• Wed, 14 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیمبا باؤما کو بطور ٹیسٹ کپتان پہلی شکست، آسٹریلیا کی ۲۱۴؍ رنزسے فتح

Updated: October 13, 2026, 9:28 PM IST | Durban

آسٹریلیا نے ڈربن کے کنگزمیڈ میدان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان جنوبی افریقہ کو ۲۱۴؍ رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں۰۔۱؍ کی برتری حاصل کرلی۔ اس شکست کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باؤما کا ٹیسٹ کرکٹ میں ناقابلِ شکست رہنے کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا۔

Temba Bavuma.Photo:INN
ٹیمبا باؤما۔ تصویر:آئی این این

آسٹریلیا نے ڈربن کے کنگزمیڈ میدان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان جنوبی افریقہ کو ۲۱۴؍ رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں۰۔۱؍ کی برتری حاصل کرلی۔ اس شکست کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باؤما کا ٹیسٹ کرکٹ میں ناقابلِ شکست رہنے کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا۔ باؤما کی قیادت میں جنوبی افریقہ نے اس سے قبل ۱۲؍ ٹیسٹ میچوں میں ۱۱ ؍ فتوحات حاصل کی تھیں  جبکہ ایک مقابلہ برابر رہا تھا۔ آسٹریلیا کی اس شاندار کامیابی میں بلے باز میٹ رینشا اور تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ نے اہم کردار ادا کیا۔

 
آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں ۳۹۰؍  رنز بنائے، جس میں میٹ رینشا نے شاندار ۱۹۰؍  رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی عمدہ بلے بازی نے آسٹریلیا کو بڑا اسکور بنانے میں مدد دی۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں ۲۸۴؍  رنز پر آؤٹ ہوگئی اور آسٹریلیا کو ۱۰۶؍  رنز کی اہم برتری حاصل ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ بیڈنگھم نے ۴۹ ؍ رنز بنائے، جبکہ ایڈن مارکرم اور ٹرسٹن اسٹبس نے بھی کچھ مزاحمت کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دیگر گیند بازوں نے بھی جنوبی افریقی بلے بازوں پر دباؤ برقرار رکھا۔  

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا دورے کے لیے آرچر اور بیتھل کی انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم میں واپسی

پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ۳۱۴؍  رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ میٹ رینشا نے ایک بار پھر جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ۹۹؍  گیندوں پر ۸۲؍  رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو بڑا ہدف مقرر کرنے میں مدد دی۔ اس طرح جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے ۴۲۱ ؍ رنز کا مشکل ہدف ملا۔  
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ابتدائی بلے باز جلد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان ٹیمبا باؤما بھی صرف ایک رن بناکر میٹ رینشا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ رینشا کے لیے یہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی وکٹ بھی تھی۔ دوسری جانب ایڈن مارکرم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ۷۵ ؍ رنز بنائے اور ویاَن ملڈر نے ۲۹ ؍ رنز کے ساتھ کچھ دیر تک مزاحمت کی، لیکن آسٹریلیا کے گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ پوری ٹیم ۲۰۶؍  رنز پر سمٹ گئی۔ 

یہ بھی پڑھئے:موہن لال نے اجے دیوگن کی فلم ’’دِرِیشیم ۳‘‘ کی تعریف کی

آسٹریلیا کی جیت میں جوش ہیزل ووڈ سب سے نمایاں رہے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں صرف ۴۹ ؍ رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں اور میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔ میٹ رینشا کی آل راؤنڈ کارکردگی بھی قابلِ ذکر رہی، جنہوں نے دونوں اننگز میں ۱۹۰؍  اور ۸۲ ؍ رنز بنانے کے علاوہ اہم وکٹ بھی حاصل کی۔ ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں۰۔۱؍ کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ۱۸ ؍  اکتوبر سے گکیبرہا کے سینٹ جارج پارک میں کھیلا جائے گا، جہاں جنوبی افریقہ کی ٹیم شکست کا ازالہ کرنے اور سیریز برابر کرنے کی کوشش کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK