Inquilab Logo

طالبان اور امریکہ کی جانب سےافغان امن معاہدے پر دستخط

Updated: March 01, 2020, 12:53 PM IST | Agency | Doha

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اورطالبان نے سنیچر کو افغانستان میں امن کیلئے ایک معاہدے پردستخط کرد یئے ہیں۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اور طالبان  نے سنیچر کو افغانستان میں امن کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کرد یئے ہیں۔ واشنگٹن حکومت کی جانب سے نمائندۂ خصوصی برائے افغان امن  زلمے خلیل زاد اورطالبان کی جانب سے ملا عبدالغنی برادر نے اس معاہدے  پر دستخط  کئے۔ اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو، مختلف ممالک اور افغانستان حکومت کا ایک وفد بھی موجود تھا۔

ملا عبدالغنی بردار اور زلمے خلیل زاد معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے  ۔ تصویر : پی ٹی آئی
ملا عبدالغنی بردار اور زلمے خلیل زاد معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے ۔ تصویر : پی ٹی آئی

  دوحہ : قطر کے دارالحکومت دوحہ میںامریکہ اور طالبان  نے سنیچر کو افغانستان میں امن کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کرد یئے ہیں۔ واشنگٹن حکومت کی جانب سے نمائندۂ خصوصی برائے افغان امن  زلمے خلیل زاد اورطالبان کی جانب سے ملا عبدالغنی برادر نے اس معاہدے  پر دستخط  کئے۔ اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو، مختلف ممالک اور افغانستان حکومت کا ایک وفد بھی موجود تھا۔
  امن کی جانب اہم قدم  ہے:پو مپیو
  دستخط کی تقریب سے قبل  مائیک پومپیو نے اپنے خطاب میں کہا کہ طالبان کے ساتھ معاہدہ امن کی جانب اہم قدم ہے۔  اب یہ فریقین کا فرض ہے کہ وہ عدم تشدد پر مبنی پالیسی اپنا کر افغانستان کو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کریں۔ پومپیو نے مذاکرات کے دوران زلمے خلیل زاد کے کردار کی بھی تعریف کی۔ اسی کے ساتھ  پومپیو نے  خبردار کیا کہ اگر طالبان نے اس  معاہدے  پر عمل درآمد نہیں کیا تو  امر یکہ  اپنی سلامتی کیلئےتمام ضروری اقدامات کرے گا۔ پومپیو نے مزید کہا کہ امن معاہدہ کے بعد افغانستان کے لوگوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود ہی کرنا ہوگا۔
’افغان قوم اسلامی نظام کے تحت ترقی کی بنیاد رکھے‘ 
 طالبان  لیڈرملا عبدالغنی  برادر نے اپنے خطاب میں کہا کہ امر یکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدہ افغانستان کی قوم اور عالمی برداری  کیلئے خوش آئند ہے۔ انہوںنے کہا کہ مجھے امید ہے کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد افغان قوم اسلامی نظام کے تحت ترقی کی بنیاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ `تمام افغان گروہوں سے اصرارکرتا ہوں کہ وہ سنجیدگی اور ایمانداری کے ساتھ تمام اختلافات کو نظر انداز کر کے ایک مشترکہ اسلامی نظام تشکیل دیں جو ملک کی ترقی کا باعث بنے۔ طالبان  لیڈر نے امن معاہدے کو یقینی بنانے میں پاکستان اور دیگر دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔
  امن کیلئے عالمی برادری ذمہ داری ادا کرے: قطر
 دوحہ میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن ثانی نے کہا کہ دوحہ سمجھتا ہے کہ افغانستان میں امن  کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا فریقین سمیت عالمی برداری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں  نےکہا کہ قطر کی حکومت نے معاہدے کو کامیاب بنانے  کیلئے اہم کردار ادا کیا  ہےجس سے افغانستان میں طویل جنگ کا خاتمہ اور پائیدار امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ وزیر  خارجہ نے مرحلہ وار مذاکرات کے ذریعے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر تمام فریقین  کی ستائش بھی کی۔
امن معاہدے کے اہم نکات 
 امن معاہدے پر دستخط  کے بعد جاری ایک  بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت طالبان اس بات کی ضمانت دیں گے کہ افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کے لئےاستعمال نہیں ہو گی۔ امریکہ کے ذریعے بھی افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلا۱۴؍ مہینوں میں مکمل ہو گا۔پہلے مرحلے میں افغانستان میں تعینات۱۳؍ ہزار امریکی  فوجیوں کی تعداد ساڑھے چار ماہ میں۸؍ ہزار۶۰۰؍ کی جائے گی ۔اس کے بعد باقی فوجیوں کا انخلا ساڑھے ۹؍ ماہ میں ہو گا۔امریکہ اور اتحادی افواج افغانستان میں ۵؍ فوجی اڈے بھی خالی کریں گے۔
 اوسلو میں بین الافغان مذاکرات سے قبل طالبان اور امریکہ ایک دوسرے کے قیدیوں کی حتمی فہرست حوالے کریں گے۔بین الافغان مذاکرات کے دوران۲۷؍ اگست تک امریکہ طالبان  لیڈروں پر عائد پابندیاں اٹھائے گا اور اقوام متحدہ بھی طالبان  لیڈروں پر سے پابندیاں ختم کرے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK