Inquilab Logo

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے سی آر آج سے مہاراشٹر کے ۲؍روزہ دورے پر

Updated: June 26, 2023, 11:49 AM IST | Aurangabad

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کےچندر شیکھر راؤ پیر (آج) سے مہاراشٹر کے ۲؍ روزہ دورے کے دوران پنڈھر پور اور تلجا پور مندر کےعلاقوں کا دورہ کریں گے۔

K. Chandrashekar Rao
کے چندرشیکھر راؤ

  تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کےچندر شیکھر راؤ  پیر (آج) سے  مہاراشٹر کے ۲؍ روزہ دورے کے دوران پنڈھر پور اور تلجا پور مندر کےعلاقوں کا دورہ کریں گے۔ یہ اطلاع  بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے ایک عہدیدار نے دی۔بی آر ایس اگلے سال ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل مہاراشٹر میں قدم جمانے کی کوشش کر رہی ہے۔ چندرشیکھر راؤ  جنہیں `’کے سی آر‘   سے جانا جاتا ہے، پیر کو عثمان آباد ضلع کے عمرگا پہنچیں گے اور پھر شولاپورکیلئے روانہ ہوں گے۔بی آر ایس کے عہدیدار نے بتایا کہ منگل کو وہ شولاپور کے پنڈھر پور میں بھگوان وٹھل مندر جائیں گے اور  پوجا کریں گے۔وہ شولاپور کے سرکولی گاؤں میں مقامی طور پر ترتیب دیئے گئے ایک پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔  بعد ازیں وہ  عثمان آباد کے تلجا پور کیلئے روانہ ہوں گے، جہاں وہ منگل کی سہ پہر مشہور تلجا بھوانی مندر جائیں گے۔
  واضح رہے کہ ۱۵؍جون کو بی آر ایس کے صدرکے سی آر نے اپنی  ریاست سے باہر اپنی پارٹی کی توسیع   کے اپنے  منصوبے کے تحت ناگپور میں   اپنی پارٹی کے پہلے دفتر کا افتتاح کیا۔انہوں نے مہاراشٹر میں کسانوں کی خودکشی پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور ریاست میں ترقی کے اپنے ’تلنگانہ ماڈل‘   کا عزم ظاہر کیا تھا۔راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں ۲۴؍ گھنٹے بجلی اور پانی کی فراہمی نے وہاں کسانوں کی خودکشی کو کافی حد تک کم کیا ہے۔گزشتہ سال دسمبر میں کے سی آر کی زیرقیادت پارٹی نے اپنا نام ’تلنگانہ راشٹر سمیتی‘ سے بدل کر ’بھارت راشٹرسمیتی‘ رکھ دیا  تاکہ  پورے ملک کیلئے پارٹی بننے کے اپنے ارادے کو واضح کیا جا سکے۔
 گزشتہ مہینے  ا نہوں نے مہاراشٹر میں ۴۵؍ ہزار  سے زیادہ دیہاتوں میں بی آر ایس   کے نیٹ ورک کو پھیلانے کیلئے ایک ماہ طویل پروگرام کا اعلان کیاتھا۔ انہوں نے حال ہی میں مہاراشٹر کے کچھ حصوں میں ریلیاں کی تھیں،  زیادہ تر ناندیڑ میں جہاں انہوں نے مرکز میں بی جے پی کی زیرقیادت حکومت اور مہاراشٹر میں وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت میں کسانوں اور پسماندہ افراد کو نظر انداز کرنے پر تنقید کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK