Inquilab Logo

جنوبی ممبئی:آج جلوس ِعاشورہ کیلئے ٹریفک نظام میں تبدیلی

Updated: July 29, 2023, 11:12 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

محمد علی روڈ، بھنڈی بازار، جے جے جنکشن، ناگپاڑہ جنکشن، صوفیہ زبیر روڈ، کھڑا پارسی ، دوٹانکی وغیرہ کی جانب سے بھنڈی بازار کی سمت ٹریفک دوپہر بعد سے بند رہے گا

Police officials are reviewing the security arrangements. Apart from the police, 150 volunteers will also be deployed.
پولیس اہلکار سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے۔پولیس کے علاوہ ۱۵۰؍رضاکار بھی تعینات رہیںگے۔

آج عاشورہ کے جلوس کے سبب بطور خاص جنوبی ممبئی کی سمت ٹریفک نظام میں تبدیلی کی گئی ہے اورممبئی آنے والے کئی راستوں کو دوپہر کےبعد سے جلوس ختم ہونے تک بند رکھا جائے گا ۔ ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ محمد علی روڈ، بھنڈی بازار، جے جے جنکشن، مولانا محمد علی جوہر چوک ، ناگپاڑہ جنکشن، صوفیہ زبیر روڈ، سینٹ میری اسکول سے پی اسماعیل مرچنٹ چوک (نسبت جنکشن )،کھڑا پارسی ، دوٹانکی وغیرہ کی جانب سے بھنڈی بازار کی سمت ٹریفک دوپہر بعد سے بند رہے گا۔شہریوںکومتبادل راستوں کے استعمال کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ ان کوشہر آنے یا واپس ہونے میںدشواری نہ ہو۔
ان راستوں کو استعمال کرنے کا مشورہ
 شہری پی ڈی میلو روڈ ، ممبئی سینٹرل ، گرگاؤں چوپاٹی ، جے جے فلائی اوور، کرناک بندر، اوتار سنگھ بیدی جنکشن، مہارانا پرتاپ چوک ڈاکیارڈ روڈ ، سات راستہ سرکل ممبئی سینٹرل ، مصطفےٰ بازار جنکشن سنت ساوتا مارگ بی اے روڈ ایس بریج ، ناگپاڑہ جنکشن،دوٹانکی ، گول دیول جنکشن ، باپو کھوٹے اسٹریٹ ، چکالا جنکشن سے بی اے روڈدادرکی سمت بھاٹیا جنکشن، واڑی بندر جنکشن،  البرٹ جنکشن ، چھترپتی شیواجی مہاراج اسٹیشن سے دادر کی جانب آنندی لال پوددار مارگ وغیرہ کا استعمال کرتے ہوئے جاسکتے ہیں۔   اس کے علاوہ ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مختلف جگہوں پرٹریفک اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے جو رہنمائی کریں گے۔
جلوسِ عاشورہ ہینکاک بریج سے گزاراجائے گا 
 ہینکاک بریج کا کام شروع ہونے کے سبب چند برس تک اس روٹ کا استعمال نہیںکیا جارہا تھا لیکن اب اسی روٹ سےجلوس گزارا جائے گا۔ڈونگری پولیس اسٹیشن میںجمعرات کو پولیس کی جانب سے اہل تشیع  کی میٹنگ بلائی گئی اور اس میںیہ وضاحت کی گئی ۔ 
پولیس کا سخت پہرہ اوررضاکاروں کی تعیناتی 
 چونکہ بھنڈی بازار میںہرسال جلوس کے وقت کچھ اندیشہ رہتا ہے ،حالانکہ افہام وتفہیم سے ماحو ل کو مزیدبہتر بنانے کی کوشش کی گئی اور اس میںکامیابی بھی ملی ا س کےباوجود احتیاط کے طور پرپولیس کا سخت بندوبست کیا گیا ہے اور باریکی سے حالات پرنگاہ  رکھنےکیلئے سی آئی ڈی اورانٹلی جنس اہلکارو ںکو بھی مامور کیا گیا ہے ۔ وہ اپنےسینئرافسران کو حالات کی جانکاری دے رہے ہیں ۔ پولیس کمشنر وویک پھنسلکر کے مطابق سوشل میڈیا کے الگ الگ گروپس پربھی نگا ہ رکھی جارہی ہے۔
۱۵۰؍رضا کار تعینات ہوںگے
 آل انڈیا ادارۂ تحفظ حسینیت کے صدر ذوالفقار زیدی نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ’’ تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور۹؍ویں محرم کی شام کو۵؍علم نکالے جاتے ہیں، وہ بھی حسب ترتیب نکالے گئےاورآج جلوس کیلئے بھی پوری تیاری کی گئی ہے۔ مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میںامام ِ حسین ؓ کے عقیدت مند پہنچ چکے ہیں۔ ‘‘
 انہوںنےیہ بھی بتایاکہ’’ جلوس کے دوران ۱۵۰؍ سے زائدرضا کار اپنی خدمات انجام دیں گے ۔ انہیںپہلے سے ان کی ذمہ داریاں بتادی گئی ہیںتاکہ دورانِ جلوس مزید بہتر نظم ہوسکے اورجلوس اہتمام سے نکلے اورکسی کو لب کشائی کا بھی موقع نہ ملے ۔جلوس برآمد ہونے سے قبل زینبیہ امام باڑہ میں آخری سجدے کی مجلس مولانا عابد بلگرامی پڑھیںگے۔

 

muharram Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK