Inquilab Logo

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کو دہلی پولیس نے طلب کیا، کانگریس کے آدھادرجن لیڈروں کو نوٹس

Updated: April 30, 2024, 8:36 AM IST | Agency | New Delhi

امیت شاہ کا فرضی ویڈیو شیئر کرنے کا الزام ، دہلی پولیس نے ملک بھر سےگرفتاریوں کا اشارہ دیا، ریونت ریڈی نے اسے انہیں گرفتار کرنے کی چال بتایا۔

Telangana Chief Minister Revanth Reddy has accused the BJP of conspiring against him. Photo: INN
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے بی جےپی پر ان کیخلاف سازش کا الزام لگایا ہے۔ تصویر : آئی این این

ریزرویشن کے تعلق سے امیت شاہ کے فرضی ویڈیوکے معاملے میں اتوار کو کیس رجسٹرڈ کرنے کے بعد پیر کو دہلی پولیس نے تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ انہیں یکم مئی کو اپنا بیان درج کرانے کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان کے ساتھ ہی کانگریس کےدیگر  آدھا درجن لیڈروں کو بھی جانچ کا حصہ بننے کیلئے نوٹس دیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی اور مذکورہ لیڈروں پر  امیت شاہ کے اس ویڈیو کو ری پوسٹ یا لائک کرنے کا الزام ہے  جس  کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں  ملک  بھر سے گرفتاریوں کی تیاری کی جارہی ہے۔
  ریونت ریڈی  نے مذکورہ ویڈیو  ’ایکس ‘ ( جو پہلے ٹویٹر تھا )  پرری  پوسٹ کیا ہے۔  ریڈی نے  دہلی پولیس کے نوٹس کو انہیں بھی گرفتار کرکے جیل میں ڈالنے کی سازش کا حصہ قراردیا اور کہا کہ  وہ ایسی حرکتوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ پولیس نے ریڈی کو وہ فون بھی پیش کرنے کی ہدایت دی ہے جس  سے انہوں نے ویڈیو ری پوسٹ کیا ہے۔ اس معاملے میں شکایت انڈین سائبرکرائم کو آرڈنیشن سینٹر نےدرج کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آئین کی تبدیلی کے بیانات بی جے پی کیلئے درد سر

اس کا الزام ہے کہ کچھ ’’چھیڑ چھاڑ شدہ‘‘ویڈیو سوشل میڈیا پر گشت کررہے ہیں ’’جن کا مقصد سماج کے مختلف طبقات میں نقض امن پیدا کرنا  ہے۔‘‘ مذکورہ ’’چھیڑ چھاڑ شدہ‘‘ ویڈیو میں امیت  شاہ کو ایس سی، ایس ٹی کے ریزرویشن کی مخالفت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ 
بی جےپی آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ نے ایکس پوسٹ میں الزام لگایا ہے کہ کانگریس کی تلنگانہ یونٹ امیت شاہ کے مذکورہ ویڈیو کو پھیلارہی ہے جو نہ صرف  بنایا ہوا ہے بلکہ اس کی وجہ سے بڑے پیمانے پرتشدد بھی پھوٹ سکتا ہے۔  بی جےپی نے ہی اس ضمن میں  شکایت درج کرائی ہے۔  دہلی پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ ۱۵۳؍ اور ۱۵۳(اے) کے علاوہ کئی دفعات کے تحت سخت مقدمہ درج کیا ہےا ور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو نوٹس دے کر یہ بتانے کیلئے بھی کہا ہے کہ اس ویڈیو کاآغاز کہاں سے ہوا اور کن کن لوگوں نے اسے شیئر کیا۔ دہلی پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ’’ہم نے جانچ اور اصل ملزم کی گرفتاری کیلئے کئی ٹیمیں بنائی ہیں۔ ہم نے ’ایکس‘اورسوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمس کو بھی نوٹس بھیجا ہے۔‘‘ پولیس کے رویے کو دیکھتے ہوئے کانگریس کے کئی لیڈروں  ، کارکنوں  اور ہم خیال افراد کی گرفتاری کا اندیشہ ظاہر کیا جارہاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK