Inquilab Logo

تیجسوی یادو اپوزیشن کو متحد کرنے کیلئے سرگرم ، کئی لیڈران سے ملاقاتیں

Updated: August 13, 2022, 7:38 AM IST | patna

سونیا گاندھی ، یچوری اور ڈی راجہ سے گفتگو ،بی جے پی پر شدید تنقیدیں، دیگر لیڈروں سےبھی ملیں گے

Tejaswi Yadav and Sita Ram Yechury after the meeting. Manoj Kumar Jhadekhe can be seen with them
تیجسوی یادو اور سیتا رام یچوری میٹنگ کے بعد۔ ان کے ساتھ منوج کمار جھادیکھے جاسکتے ہیں

 بہار میں بی جے پی کے قدموں تلے کی زمین کھسکادینے والے نوجوان لیڈر اور موجودہ نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو  اب بی جے پی کا راستہ قو می سطح پر بھی مسدود کرنے کے لئے سرگرم ہو گئے ہیں۔ اسی کے تحت انہوں نے دہلی میں اپوزیشن لیڈران سے ملاقاتیں شروع کردی ہیں۔ ان ملاقاتو ں کی وجہ سے دہلی کے سیاسی حلقوں میں کافی ہلچل مچ گئی ہے جبکہ بی جے پی ان اقدامات کو بہت سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔تیجسوی یادو جو نائب وزیر اعلیٰ کا حلف لینے کے بعد گزشتہ شب ہی دہلی آئے ہیں، نے سب سے پہلے اپنے والد لالو پرساد یادو سے ملاقات کی اور ان کی خیر خیریت معلوم کرنے اور بہار میں ممکنہ  وزراء کی فہرست انہیں سونپنے کے بعد وہ کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملنے پہنچے ۔ 
کیا گفتگو ہوئی ؟
 اس ملاقات کے دوران دونوں لیڈران نے بہار کے سیاسی حالات کے ساتھ ساتھ  ملک کے موجودہ حالات پر کافی طویل گفتگوکی۔ تیجسوی نے میٹنگ کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا کہ بہار میں نتیش کمار کو اپوزیشن کے قریب لانے میں سونیا گاندھی کا بہت بڑا رول تھا۔ انہوں نے نتیش کمار سے مسلسل رابطہ رکھا اور انہیں بی جے پی کا ساتھ چھوڑنے پر آمادہ بھی کرلیا۔ تیجسوی نے اس کے ساتھ ہی بتایا کہ اب کانگریس کی صدرنے قومی سطح پر اپوزیشن کے اتحاد کی وکالت کی ہے اور وہ اس کیلئے سرگرم بھی ہونا چاہتی ہیں۔
سیتا رام یچوری اور ڈی راجہ  سے ملاقات 
 تیجسوی یادو نے کانگریس صدر سے ملاقات کے بعد انہوں نے سی پی آئی کے سینئر لیڈر سیتا رام یچوری سے بھی ملاقات کی۔ ہر چند کہ ابتدائی باتیں بہار میں حکومت سازی اور کمیونسٹ پارٹیوں کی شمولیت سے متعلق رہی لیکن اس کے بعد دونوں لیڈران نےآر جے ڈی کے راجیہ سبھا ایم پی منوج کمار جھا کی موجودگی میں قومی سطح کی سیاست اور اس میں اپوزیشن کے رول پر گفتگو کی۔ دونوں لیڈران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس وقت مرکز میں بی جے پی کو گھیرنے اور اسے جمہوری طور طریقوں پر واپس لانے کے لئے متحدہ اپوزیشن بہت ضروری ہے ۔ دونوں لیڈران نے اپوزیشن کو متحد کرنے سے متعلق کافی طویل گفتگو کی۔تیجسوی نے ایک اور سینئر کمیونسٹ لیڈر ڈی راجہ سے بھی اس تعلق سے ملاقات کی اور اپوزیشن کو متحد کرنے کے سلسلےان سے تعاون بھی مانگا۔
ای ڈی اور سی بی آئی پر تنقیدیں
 آر جے ڈی کے نوجوان لیڈر تیجسوی یادو نے ان لیڈران سے ملاقات کے بعد یہ اشارہ بھی دیا کہ وہ جلد ہی دیگر اپوزیشن لیڈران سے بھی ملیں گے اور انہیں بھی اپوزیشن کے اتحاد میں شامل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ اس دوران تیجسوی نے مرکزی حکومت کی جانب سے ای ڈی اور سی بی آئی جیسی ایجنسیوں کے استعمال پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں کیا ہوا ہے یہ سبھی نے دیکھا ، یہی کام مدھیہ پردیش میں بھی کیا گیا اور جھارکھنڈ میں بھی ہونے والا تھا  جبکہ بہار میں نتیش جی کی پوری پارٹی ہی توڑنے کی تیاری تھی۔ اس لئے ہم سب نے بی جے پی کو سبق سکھایا۔ تیجسوی نے مزید کہا کہ جو کچھ مہاراشٹر میں ہوا یا جو بہار میں ہونے والا تھا اس کے تناظر میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ بہار کے لوگ نہ ڈرپوک ہیں اور نہ بدعنوان ۔ یہاں سے ملک کی سیاست کا نیا سورج طلوع ہونے والا ہے۔ بی جے پی انتظار کرے ۔ 

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK