Inquilab Logo

’اس طرح سمن بھیجے جارہے ہیں جیسے میں ملک سے فرار ہونے والا ہوں‘

Updated: November 18, 2022, 9:46 AM IST | ranchi

جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی ای ڈی کے سامنے حاضر ہونے سے قبل تنقید،کہا:۱۰۰۰؍کروڑ کا گھوٹالہ ممکن ہی نہیں ہے

Jharkhand Chief Minister Hemant Soren
جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین

غیر قانونی کانکنی معاملے میں وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سےای ڈی کی پوچھ گچھ ۵؍ گھنٹے تک جاری رہی۔ وزیر اعلیٰ سے پوچھ گچھ کے لیے۱۰۰؍سوالات کی فہرست تیار کی گئی۔اس کے لیےدہلی سے افسران کی ایک ٹیم رانچی پہنچی۔ان سوالات میں۱۰۰۰؍کروڑ کی غیر قانونی کانکنی کا معاملہ ہے۔ منی لانڈرنگ سے متعلق سوالات شامل ہیں۔ اس کےساتھ ان کے ایم ایل اے کے نمائندے پنکج مشرا کے گھر سے ملے دستاویزات کےبارے میں بھی سوالات پوچھے جائیں گے۔خبر لکھے جانے تک وزیر اعلیٰ سے ای ڈی کے دفترمیں پوچھ گچھ جا ری ہے۔وزیراعلیٰ کیلئے کھانا ان کےگھر سے ای ڈی آفس پہنچا ہے۔ کھانے کیلئے روٹی، چاول، دال اور سبزیاں بھیجی گئی ہیں۔
 یہاں ای ڈی کی پوچھ گچھ سے پہلے سورین نے ای ڈی، مرکزی حکومت اور گورنر کو گھیرا۔ سورین نے اپنےاوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ایسے سمن بھیجے جا رہےہیں جیسے میں ملک چھوڑنے جا رہا ہوں۔ کیا بطور وزیراعلیٰ میں ملک چھوڑ سکتاہوں؟ سورین  نےمرکز پر حکومت کو گرانے کی سازش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ گورنر کو گھیرتے ہوئے کہا کہ وہ سازش کرنے والوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔
 وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے پورے معاملے میں گورنر رمیش بیس کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ گورنرالیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے گئے خط پر تاحال خاموش ہیں۔ کئی بار بات کرنے کے بعد بھی اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔مجھے میڈیا سےمعلوم ہوا کہ انہوں نے اس پر دوسری رائے مانگی ہے۔وزیراعلیٰ نے گورنر پر الزام لگایا ہے کہ وہ حکومت کےخلاف سازش کرنے والوں کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔
اتنا بڑا گھپلہ سمجھ سے بالاتر ہے
 سورین نےکہاکہ مجھے غیر قانونی کانکنی کے معاملےمیں بلایا گیا ہے۔ ۱۰۰۰؍کروڑ کے گھوٹالے کی بات ہو رہی ہے،یہ کہیں سے ممکن نہیں لگتا۔ ۱۰۰۰؍کروڑ کے گھوٹالہ کا ذکر ہوا ہے، اس کی بنیاد کیسے بنی سمجھ سےبالاترہے۔سوچنے کی ضرورت ہے کہ اتنےبڑے گھوٹالے کے لیے کتنی مائننگ کی جائے گی۔یہ الزام کہیں سےممکن نہیں۔ ایجنسی کے پاس مکمل تفصیلی معلومات ہونی چاہیے۔
حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش 
 وزیراعلیٰ نےکہا کہ سمن کا ایسا عمل جاری ہے، جیسےملک چھوڑنے والا ہوں۔ ہیمنت سورین نے کہا کہ یہ سب حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔ گورنرنےآج تک الیکشن کمیشن کی طرف سے بھیجے گئےلفافے کو نہیں کھولا۔گورنر حکومت گرانے کی کوشش کرنے والوں کو تحفظ دے رہا ہے۔
ایم ایل اے کے گھروں پر چھاپے مارے جائیں گے
 حکومت گرانے کی سازش کا الزام لگاتے ہوئےوزیراعلیٰ سورین نے کہا کہ آنے والے دنوں میںکچھ حکمراں ایم ایل ایزکےگھروں پر چھاپے مارےجائیں گے۔ مجھے اس کے بارے میں معلوم ہواہے۔ ہمیں ہراساں کرنے کیلئےتفتیشی ایجنسیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ حکومت کے قیام کے بعد سے اسے گرانے کی سازش کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK