Inquilab Logo

بی جےپی کے انتخابی منشور میں ملک بھر میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کا وعدہ

Updated: April 14, 2024, 11:09 PM IST | Ahmadullah Siddiqui | New Delhi

ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب دکھایاگیا مگر بیروزگاری اور مہنگائی پر خاموشی، ۵؍ کلومفت اناج آئندہ ۵؍ سال تک جاری رکھنے کا اعلان۔

Prime Minister Modi releasing the election manifesto. Photo: INN
وزیراعظم مودی انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

بی جے پی  نے اتوار کو اپنا انتخابی منشور جاری کردیا جس میں ’ترقی یافتہ ہندوستان‘ کا خواب  تودکھایاگیاہے مگر بیروزگاری اور مہنگائی جیسے سنگین مسائل پر خاموشی اختیار کی گئی ہے البتہ اعلان کیاگیاہے کہ اگر مودی تیسری بار وزیراعظم بنے تو  ملک بھر میں یونیفارم سول کوڈ نافذ کردیا گیا ہے۔ منشور میں سی اے اے کے نفاذ کا بھی وعدہ کیاگیا ہے مگر این آر سی پر خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ اسی طرح  غریبوں کو لُبھانے کیلئے آئندہ ۵؍ برسوں تک ماہانہ ۵؍ کلو مفت اناج کی اسکیم جاری رکھنے کاوعدہ کیاگیاہے۔ نئی دہلی میں پارٹی کے دفتر میں وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ’’سنکلپ پتر‘‘ کے عنوان سے جو منشور جاری کیا ہے اس میں  دعویٰ کیا گیا ہے کہ خواتین کواس وقت تک مساوی حقوق نہیں ملیں گی جب تک کہ سبھی کیلئے یکساں قانون کو نافذ نہیں کیا جائے۔ وزیراعظم مودی نے  منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے پارٹی کا سنکلپ پتر پیش کر رہے ہیں جس کا ملک کو شدت سےانتظار تھا۔ منشور میں ون نیشن ون الیکشن کے نفاذ کی بات بھی کہی گئی ہے اور یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ ۷۰؍سال سےزائد عمر کے ہر طبقہ کے افراد کو آیوشمان بھارت کے دائرے میں لایاجائے گا اور انہیں ۵؍لاکھ روپے  تک کے مفت علاج کی سہولت دی جائے گی۔ وزیر اعظم نے  کہا کہ جیسے ہی الیکشن کے نتائج کا اعلان ہوگا،ہم منشور میں کئے گئے وعدوں کو پوراکرنے کیلئے کام شروع کردیں گے۔ہم نے پہلے ہی ۱۰۰؍ روز کاایکشن ہلان تیار کرلیا۔ منشور میں وعدہ کیا گیا کہ ہندوستان کو فوڈ پراسیسنگ کا مرکز بنایا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو سالانہ ۶؍ ہزار روپے ملتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK