Inquilab Logo

اسپین: ویلنشیا کی ۱۴؍ منزلہ عمارت میں آتشزدگی، ۴؍ افراد ہلاک، متعدد زخمی

Updated: February 23, 2024, 5:47 PM IST | Inquilab News Network | Madrid

گزشتہ شام اسپین کے شہر ویلنشیا میں ایک ۱۴؍ منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی جس نے چند منٹوں میں بھیانک صورت اختیار کرلی۔ اسپینی حکام کے مطابق اب تک ۴؍ افراد کے ہلاک اور ۱۴؍ افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ فائر بریگیڈ عملہ آگ پر قابو پاچکا ہے مگر عمارت کا اگلا حصہ اس قدر گرم ہے کہ اس میں داخلہ ممکن نہیں ہوسکا ہے۔

A fire breaks out in a 14-story building in Valencia, Spain. Photo: INN
ویلنشیا، اسپین کی ۱۴؍ منزلہ عمارت میں آتشزدگی۔ تصویر: آئی این این

مشرقی اسپین کے شہر ویلنشیا میں ایک ۱۴؍ منزلہ عمارت میں بھیانک آتشزدگی میں کم ا ز کم ۴؍ افراد ہلاک اور کم از کم ۱۴؍ افراد کے لا پتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس آتشزدگی میں ہلاک ہونے والوں کی تعدا د بڑھ سکتی ہے۔ 
ماہرین کے مطابق عمارت میں ۱۳۸؍ فلیٹ تھے، اور یہ عمارت انتہائی آتش گیر مادے کی چادر سےڈھکی ہوئی تھی، یہی وجہ ہے کہ شام تقریباً ۵؍ بج کر ۳۰؍ منٹ پر چوتھی منزل پر آگ لگنے کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی۔ 
بندرگاہ کے شہر کے پڑوس میں مغربی کمپانر علاقے میں واقع ایک بلند عمارت کو آگ کو شعلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا جس کے سبب عمارت سے دھوئیں کے سیاہ بادل اٹھنے کی ڈرامائی تصویر سامنے آئی۔ 
 ویلنشیا شہر کے ہنگامی سروس کےڈپٹی ڈائریکٹر جارج ساریز ٹوریس نے رات گئے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’چار افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ‘‘ 
مقامی منتظم پیلر برناب نے جمعہ کو کہا کہ ’’ ابھی تک ہمارے پاس ۱۴؍ افراد کی فہرست ہے جن کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ یہ تعداد وقت کے ساتھ تبدیل بھی ہو سکتی ہے۔ 


ویلنشیا کے صدر بلدیہ ماریہ جوز کٹالا نے کہا کہ ’’ پولیس اور پڑوسیوں سے ملے اعداد و شمارکے مطابق ۹؍ سے ۱۵؍ افرادلا پتہ ہیں ۔ ‘‘ سٹی ہال کےذرائع نے جمعرات کو کہا کہ ۱۹؍ افراد کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ 
مختلف قسم کے زخموں کے ۱۵؍ افراد کا علاج کیا گیا ہےجن میں ایک سات سالہ بچہ اور آگ بجھانے والے عملہ کے سات افراد بھی شامل ہیں۔ 
مقامی گورنر کارلوس میزون نے کہا کہ ’’۱۵؍ زخمیوں میں سےجمعہ تک چھ افراد اسپتال میں ہی تھے لیکن ان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ‘‘
حکام نے بتایا کہ آگ بجھانے کیلئے فائر فائٹر کی ۲۲؍ ٹیموں کو بلایا گیا ہے۔ 
ساریز ٹوریس نے کہا کہ آگ بجھانے والا عملہ ابھی تک عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔ وہ عمارت کے اگلے حصہ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ابھی ہم یہ نہیں بتا سکتے کہ ہم کب تک اندر داخل ہونے میں کامیاب ہو سکیں گے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK