Inquilab Logo Happiest Places to Work

کریمی لائبریری میں منعقدہ نمائش میں خطاطی کے نمونے توجہ کا مرکز رہے

Updated: October 06, 2022, 9:54 AM IST | saadat khan | Mumbai

’پیغمبرمحمدؐ سب کیلئے ‘ مہم کے تحت منعقدکی گئی نمائش میں ممبئی ، بھیونڈی ، مالیگاؤں ، ایولہ ، اورنگ آباد ، دھولیہ ، شہادہ ، اکولہ ، سورت اور گلبرگہ کے خطاط نے آپؐکے اسم گرامی اور القابات کے فنی نمونے پیش کئے۔ لاک ڈاؤن میں خطاطی کورس مکمل کرکے اس کی آن لائن کلاس چلانے والی انگریزی میڈیم کی طالبہ نےبھی حصہ لیا

Calligraphers from different cities sharing their art samples
مختلف شہروں سے آئے ہوئے ماہرخطاط اپنے فنی نمونے بتاتے ہوئے

:  ملّی ،سماجی اور سیاسی تنظیموں کے ذریعے جاری ’پیغمبر محمد ؐ سب کیلئے ‘‘مہم کےتحت کریمی لائبریری، انجمن اسلام اسکول ،سی ایس ٹی میں گزشتہ ہفتے ’اسم محمد ؐ  مع القابات‘ پر مبنی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیاجس میں ممبئی اوردیگر اضلاع کے ۲۵؍ خطاط نے آپ ؐ کے اسم گرامی اور القابات کے فنی نمونے پیش کئے۔ نمائش میںتجربہ کارخطاط کےساتھ انگریزی میڈیم کی اس طالبہ نے بھی حصہ لیاجس نے لاک ڈائون میں خطاطی کورس مکمل کیاتھااور اب وہ خود خطاطی کی آن لائن کلاس چلارہی ہے۔نمائش کا افتتاح انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیرقاضی کے ہاتھوں ہوا۔اس نمائش کی سرپرستی معروف خطاط اسلم کرتپوری نے کی اور اس کے انعقاد میں’ اُردو کارواں‘ تنظیم کااہم رول رہا ۔اس موقع پرشہرکے معززافراد نے بڑی تعدادمیںنمائش دیکھی۔
 اس نمائش میں ممبئی شہر و مضافات کے علاوہ بھیونڈی، مالیگائوں، ایولہ ، اورنگ آباد ، دھولیہ ،شہادہ ، اکولہ اور سورت اور  گلبرگہ کے ماہر خطاط نے حضرت محمد ؐ کے اسمِ گرامی اور القابات کے دلکش اور جاذب نظرفنی نمونے پیش کئے جو نمائش دیکھنے آنے والوں کی توجہ کا مرکز رہے۔ جن خطاط کے فنی پاروںکی نمائش کی گئی ،ان میں شیخ احسان( گلبرگہ ،کرناٹک)، روبینہ ملتانی (سورت) ،خلیق الزماں( اکولہ) ، ضیاء اللہ (ایولہ)، انصاری امتیاز ( شہادہ)، شیخ رمشا ( اورنگ آباد) ،گل ایوبی، جمال احمد، رفیق پینٹر اور رضوان ربانی (مالیگاؤں)، رضیہ حنیف ، شیخ اریبہ، ڈاکٹر ثناء شیخ ، مبارک حسین، شاہجہاں بی، شیخ تنزیلہ، صدیقی مصباح، انصاری عبدالرحیم اور مرزا حمیرا شریک ہوئے۔ بالخصوص  اچھیوت پالونامی  مراٹھی کیلی گرافر (کاتب)نے دیوناگری میں اسم محمدؐ  لکھ کرپیش کیا  جسے لوگوں نے کافی پسند کیا۔ نمائش میں کیوبک کے ماہر  ماسٹر عفان کٹی نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
مسجدنبویؐ کے خطاطی شعبہ کے عالمی شہرت یافتہ استاد کے ۴؍طغروں کوسب سے زیادہ پسند کیا گیا
  اس تعلق سے اسلم کرتپوری نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ’’ مذکورہ نمائش میں ممبئی اوربیرونِ ممبئی کے علاوہ کرناٹک اور گجرات کے خطاط نے جس طرح اپنی فنی صلاحیتوں کامظاہرہ کیاہے، وہ قابل ستائش ہے۔ تجربہ کار، ماہر اور مشاق خطاط کے علاوہ جن افرادنے حال ہی میں خطاطی سیکھی ہے، انہیں بھی نمائش میں حصہ لینےکاموقع فراہم کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی  ، بالخصو ص گل ایوبی اور رضوان ربانی کے فنی پاروںکا جواب نہیں ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’نمائش میں مسجد نبوی ؐ کے خطاطی شعبہ کے عالمی شہرت یافتہ اُستاد شفیق الزماں خان کے اُن ۴؍ طغروںکو سب سے زیادہ پسند کیا گیا  جنہیں حال ہی میں عمرہ سے لوٹتے وقت سعودی عرب سے لایاگیاتھا۔‘‘ انہوں نےمزید بتایاکہ ’’ نمائش میں متعدد خطاط کے ساتھ کیوبک کے ماہر  عفان کُٹی بھی شریک تھے۔ انہوں نےاپنی آنکھیں  پٹی سے  بند کرکے مختلف رنگوں کے کیوبک سے آپ ؐ  کانام لکھنے کاجو مظاہرہ کیاتھا،  وہ بھی قابل تعریف تھا۔ ‘‘
انگریزی میڈیم کی طالبہ نے ۴؍فنی نمونے پیش کئے
 اورنگ آباد ، یونیورسٹی روڈ ،جے سنگھ پورہ کی رہنےوالی ۲۱؍ سالہ شیخ رمشا نوشین نے بتایاکہ ’’ میں خلدآباد کے چشتیہ کالج میں بی ایس سی کے آخری سال کی طالبہ ہوں۔میری تعلیم انگریزی میڈیم سے ہوئی ہے۔ لاک ڈائون میں خالی بیٹھی تھی ۔ ایسےمیں کچھ کرنےکا خیال آیا۔ سوشل میڈیا کے ذریعے خطاطی کی کلاس کےبارےمیں معلوم ہوا۔ ۶؍ مہینے میں خطاطی کورس مکمل کیا۔ بعدازیں میں نے خطاطی کی مشق گھر پر جاری رکھی ساتھ ہی آن لائن خطاطی کی کلاس بھی شروع کی ہے۔ فی الحال ۲؍بیچ میں تقریباً ۳۰؍ طلبہ کو خطاطی سیکھارہی ہوںاور خطاطی سیکھنے کا عمل بھی جاری ہے۔ ‘‘رمشا کےمطابق ’’ مذکورہ نمائش کے تعلق سے معلوم ہونے پر میںنے منتظمین سےرابطہ کرکے نمائش میں شریک ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔ منتظمین کی اجازت ملنے کےبعد میںنےخطاطی کے اپنے ۴؍نمونے  پیش کئے۔ خط ِ ثُلث سے میںنے حضور ؐ  کا اسم گرامی لکھاہے۔‘‘
 شہادہ کے نشاط ہائی اسکو ل کے معلم اور خطاط امتیاز انصاری نے بتایاکہ ’’ خطِ دیوانی ،خطِ ثُلث ، خطِ نستعلیق اورخطِ کوفی سے میں نےحضورؐ کے اسم گرامی اور القابات پر مبنی  ۱۰، ۱۲؍ طغرے بنائے ہیںجنہیں نمائش  میں شرکت کرنے والوںنے کافی سراہا جس سےمجھے حوصلہ ملاہے۔ ‘‘ انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’اب خطاطی کا فن ہندوستان سے نکل کر بیرونِ ملک بھی پھیل رہا ہے۔ میں گزشتہ ۲۰؍ سال سے خطاطی کررہاہوں۔ جب بھی موقع ملتاہے ،خطاطی کی مشق کرنانہیں بھولتا۔ خطاطی میرا شوق اور جنون بن گیاہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK