Inquilab Logo

کسان مورچہ۱۵؍ کے بجائے۱۶؍جنوری کو نکالا جائیگا

Updated: January 09, 2021, 10:02 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Crawford market

ٹریفک کے سبب پولیس نے مشورہ دیا تھا ۔۱۵؍جنوری کے تھانے ضلع پنچایت الیکشن کے سبب بھی تاریخ ایک دن آگے بڑھائی گئی۔ مورچہ کا روٹ بدل کر اسلام جمخانہ سے آزاد میدان کیا گیا

Scene from a meeting on the Kisan Morcha.Picture :Inquilab
کسان مورچہ سے متعلق میٹنگ کا منظر۔ تصویر: انقلاب

  سیاہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی حمایت میں۱۵؍جنوری کو ممبئی میں نکالے جانے والے مورچے کی تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئےیہ ۱۶؍ جنوری کر دی گئی ہے۔ اب یہ مورچہ۱۶؍جنوری سنیچر کو نکلے گا۔ دراصل تاریخ میں تبدیلی کی بنیادی وجہ ٹریفک کے سبب پولیس کا مشورہ اور۱۵؍ جنوری کو تھانے ضلع کا پنچایت الیکشن قرار دیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ ٹریفک کے پیش نظر ہی روٹ میں بھی کچھ تبدیلی کی گئی ہے۔ اب تبدیل شدہ روٹ کے مطابق مورچہ اسلام جمخانہ سے آزاد میدان تک نکالا جائیگا۔اس تعلق سے  ایک دن قبل جمعرات کو ایک وفد نے پولیس کمشنر، جوائنٹ پولیس کمشنر اور ایس بی او کے انچارج سے ملاقات کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ جمعہ کوکسان  الائنس مورچے کے ذمہ داران نے ممبئی امن کمیٹی کے دفتر میں مغرب کے بعد میٹنگ میں باہم تبادلہ خیال کیا اور مذکورہ  اہم وجوہات کے سبب میٹنگ میں بھی یہ فیصلہ کیا۔  کسان الائنس مورچہ کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ چونکہ کسانوں کی حمایت اور زرعی قوانین کی منسوخی تو اہم ہے ہی ٹریفک کے سبب لوگوں کی پریشانی کا بھی ہم لوگوں کو خیال رکھنا ہے۔ اس کے علاوہ پنچایت الیکشن کے سبب بہت سے لوگ شریک نہیں ہوسکتے تھے ، اسے بھی ملحوظ رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کسانوں کی حمایت میں اور حکومت کی من مانی کے خلاف ہر طبقے کے لوگوں کو جوڑنے اور ان کی شرکت کو یقینی بنانے کی غرض سے الگ الگ علاقوں میں میٹنگوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور اب تک ۱۰؍ سے زائد میٹنگیں کی جاچکی ہیں اور باہمی رابطے کا یہ سلسلہ مورچے کے دن تک جاری رہے گا۔ ممبئی امن کمیٹی میں جمعہ کی میٹنگ میں فرید شیخ، مولانا سید اطہر علی ، عبدالحسیب بھاٹکر، مولانا اعجاز کشمیری، فہد احمد ، فیروزمیٹھی بوروالا، فیاض احمد خان ، سچن، سلیم بھاٹی،اشرف خان، ریحان انصاری، ڈاکٹر سلیم خان ، ڈاکٹر عظیم الدین،اشرف خان، محمد فیصل، پربھاکر نارکر اور وشال وغیرہ شامل تھے۔اس کے علاوہ ۱۴؍جنوری کو کانفرنس کی جائے گی اور کسانوں کے مورچے سے نصیرالدین شاہ،  سشانت سنگھ، ٹیسٹا سیتلواد، پرتیبھا شیٹی،راجو شیٹی، جسٹس کولسے پاٹل اور میدھا پاٹکر وغیرہ خطاب کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK