Inquilab Logo

جدہ میں حج او رعمرہ کانفرنس میں اسمرتی ایرانی کی شرکت

Updated: January 09, 2024, 11:21 PM IST | Agency | Jeddah

اس سے قبل پیر کو مدینہ منورہ کا دورہ بھی کیا، ہندوستانی شہریوں اور زائرین نے گرم جوشی سے استقبال کیا۔

Smriti with Iranian Saudi officials. Photo: INN
اسمرتی ایرانی سعودی حکام کے ساتھ۔ تصویر : آئی این این

مرکزی وزیر اسمرتی زوبن ایرانی جن کے پاس اقلیتی امور کا قلمدان بھی ہے،  نے اپنے سعودیہ دورہ میں منگل کو جدہ  شہر میں وزارت حج و عمرہ کی طرف سے منعقدہ حج و عمرہ کانفرنس اور نمائش میں وزارت اقلیتی امور اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام کے ایک وفد کی قیادت کی۔  اس سے قبل پیر کو انہوں نے مدینہ منورہ کا دورہ کیا۔  
حج و عمرہ کانفرنس اور نمائش ہر سال منعقد کی جانے والی ایک بین الاقوامی تقریب ہے اور اس بین الاقوامی کانفرنس اور نمائش کا تیسرا ایڈیشن ۸؍ تا۱۱؍  جنوری۲۰۲۴ءجدہ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس عالمی کانفرنس میں اہم فیصلہ سازوں، ماہرین، ماہرین تعلیم اور محققین کے سیشنز، ورکشاپس اور تربیتی سیمینار شامل ہیں۔ اس تقریب میں دنیا بھر کے مختلف مقامات سے وزراء اور حکام نے شرکت کی، اس کے ساتھ حج اور عمرہ کے شعبے میں مصروف نجی اور سرکاری دونوں اداروں کی نمائندگی کرنے والے۲؍سو سے زائد اداروں نے بھی شرکت کی۔
 اس سے قبل پیر کو  اسمرتی ایرانی ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت و راہنمائی کرتے ہوئے  جدہ سے میٹرو ٹرین سے  مدینہ منورہ  پہنچیں ۔ وفد میں شامل حج کمیٹی آف انڈیا کے سی  ای  او لیاقت علی آفاقی نے بتایا کہ میٹرو اسٹیشن پر مدینہ میں مقیم ہندوستانیوں اور زائرین نے انتہائی گرم جوشی سے ان کا  استقبال کیا۔  وزیر موصوف نے سب سے پہلے مسجدِ نبویؐ کی زیارت کی ۔ اس کے بعد ہندوستانی وزیر اُحد کی پہاڑیوں پر گئیں جہاں زائرین نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ مسجد نبویؐ کے بعد وزیر مسجد قبا گئیں  جہاں انھوں نے  زم زم نوش کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب میں  ہندوستانی سفیر ڈاکٹر سُہیل اعجاز خان نے وزیر موصوفہ کو تینوں مقدس مقامات کی تاریخ سے آگاہ کرایا۔ وزیر موصوفہ نے ہر مقام پر کا انتہائی باریک بینی اور دلچسپی سے جائزہ لیا اور اُن ہوٹلوں  کو بھی دیکھا جہاں حجاج قیام کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK