Inquilab Logo

آستانہ مخدومؒ پرصندل پیش کرنے والوں کی چار کمیٹیوں کے ذریعے نگرانی

Updated: January 03, 2021, 9:43 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

صندل کمیٹیوں کو ٹرسٹ کے دفتر میں رجسٹریشن کروانا لازمی، درگاہ انتظامیہ کے مطابق کورونا سے متعلق ہدایات پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور امسال میلے کے بغیر صندل یا چادر پیش کرنے کے لئے محض۵؍ تا ۷؍ لوگوں کو ہی اجازت دی جارہی ہے

Mahim Dargah - Pic : Inquilab
صندل پیش کرنے کیلئے جاتے ہوئے عقیدت مند ۔ تصویر : انقلاب

امسال کورونا کے سبب جو حالات ہیں اس میں بہت سی تبدیلیاں آئی ہیں ، بہت سی چیزوں پر پابندی لگادی گئی ہے اور بہت سے پروگرام رد کردیئے گئے ہیں اور خاص طور پر بھیڑ بھاڑ پر کنٹرول کرنے کی ہر ممکن کوشش اور خاص توجہ دی جاتی ہے۔ اس حوالے سے ماہم کا۱۰؍ روزہ روایتی میلہ بھی جو ۲۰۰؍ سال پہلے شروع ہوا تھا ، امسال وہ نہیں لگا البتہ صندل پیش کرنے اور چادریں چڑھانے کے لئے درگاہ انتظامیہ کی جانب سے محدود شرکاء اجازت دی گئی ہے۔ اس ضمن میں۴؍کمیٹیوں کے ذریعے صندل یا چادر چڑھانے والوں کی نگرانی کی جاتی ہے تاکہ بھیڑ بھاڑ نہ ہو ۔
  صندل پیش کرنے والوں کے لئے یہ طریقہ اپنایا گیا ہے کہ پہلے انہیں ٹرسٹ کے دفتر میں رجسٹریشن کروانا ہوتا ہے اس کے بعد۵؍ یا ۷؍ کی تعداد میں انہیں درگاہ کے اندر جانے کی اجازت دی جاتی ہے اور پھر مجاور وہ صندل اپنے طور پر پیش کرتا ہے۔ یہ تفصیلات نمائندہ انقلاب کے استفسار کرنے پرماہم درگاہ کے ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی نے بتائیں۔ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی نے تفصیلات فراہم کرتے  ہوئے بتایاکہ ۲۹؍ دسمبر کو پولیس اور درگاہ انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے سابقہ روایات کے مطابق صندل پیش کیا گیا۔ اس کے بعد حضرت مخدوم علی مہائمی کے عقیدت مندوں کو اس کی اجازت دی گئی اور اب روزانہ۷؍، کبھی۸؍ تو کبھی۱۰؍کی تعداد میں صندل پیش کیا جاتا ہے جبکہ کورونا سے پہلے جو میلہ گزرا ہے اس میں صندل کی تعداد ایک دن میں۴۰؍ تک ہوجایا کرتی تھی۔ 
 سہیل کھنڈوانی نے چاروں کمیٹیوں کے تعلق سے یہ بھی بتایا کہ ۱۰؍ دنوں کے لئے بنائی گئی رضاکار کمیٹی، صندل کمیٹی، آستانہ کمیٹی اور سیکوریٹی کمیٹی، ان کمیٹیوں میں چار سے پانچ لوگ شامل ہیں اور ان سب کا کام آپسی تال میل کے ذریعے اس طرح سے صندل یا چادر پیش کروانا ہے کہ کوئی بد نظمی نہ ہو ، بھیڑ بھاڑ نہ ہو ، عقیدت مندوں کو کوئی دشواری نہ ہو اور کووِڈ سے متعلق جو ہدایات ہیں ان کی خلاف ورزی نہ ہو ۔ چنانچہ۳؍ دنوں سے یہ سلسلہ ترتیب کے ساتھ جاری ہے اور۷؍ جنوری تک جاری رہے گا۔
  اس کے علاوہ۴۰؍ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی اس پورے انتظام وانصرام کی نگرانی کی جاتی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بھیڑ بھاڑ پر قابو رکھنے کے لئے یہ طریقہ بھی ہوتا ہے کہ جب صندل پیش کرنے کے لئے صندل کمیٹیوں کے اراکین جاتے ہیں تو دیگر عقیدت مندوں کو تھوڑی دیر کے لئے روک دیا جاتا ہے۔ ان تمام انتظامات کا مقصد یہی ہے کہ حضرت مخدوم علی مہائمی کی عقیدت میں جو لوگ ماہم  آرہے ہیں وہ عملاً یہ پیغام بھی لے کر جائیں کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے جو گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے اس پر یہاں صد فیصد عمل کروایا جاتا ہے اور اس کے ذریعے یہ بتایا جاتا ہے کہ عقیدت مند احتیاط برتیں اور حضرت کے آستانے کا یہ پیغام عام بھی کریں کہ کورونا سے بچاؤ کا سب سے مؤثر ذریعہ سماجی فاصلہ قائم رکھنا اور دیگر ہدایات کو عملی طور پر اپنانے میں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK