Inquilab Logo

شیئر بازارمیں مضبوط کاروبار، نفٹی۲۰؍ہزار کے پار

Updated: November 30, 2023, 10:22 AM IST | Mumbai

سینسیکس کی۳۰؍ کمپنیوں میں سے۲۷؍ میں زبردست اچھال۔شیئر بازار کے انڈیکس نے ۷۰۰؍سےز ائد پوائنٹس کی چھلانگ لگائی

Share market
شیئر بازار

ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ میں بدھ(۲۹؍نومبر) کو طوفانی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور بازار مسلسل دوسرے دن مثبت نوٹ پر بند ہوئے۔ مارکیٹ کے دونوں بڑے انڈیکس ایک فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔ بینکنگ اسٹاک جیسے ایکسس بینک، ایچ ڈی ایف سی بینک، آئی سی آئی سی آئی بینک اور کوٹک بینک اور ریلائنس انڈسٹریز اور آئی ٹی سی کے حصص میں بھاری خریداری، جو انڈیکس میں بڑا حصہ رکھتی ہے، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا باعث بنی۔ اس کے  ساتھ ہی  بی ایس ای پر درج کمپنیوں کا مارکیٹ کیپ (ایم کیپ ) ایک ریکارڈ ہمہ وقتی سطح پر پہنچ گیا ہے، جس نے اسٹاک مارکیٹ میں خریداری کو سہارا دیا۔
مارکیٹ میں طوفانی اضافہ
 بی ایس ای کا۳۰؍ حصص والا سینسیکس ۷۲۷ء۷۱؍ پوائنٹس یا۱ء۱۰؍ فیصد کے اضافے کے ساتھ۶۶۹۰۱ء۹۱؍ پر بند ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران سینسیکس بھی ۶۶۹۴۶ء۲۸؍ پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ سینسیکس کی۳۰؍ کمپنیوں میں سے ۲۷؍ کے حصص سبز نشان پربند ہوئے جبکہ ۳؍ کمپنیوں کے حصص سرخ نشان میں رہے۔ 
۱۸؍ ستمبر کے بعد نفٹی۲۰؍ ہزار سے تجاوز کر گیا 
 اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی۵۰؍ بھی۲۰۶ء۹۰؍  پوائنٹس یا۱ء۰۴؍ فیصد اضافے کے ساتھ۲۰۰۹۶ء۶۰؍ پوائنٹس پر بند ہوا۔ یہ اس سال۱۸؍ ستمبر ۲۰۲۳ءکے بعد پہلی بار۲۰؍ ہزار کے نشان سے آگے بند ہوا ہے۔۴۰؍ نفٹی کمپنیوں کے حصص سبز رنگ میں بند ہوئے جبکہ ۱۰؍ سرخ رنگ میں بند ہوئے۔ 
فائدہ میں رہنے والی کمپنیاں 
 سینسیکس کمپنیوں میں، ایکسس بینک کے حصص میں سب سے زیادہ ۳ء۹۳؍ فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ مہندرا اینڈ مہندرا، وپرو، ایچ ڈی ایف سی بینک، آئی سی آئی سی آئی بینک، ٹاٹا موٹرس، ٹی سی ایس جیسے حصص بھی فائدہ کے ساتھ بند ہوئے۔اس سے شیئر بازار کو فائدہ پہنچا اور اس کے اشاریہ اوپر گیا۔ 
نقصان اٹھانے والی کمپنیاں
 دوسری جانب نیسلے انڈیا کے شیئرس ۰ء۵۷؍ فیصد کی زیادہ سے زیادہ گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ ٹائٹن، بجاج فنانس اور الٹرا ٹیک سیمنٹ کے حصص گراوٹ میں بند ہوئے۔
مارکیٹ میں تیزی کی وجہ
 شیئر بازار میں تیزی کی وجہ امریکی سینٹرل بینک فیڈرل ریزرو کے گورنر کرسٹوفر والر نے افراط زر کی شرح  جوں کی توں   رہنے کی صورت میں آنے والے مہینوں میں شرح سود میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ان کے بیان کے بعدمارکیٹ نے آئی ٹی اور مالیاتی اسٹاک میں خریداری کی وجہ سے رفتار حاصل کی جس کا انڈیکس میں زیادہ وزن ہے۔ اس کے بعد  امریکی ٹریزری یلڈمیں گراوٹ  کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ملکی اسٹاک مارکیٹ میں خریداری کی طرف واپسی کی، جس کا اثر مارکیٹ پر نظر آیا۔بی ایس ای پر درج کمپنیوں کی مارکیٹ کیپ۳۳۱؍ لاکھ کروڑ روپے کی اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ بینکوں، مالیاتی خدمات جیسے اسٹاک میں اضافہ ہوا۔ 
 ایف آئی آئی  خالص خریدار بنے
 غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کار (ایف آئی آئی ) ۲؍ ماہ کے بعد ہندوستانی ایکویٹی مارکیٹ میں خالص خریدار بن گئے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ۲۸؍نومبر تک۲۹ء۰۱؍ ارب روپے کے شیئرس خریدے  تھے۔ 

sensex Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK