Inquilab Logo

سندیش کھالی میں حالات ابتر،ٹی ایم سی لیڈراجیت میتی کے گھر پر ہجوم کا حملہ

Updated: February 25, 2024, 9:26 AM IST | kolkata

مقامی مشتعل لوگوں نے شاہجہاں شیخ کے بھائی سراج الدین کے گھر کو بھی آگ لگا دی، زمین ہتھیانے کا الزام ،سی پی ایم لیڈر میناکشی مکھرجی کاسندیش کھالی کا دورہ، محمد سلیم نے بی جے پی کی پروپیگنڈہ مہم پر تنقید کی

CPM youth leader Meenakshi Mukherjee being stopped by security personnel
سی پی ایم کی یوتھ لیڈر میناکشی مکھرجی کو سیکوریٹی اہلکار روکتے ہوئے

مغربی بنگال کے شمالی۲۴؍ پرگنہ کے سندیش کھالی میں خواتین کے جنسی استحصال  کے معاملے پر ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ یہاں جمعہ کو ایک ہجوم نے ٹی ایم سی لیڈر اجیت میتی کے گھر پر حملہ کیا۔بتایا گیا ہےکہ اس دوران مشتعل ہجوم نے انہیں چپلوں سے پیٹا۔اس کے علاوہ لوگوں نے ان کی موٹر سائیکل اوران کے مکان کی باڑ کا کچھ حصہ توڑ دیا۔الزام ہے کہ اجیت میتی غیر قانونی زمینوں پر قبضے میں ملوث  ہیں اور شاہجہاں شیخ کے ساتھ ان کی ملی بھگت میں تھا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لوگوں کو منتشر کیا۔ سندیش کھالی میں ہی  مقامی مشتعل لوگوں نے  شاہجہاں  شیخکے بھائی کے گھر کو آگ لگا دی۔ گاؤں والوں نے الزام لگایا کہ شاہجہاں کے بھائی سراج الدین نے ان کی۱۴۲؍بیگھہ زمین ہتھیا لی ہے۔ یہاں پر پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر معاملہ کو ختم کیا۔ فی الحال سندیش کھالی  کے۲؍تھانہ علاقوں میں دفعہ۱۴۴؍لگا کر اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ گاؤں والوں نےاب تک ۱۲۵۰؍ سے زیادہ شکایتیں درج کرائی ہیں۔ کلیدی ملزم ٹی ایم سی لیڈر شاہجہاں شیخ کے خلاف تقریباً۱۰۰؍ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ان پر مقبوضہ زمینوں پر غیر قانونی ماہی پروری کا الزام ہے۔
میناکشی مکھرجی کا سندیش کھالی کادورہ 
 سی پی  ایم کی  یوتھ لیڈر میناکشی مکھرجی اس علاقے سے سندیش کھالی میں داخل  ہوئیں جہاں پولیس تعینات نہیںتھی ۔یہ بھی بتایا گیا ہے وہ بھیس بدل کر وہاں پہنچی تھیں اور مقامی لوگوں سے بات چیت کی  ۔  بعد میں اطلاع ملنے پر پولیس اور سیکوریٹی اہلکار وہاں پہنچےاور انہیںروکنے کی کوشش کی ۔  واضح رہےکہ سندیش کھالی میں دفعہ۱۴۴؍ نافذ ہے۔
 سی پی ایم ذرائع کے مطابق سی پی ایم کے ریاستی سیکریٹری محمد سلیم نے میناکشی اور یوتھ صدر دھرو جیوتی ساہا کو کچھ دن پہلے فون کیا تھا اور کہا کہ میں آپ کو سندیش کھالی میں دیکھنا چاہتا ہوں۔سلیم نے ان سے کہاکہ اگر میں واقعے کے اگلے دن بائک پر سوار ہو کر باگتوئی جا سکتا ہوں، تو آپ کیوں نہیں؟  دوسری جانب محمد سلیم نے سندیش کھالی میں بی جے پی کی پروپیگنڈہ مہم  پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  اس  نےڈھول پیٹ کر اور گرفتاریاں دے کر ہنگامہ کھڑا کیا۔ذرائع کے مطابق سندیش کھالی کے متاثرہ علاقے میںاب بھی سی پی ایم پارٹی کے کئی ممبران ہیں۔سندیش کھالی کے واقعے کو بی جے پی اپنے حق میں استعمال کرنا چاہتی ہے۔اس لئے سی پی آئی ایم بھی سرگرم ہوگئی ۔اس سے قبل برندا کرات نے سندیش کھالی کا دورہ کیا تھا مگر انہیں جانے نہیں دیا گیا تھا۔پولیس کے ذریعہ روکے جانے  پر میناکشی بشیرہاٹ میں ایس پی کے دفتر پہنچی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہاں کی پولیس جان بوجھ کرماحول کو دہشت  زدہ رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔

kolkata Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK