Inquilab Logo

دوران پرواز اسپائس جیٹ کے ایک طیارے میں مسافر طہارت خانے میں پھنس گیا

Updated: January 17, 2024, 8:01 PM IST | New Delhi

اسپائس جیٹ کے ایک طیارے کے طہارت خانے میں ایک مسافر پھنس گیا۔ تکنیکی خرابی وجہ بتائی جارہی ہے۔ ہوائی کمپنی نے پورا کرایہ واپس کرنے کا اعلان کیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

منگل کو دوران سفر اسپائس جیٹ کے طیارے میں ایک مسافر دروازہ میں خرابی کے سبب تقریبا ایک گھنٹے تک طہارت خانہ میں بند رہا۔ اسپائس جیٹ کے تر جمان کے مطابق ممبئی سے بنگلور کیلئے اڑان بھرنے والے ہوائی جہاز میں یہ حادثہ پیش آیا۔ایئر لائن نے اس مسافر کو پورا کرایہ واپس کرنےکا وعدہ کیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ایئر لائن نے مسافر کو ہونے والی کوفت پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔
بنگلور ہوائی اڈہ پر جہاز اترتے ہی ایک انجینئر نے طہارت خانے کا دروازہ کھولا جس سے مسافر باہر آسکا۔ فوری طور پر مسافر کے بارے میں تفصیل معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ یہ حادثہ ۱۶؍جنوری کو پیش آیا تھا۔ تاہم، کمپنی نے آج اپنا بیان جاری کیا ہے۔ کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ پورے سفر میں ہمارے عملے نے مسافر کی مکمل رہنمائی کی اور ہر ممکن مدد کی کوشش کی۔ طیارہ لینڈ ہوتے ہی ایک انجینئر نے دروازہ کھولا اور مسافر کو طبی امداد فراہم کی گئی۔اس کے علاوہ بیان میں مسافر کو پورا کرایہ واپس کرنےکی بات کہی گئی ہے۔
حتی ٰکہ متعدد مسافروں کی جانب سے دسمبر ۲۰۲۳ءمیں منسوخ کی گئی پروازوں کی ٹکٹ کی رقم واپس نہ کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔جب ان شکایات کی بابت اسپائس جیٹ کے ترجمان سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ دسمبر اور اس سے قبل کی منسوخ شدہ تمام پروازوں کی ٹکٹ کی رقم واپسی کیلئے ایئر لائن نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ رقم کی واپسی کا معاملہ ٹکٹ کی بکنگ کے ذرائع پر منحصر ہوتا ہے۔ آیا مسافر نےٹکٹ کس ذریعے سے بک کرا یا تھا ایجنٹ یا پورٹل کے ذریعے،واپسی کی رقم متعلقہ ایجنٹ کولوٹانے کی کاروائی جاری ہے۔ اسپائس جیٹ کی جانب سے رقم واپسی میں ہو رہی تاخیرکے معاملے کو کئی مسافر سوشل میڈیا پر لے گئے۔ایکس پر حالیہ پوسٹ میں ڈیزائنر شیوی پال نے کہا میں اب بھی ۲۷؍ دسمبر کو وارانسی سے منسوخ ہونے والی پرواز کے کرایہ کی واپسی کا انتظار کر رہی ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK