۲۶؍اکتوبر مقرر کی ہے۔ آرین کے وکیل ستیش مانےشندے کی جانب سے ہائی کورٹ میں معاملے کی جلد سماعت کی درخواست کرنے کے بعد جسٹس نتن سمبرے نے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی ۔وکیل مانےشندے نے عدالت کو بتایا کہ یہ ضمانت کاایسا معاملہ ہے، جہاں عرضی گزار کی تحویل سے کوئی نشہ آور چیز برآمد نہیں ہوئی ہے اس کے باوجود اسے ضمانت نہیں دی گئی ۔ اسی لئے اب ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے جبکہ اس معاملے پر ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل انل سنگھ نے کہاکہ این سی بی کو اس عرضی کی کوئی کاپی نہیں دی گئی ہے۔ اس اعتراض پر  ایڈوکیٹ مانےشندے نے کہا کہ انہیں الیکٹرانک طریقے سے کاپی  دی گئی تھی اور اب انہیں اس کی  ہارڈ کاپی سونپی جائے گی۔ عدالت نے دونوں فریقین کو سننے کے بعد معاملے کی سماعت اگلے ہفتے منگل تک ملتوی کر دی ہے۔ اس طرح سے آرین کو اب منگل تک جیل میں ہی رہنا ہو گا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK