Inquilab Logo

یوکرین میں موجود طلبہ کو ہنگری پہنچنے کی ہدایت

Updated: March 07, 2022, 10:22 AM IST | Agency | New Delhi

’آپریشن گنگا‘کے آخری مرحلے کا اعلان، ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۳؍ پروازیں

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

یوکرین میں ہندوستانی سفارتخانہ نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہاں پھنسے ہندوستانی شہریوں کے انخلاء کیلئے چلایا جانے والا  ’آپریشن گنگا‘ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔  اس کے تحت سفارتخانہ نے یوکرین میں  موجود اپنے تمام شہریوں کو گوگل فارم پر اپنی تمام تفصیلات اپ لوڈ کرنے کی ہدایت دی ہے ساتھ ہی انہیں پیر کو صبح ۱۰؍ سے ۱۲؍ بجے کے دوران ہنگری کے دارالحکومت بڈا پیسٹ میں ’ہنگیرین سٹی سینٹر‘ پر پہنچ جانے کی ہدایت دی ہے۔  ہنگری میں ہندوستانی سفارتخانہ نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’ضروری اعلان:ہندوستانی سفارتخانہ آپریشن گنگا کے تحت آج سے آخری مرحلے کی پروازوں کا سلسلہ شروع کررہاہے۔  وہ تمام طلبہ جو ان ٹھکانوں پر نہیں ہیں جن کا انتظام سفارتخانہ   نے کیا ہے بلکہ اپنی ذاتی رہائش گاہوں  پر  ہیں، سے درخواست ہے کہ وہ بڈاپیسٹ میں ہنگیرین سٹی سینٹر پر صبح ۱۰؍ سے ۱۲؍ بجے کے درمیان پہنچ جائیں۔‘‘ ایسے وقت میں جبکہ یوکرین میں روس کی جانب سے مسلسل بمباری ہورہی ہے اور سفر کے ذرائع محدود  ہوگئے ہیں، سفارتخانہ نے یہ وضاحت  نہیں کی ہے کہ طلبہ ہنگری کس طرح پہنچیں گے۔…
  اہم بات یہ ہے کہ سومی شہر میں پھنسے ہوئے طلبہ نے گزشتہ روز ویڈیو جاری کرکے شکایت کی تھی کہ انہیں وہاں سے نکالنے کیلئے سفارتخانہ کی جانب سے کوئی کوشش نہیں ہوئی ہے۔طلبہ کو خود ہی سرحدوں پرپہنچنے کی ہدایت پر بھی مودی حکومت تنقیدوں کی زد پر ہے کیوں کہ جنگ زدہ ملک میں ذرائع آمدورفت کی  عدم دستیابی کی صورت میں بمباری کے بیچ سفرا نتہائی جوکھم بھرا کام ہے۔ 
 اس بیچ کیف میں موجود ہندوستانی سفارتخانہ نے بھی یوکرین میں موجود اپنے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ ’’آپریشن گنگا‘‘ کے تحت انخلاء کیلئے اپنا نام رجسٹرڈ کروانے کیلئے وہ  مذکورہ گوگل  فارم پر کریں۔  پیغام میں کہاگیا ہے کہ ’’تمام ہندوستانی جو اب بھی یوکرین میں موجود ہیں، ان سے درخواست ہے کہ وہ (اس پیغام  کے ساتھ ) منسلک گوگل فارم پر اپنی تفصیلات جلد از جلد درج کریں۔‘‘
 اتوار کو وزارت خارجہ نے بتایا کہ اب تک آپریشن گنگا کے تحت ۶۳؍ پروازوں  کے ذریعہیوکرین  میں پھنسے ۱۳؍ ہزار ۳۰۰؍ ہندوستانی شہریوں کو وطن واپس لایاگیاہے۔ وزارت کے مطابق گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ۲۵؍ پروازوں سے ۲؍ ہزار ۹۰۰؍ افراد وطن واپس لائے گئے ہیں جبکہ  آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں میں مزید ۱۳؍ پروازیں آئیں گی۔  وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی کے مطابق اب تک ۲۱؍ ہزار افرا دکو یوکرین سے ہندوستان لایا گیاہے۔ 
 انہوں نے بتایا کہ یوکرین میں پھنسے زیادہ تر ہندوستانی واپس آچکے ہیں۔ حکومت کی توجہ اب سومی میں موجود ہندوستانی طلبہ  پر ہے جن کی تعداد ۷۰۰؍ کے قریب ہے۔ مسلسل بمباری اور روسی حملوں کے بیچ ذرائع آمدورفت کی عدم  دستیابی میں ان طلبہ کو یوکرین سے باہر نکالنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK