Inquilab Logo

تھانے :پیر سے شہریوں کوروزانہ ۵۰؍ملین لیٹر اضافی پانی کی سپلائی

Updated: July 30, 2022, 9:11 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ریاست کے محکمۂ آبپاشی نے پیر یکم اگست سے تھانے کے شہریوں کیلئے روزانہ ۵۰؍ ملین لیٹر (ایم ایل ڈی) اضافی پانی فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

Additional water will also be supplied to the police station from Bhatsa Dam.
بھاتسا ڈیم سے بھی تھانے کو اضافی پانی سپلائی کیا جائے گا۔
ریاست کے محکمۂ آبپاشی نے پیر یکم اگست سے تھانے کے شہریوں کیلئے روزانہ ۵۰؍ ملین لیٹر (ایم ایل ڈی) اضافی پانی فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے یہ اطلاع دی ۔ اس اضافی پانی سپلائی سے شہریوں کو پانی کی قلت سے بڑی راحت ملنے کی امید ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ٹویٹر پریہ بھی کہا کہ حال ہی میں تھانے ضلع میں پانی کے مسئلے کا جائزہ لینے کیلئے سہیادری گیسٹ ہاؤس میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں انہوں نے ریاستی محکمۂ آبپاشی کو تھانے شہر کو اضافی پانی فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے مطابق ریاست کے محکمہ آبی وسائل نے۵۰؍ ایم ایل ڈی اضافی پانی سپلائی کی منظوری دی ہے۔ اس طرح تھانے شہر کو بڑی راحت ملی ہے۔ درحقیقت تھانے شہر میں آبادی تیزی سے بڑھتی جارہی ہے جس کی وجہ سے تھانے میونسپل کارپوریشن کو نئے علاقوں کے شہریوں کو پانی سپلائی میں دقتیں پیش آرہی ہیں لیکن اب اضافی پانی دستیاب ہونے سے اس کی یہ پریشانی کم ہوجائے گی۔ تھانے شہر کو روزانہ۴۸۵؍ ملین لیٹر پانی فراہم کیا جاتا ہے لیکن نئی آبادی کیلئے جھیلوں سے سپلائی کئے جانے والے پانی میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہےجس کی وجہ سے متعدد علاقوں میں پانی کی قلت بڑھتی گئی اور شہر ی انتظامیہ اورٹی ایم سی میں برسر اقتدار پارٹیوں کی جانب سے اضافی پانی سپلائی کا مطالبہ ریاستی حکومت سے کیاجانے لگاتھا۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے بھی اس مطالبہ سے مطمئن تھے کیونکہ انہوںنے بھی متعدد مرتبہ تھانے شہر کو پانی سپلائی میں اضافہ کرنے کی سفارش کی تھی۔یاد رہے کہ اس سلسلے میں ۱۶؍ جولائی کو سہیادری میں منعقدہ میٹنگ میں محکمۂ آبپاشی کے افسران کو وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی تھی کہ تھانے شہر کیلئے بھاتسا اور باروی ڈیم سے اضافی ۵۰، ۵۰؍  ملین لیٹر اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی) سے اور ممبئی میونسپل کارپوریشن کے کوٹے سے ۲۰؍ ملین لیٹر پروسیس شدہ پانی تھانے کے کوپری اور واگلے اسٹیٹ علاقوں کو فراہم کریں۔ اسی طرح دیوا علاقے کیلئے اضافی ساڑھے ۶؍ ملین لیٹر پانی سپلائی کرنے کا نظم کیا جائے۔ تھانے میں پانی کی کم سپلائی کے پیش نظر باروی اور بھاتسا ڈیم سے اضافی پانی حاصل کرنے کی کوشش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔ باروی ڈیم کی اونچائی بڑھانے کے بعد شہری انتظامیہ کا اصرار تھا کہ شہر کو اس ڈیم سے ۱۰۰؍ ملین لیٹر پانی ملنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ شندے نے یہ بھی ہدایت دی تھی کہ محکمۂ آبپاشی اضافی پانی ذخیرہ کرنے کے لئے فوری کارروائی کرے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ آبی وسائل ، ایم آئی ڈی سی اور مہاراشٹر جیون پردھی کرن کو کلیان ڈومبیولی، میرابھائندر، الہاس نگر اور تھانے کے ساتھ ساتھ باقی اضلاع میں پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنےکے لئے ضروری کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ ایم ایم آر ڈی اے کو میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے سوریہ ڈیم سے ۲۱۸؍ ملین لیٹر پانی سپلائی کرنے کیلئے فوری کارروائی کرنا کا حکم دیاگیاہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ایم آئی ڈی سی کو الہاس نگر میونسپل کارپوریشن کے پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے مناسب منصوبہ بندی کی ہدایت بھی دی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا تھاکہ تھانے ضلع کو پانی سپلائی کرنے والے واٹر چینلز کی مرمت کی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع میں تجویز کردہ واٹر سپلائی اسکیموں، کالو اور شائی ڈیم کے کاموں کا بھی جائزہ لیا اور ان کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت دی ۔ واضح رہے کہ تھانے کے نگراں وزیر سے وزیر اعلیٰ بننے والے ایکناتھ شندے کی حکومت نے تھانے شہر کی ترقی اور پانی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ۶۰؍ کروڑ روپے حال ہی میں منظور کئے ہیں جس کی پہلی قسط ۵؍ کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت بھی دے دی گئی تھی۔ اس فنڈ سے شہر کے ۱۰۰؍ سے زیادہ پرانے کنوؤں کو قابل استعمال بنایا جائے گا۔
thane Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK