Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی ای ٹی پیپر لیک پر اپوزیشن کی تنقید، شدید برہمی کا اظہار

Updated: June 28, 2026, 5:08 PM IST | Mumbai

ابو عاصم اعظمی کےمطابق حکومت طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کر رہی ہے۔ آدتیہ ٹھاکرے، سپریہ سلے اور ورشاگائیکواڑ کی بھی تنقید۔

Abu Asim Azmi . Photo: INN
ابو عاصم اعظمی۔ تصویر: آئی این این

اساتذہ کی اہلیت کے ٹیسٹ ٹی ای ٹی کا پرچہ امتحان کے ۲؍روز قبل لیک ہونے پر اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر شدید تنقیدیں کی جارہی ہیں ۔ پیپر لیک کو طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ قرار دیا جارہا ہے۔ 
حکومت طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کررہی ہے 
بھیونڈی میں ٹی ای ٹی امتحان کے پیپر لیک ہونے پر سماجوادی پارٹی کےمہاراشٹر کے صدر و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہےکہ’’ حکومت طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔ حکومت شفافیت کے وعدے کرتی ہے لیکن وہ صرف باتیں کرتی ہے، وعدہ پورا نہیں کیا جاتا۔ امتحانات شفاف طریقے سے منعقد ہو سکے اس کیلئے سرکارکا کوئی کنٹرول نہیں، ان کے تمام اہلکار کرپٹ ہیں، اور ہر طرف بدعنوانی عروج پر ہے۔ ‘‘
پیپر لیک روکنے پر توجہ دی جائے
شیو سینا(ادھو) کےلیڈر اور رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نےایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہاکہ ’’ نیٹ کا پیپر لیک ہوا، ایم پی ایس سی کا پرچہ پچھلے کچھ برسوں میں لیک ہوا اور اب ٹی ای ٹی کا پرچہ لیک ہوا۔ آئین کو تبدیل کرنے کیلئے پارٹی کو تقسیم کرنے کے بجائے، بی جے پی کو بار بار پیپر لیک ہونے کو روکنے پر توجہ دینی چاہئے تھی۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: پھر پرچہ لیک، پھر امتحان رد، پہلے نیٹ اَب ٹیٹ

کیا اب مسابقتی امتحان منعقد کرنے کیلئے نظر نہ آنے والی سپر پاور کی ضرورت ہے!
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد) کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سلے نے ٹی ای ٹی پیپر لیک ہونے کے بعد حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ریاست کو اب امتحانات کے صحیح طریقے سے انعقاد کیلئے ایک نظر نہ آنے والی سپرپا ور کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نےٹی ای ٹی اور نیٹ دونوں امتحانات کو محفوظ طریقے سے منعقد کرنے میں حکومت کی نااہلی کی نشاندہی کی۔ 
پیپرلیک معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے قصورواروں کو سخت سزا دی جائے: ورشا گائیکواڑ
اس معاملے پر سابق وزیرِ تعلیم اور رکنِ پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کیا بی جے پی اور مہایوتی حکومت ایک امتحان بھی بغیر پرچہ لیک کئے منعقد نہیں کرا سکتی؟ 
انہوں نے کہا کہ پرچہ لیک کے مسلسل واقعات نے مہاراشٹر کی ساکھ کومتاثرکیا۔ اس پورے ریکیٹ کی جڑ تک پہنچ کر اصل ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کیا جائے اور طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والوں کو ایسی سخت سزا دی جائے کہ آئندہ کسی کی پرچہ لیک کرنے کی ہمت نہ ہو۔ ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ امتحان کے دوران امیدواروں کے لباس تک کیلئے سخت قوانین نافذ کئےجاتے ہیں۔ ان کے جوتے تک اتروا لئے جاتے ہیں اور امتحان کے نام پر طلبہ کے ساتھ نہایت سخت اور نامناسب برتاؤ کیا جاتا ہے لیکن حکومت ایک بھی امتحان پرچہ لیک ہوئے بغیر منعقد نہیں کرا سکتی؟ حکومت کی ذمہ داری آخر کہاں ہے؟ اس سے قبل نیٹ پرچہ لیک کے معاملے کے روابط بھی مہاراشٹر میں سامنے آئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK