Inquilab Logo Happiest Places to Work

شلپا شیٹی اپنی اداکاری اور فٹنیس کیلئے شہرت رکھتی ہیں

Updated: June 09, 2026, 11:04 AM IST | Agency | Mumbai

شلپاشیٹی کندرا ایک ہندوستانی اداکارہ ہیں جو بنیادی طور پر ہندی فلموں میں کام کرتی ہیں۔ انہوں نےاپنے فلمی کریئرکا آغاز تھرلر فلم بازیگر سے کیا جو ۱۹۹۳ءمیں ریلیزہوئی تھی۔

Shilpa Shetty.Photo:INN
شلپا شیٹی ۔تصویرآئی پی ایل
شلپاشیٹی کندرا ایک ہندوستانی اداکارہ ہیں جو بنیادی طور پر ہندی فلموں میں کام کرتی ہیں۔ انہوں نےاپنے فلمی کریئرکا آغاز تھرلر فلم بازیگر سے کیا جو ۱۹۹۳ءمیں ریلیزہوئی تھی، جس نے انہیں فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین معاون اداکارہ کے لیے پہلی نامزدگی دلائی۔ ۹۰ءکی دہائی کے بقیہ حصے میں شیٹی کو وقفے وقفےسے کامیابی ملتی رہی، جیسے کہ ایکشن فلموں میں کھلاڑی تُو اناڑی (۱۹۹۴ء)اور جانور (۱۹۹۹ء) شامل ہیں۔شلپاشیٹی منگلور، کرناٹک میں ایک تُلو بولنے والےبنٹ خاندان میں،۸؍جون ۱۹۷۵ءکو پیدا ہوئیں۔ان کی والدہ سنندا اور آنجہانی والد سریندر شیٹی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے لیے ٹیمپرپروف واٹر کیپس بنانےکاکام کرتے تھے۔
 
 
رومانوی فلم دھڑکن(۲۰۰۰ء)شلپاشیٹی کے کریئرمیں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔اس کے بعد انڈین (۲۰۰۱ء) اوررشتے (۲۰۰۲ء)میں کردار ادا کیے، جس نےانہیں بہترین معاون اداکارہ کے لیے دوسری فلم فیئر نامزدگی دلوائی۔ شیٹی کو ڈرامہ پھر ملیں گے (۲۰۰۴ء) میں ایڈز کی مریضہ اور لائف ان آ میٹرو (۲۰۰۷ء)میں ایک ناخوش ازدواجی زندگی گزارنے والی خاتون کے کردار کے لیے کافی سراہا گیا۔اس کے بعدوہ ایکشن تھرلر دس (۲۰۰۵ء)اور اسپورٹس ڈرامہ اپنے (۲۰۰۷ء)میں نظر آئیں، اور دوستانہ (۲۰۰۸ء)کے گانے ’شٹ اپ اینڈ باؤنس‘ سے انہوں نے کافی توجہ حاصل کی۔اس کے بعد انہوں نے اداکاری سے وقفہ لے لیا۔ ۲۰۰۶ء میں انہوں نے ڈانس ریئلٹی شو جھلک دکھلا جا میں جج کے فرائض انجام دے کر ریئلٹی ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھا۔ ۲۰۰۷ء کے اوائل میں، شیٹی نے یو کے ریئلٹی شو سیلیبریٹی بگ برادر کی پانچویں سیریز میں حصہ لیا اور بالآخر وہ اس سیریز کی فاتح قرار پائیں۔ شو کے دوران شیٹی کواپنے کچھ ساتھیوں کی جانب سے نسل پرستانہ رویے کاسامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے انہیں بین الاقوامی میڈیا میں کافی کوریج اور توجہ ملی۔ ان کی جیت کے بعد ۲۰۰۸ء میں انہوںنے اس شو کے ہندوستانی ورژن بگ باس کے دوسرے سیزن کی میزبانی کی۔ اس کے بعد سے شیٹی کئی ڈانس اور میوزک ریئلٹی مقابلوں میں جج کے طور پر نظر آئیں، جن میں ذرا نچ کے دکھا (۲۰۱۰ء)، نچ بلیے (۲۰۱۲ءسے ۲۰۲۰ء) اور سپر ڈانسر (۲۰۱۶ سے ۲۰۲۱ء)شامل ہیں۔ انہوں نے ۲۰۲۱ءمیں کامیڈی فلم ہنگامہ۲؍سے اداکاری کی دنیامیں واپسی کی اور تب سے وہ ایکشن سیریزانڈین پولیس فورس (۲۰۲۴ء)میں مرکزی کردار ادا کر چکی ہیں۔ وہ فٹنس کی بھی بہت شوقین ہیں اور انہوں نے ۲۰۱۵ءمیںاپنی یوگا ڈی وی ڈی لانچ کی۔ وہ حکومت ہندکی جانب سے شروع کی گئی فٹ انڈیا موومنٹ جیسی کئی مہمات میں شامل ہیں۔ شیٹی کو سوچھ بھارت مشن صفائی مہم پر ان کے کام کیلئے چمپئنز آف چینج ایوارڈسے نوازا گیا۔ ۲۰۰۹ءسے ۲۰۱۵ء تک وہ انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم راجستھان رائلز کی شریک مالکن بھی رہیں۔ فروری ۲۰۰۶ءمیں شلپا شیٹی نے ہندوستان میں ایچ آئی وی ایڈزکے مسئلے سے نمٹنے کیلئے تیار کیے گئے بی بی سی ورلڈ سروس ٹرسٹ کے ایک ٹیلی ویژن شو کی حمایت کی۔ اطلاعات کے مطابق، انہوں نے ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اس میں شرکت کی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK