Inquilab Logo

’یوگا ڈے‘ پر ملک بھر میں خاص اہتمام، اہم شخصیات کی شرکت

Updated: June 22, 2022, 9:30 AM IST | new Delhi

صدر، نائب صدر اور مرکزی کابینہ کے اراکین کی الگ الگ جگہوں پر منعقدہ پروگرام میں شمولیت، میسور کی خصوصی تقریب میں شریک وزیراعظم نےیوگا کو عوام کیلئے کارآمد بتایا

Vice President Venkaiah Naidu and badminton player PV Sindhu can be seen doing yoga in Secunderabad.
نائب صدر وینکیا نائیڈو اور بیڈ منٹن کھلاڑی پی وی سندھو کو سکندرآباد میں یوگا کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے

: بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر ملک بھر کے مختلف سرکاری اورنیم سرکاری اداروں میں یوگا کا خاص اہتمام کیا گیا۔ اس اہتمام کی خاص بات یہ تھی کہ صدر اور نائب صدرکے علاوہ مرکزی کابینہ کے تمام اراکین الگ الگ جگہوں پرمنعقدہ یوگاکی تقریبات میں شریک ہوئے۔  وزیراعظم نریندر مودی نے اس سلسلے کی کرناٹک کے شہر میسور میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شریک ہوکر پورے ملک کو پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ یوگا ہماری زندگی میں امن و سکون فراہم کرتاہے۔
 صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے راشٹرپتی بھون میں یوگا کی مشق کی اور ’ یوگا ڈے‘ کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’یوگا ہمارے قدیم ہندوستانی ورثے کا حصہ ہے۔ انسانیت کو ہندوستان کا یہ تحفہ صحت کے تئیں ایک جامع نقطہ نظر فراہم کرتا ہے اور ہمارے دماغ، جسم اور روح کے درمیان توازن قائم کرتا ہے۔ میں ہر ایک سے درخواست کرتا ہوں کہ یوگا کو روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنائیں اور اس کے فوائد کا تجربہ کریں۔‘‘
 نائب صدر جمہوریہ وینکیانائیڈو نے وزارت سیاحت کے زیر اہتمام سکندرآباد میں یوگا ڈے پروگرام میں شرکت کی اور یوگا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوگا کی قدیم سائنس دنیا کو ہندوستان کا ایک قیمتی تحفہ ہے اور ہر کسی کو اسے اپنی زندگی کا حصہ بنا کر اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے یوگا پر مزید تحقیق کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
 وزیر اعظم مودی نے کرناٹک کے میسور پیلس گراؤنڈ میں یوگا ڈے پر منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’یوگا اب ایک عالمی تہوار بن گیا ہے۔ یوگا صرف کسی فرد کیلئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے ہے۔ اسی لئے اس بار بین الاقوامی یوگا ڈے کا تھیم یوگا فار ہیومینٹی ہے۔ میں اس موضوع کے ذریعے یوگا کے اس پیغام کو پوری انسانیت تک پہنچانے کیلئے اقوام متحدہ اور تمام ممالک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘ انہوں  نے کہا کہ ’’یوگا آج ہمارے لئے صرف زندگی کا حصہ نہیں ہےبلکہ یوگا اب زندگی کا ایک طریقہ بنتا جا رہا ہے۔ ہمارا دن یوگا سے شروع ہو، اس سے بہتر شروعات اورکیاہوسکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ یوگا ہماری زندگی میں امن و سکون فراہم کرتا ہے۔
 مرکزی اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ اچھی صحت ہی انسان کی سب سے بڑی دولت ہے۔ انہوں نے `بین الاقوامی یوگا ڈاے کے موقع پر اتر پردیش کے فتح پور سیکری میں واقع تاریخی’پنچ محل‘ میں سماج کے تمام طبقوں کے لوگوں کی بڑی تعداد کے ساتھ یوگا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوگا اچھی صحت کے خزانے کی’سنہری کلید‘ ہے اور اچھی صحت ہی انسان کی سب سے بڑی دولت ہے۔  خیال رہے کہ مرکزی وزیروں نے ملک کے مختلف تاریخی مقامات پر یوگا کا اہتمام کیا تھا۔
مدھیہ پردیش میں ’یوگا کمیشن‘ بنانے کااعلان
 مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے  ریاست میں’یوگا کمیشن‘ تشکیل دینے کااعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے تقریباً تمام تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے یوگا کے عالمی دن پر یہاں بچوں کے ساتھ یوگا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مدھیہ پردیش میں ’یوگا آیوگ‘ بنا رہے ہیں۔ اب اسکولوں میں بھی بچوں کو یوگا سکھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کووڈکی وجہ سے ہم سب مل کر یوگا نہیں کر سکے تھے جس کا ہمیں افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی کووڈ سے متاثر ہوگیا تھا لیکن یوگا کی وجہ سے میرے جسم پر اس کا زیادہ اثر نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں روزانہ کم از کم۴۵؍ منٹ یوگا کیلئے نکالنا چاہئے۔
اجتماعی یوگا کا انعقاد محض ’پبلک ایونٹ‘ ہے
 کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے یوگا کے عالمی دن پر ملک کے مختلف حصوں میں منعقد ہونے والے اجتماعی یوگا کے پروگراموں پرطنزکرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ’پبلک ایونٹ‘  ہے۔ انہوں نےیوگا کے عالمی دن پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئےاپنے ٹویٹ میں کہا کہ’’صحت مند زندگی کیلئے یوگا مراقبہ یعنی پرانایام ضروری ہے لیکن اجتماعی یوگا کے انعقاد   صرف ’پبلک ایونٹ‘ ہوسکتے ہیں۔ کون سا یوگاسن کسے اور کس طرح کرنا چاہئے، یہ تجربہ کار یوگاٹرینرز  ہی سے سیکھناچا ہئے لیکن اس کی اس طرح مارکیٹنگ نہیں کرنی چاہئے جیسا کہ ان دنوں کیا جارہا ہے۔

yoga day Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK