Inquilab Logo

سی ایس ایم ٹی میں۲۴؍ڈبے کا پلیٹ فارم کا کام جاری۔ ۱۵؍دنوں کا شبینہ بلاک

Updated: May 17, 2024, 11:24 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سینٹرل ریلوے پر چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی) کے پلیٹ فارم نمبر۱۰؍اور ۱۱؍ کی توسیع کا کام آخری مرحلے میں ہے۔

The length of the platform is being extended at CSMT. Photo: INN
سی ایس ایم ٹی میں پلیٹ فارم کی لمبائی بڑھائی جا رہی ہے۔ تصویر : آئی این این

سینٹرل ریلوے پر چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی) کے پلیٹ فارم نمبر ۱۰؍اور ۱۱؍ کی توسیع کا کام آخری مرحلے میں ہے۔یہاں ۲۴؍ڈبوں کی ٹرینیں روکنے کی گنجائش پیدا کی گئی ہے اوراسی حساب سے پلیٹ فارم کوتوسیع دی گئی ہے۔ اس کی وجہ سے لوکل اور میل ایکسپریس گاڑیوں کی آمد و رفت کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔۱۷؍مئی اور۱۸؍مئی کی درمیانی شب سے یکم جون تک، روزانہ رات ۱۱؍ بجے سے صبح ۵؍بجے تک ۶؍ گھنٹوں کا شبینہ بلاک رکھا جائیگا۔
سی ایس ایم ٹی اسٹیشن پر پلیٹ فارم نمبر ۱۰؍ اور ۱۱؍کی توسیع کیلئے بلاک کے ان دنوں میں انجینئرنگ، الیکٹرکل اور انٹر لاکنگ کا کام مکمل کیا جائے گا۔ اسی سبب بلاک کیا گیا ہے ۔ اس دوران کئی میل اور ایکسپریس گاڑیاں سی ایس ایم ٹی کے بجائے ۲۰؍ مئی تک دادر اور پنویل سے چلائی جائیںگی۔
بلاک کے دوران سی ایس ایم ٹی سے کسارا کے لئے آخری ٹرین ’این ون ‘ ۱۲؍ بجکر ۱۴؍ منٹ پرروانہ ہوگی اور۳؍بجے کسارا پہنچے گی۔ اسی طرح اپ سلو لائن پر سی ایس ایم ٹی کے لئے آخری لوکل ٹرین کرجت ،کلیان ایس ۵۲؍ہوگی ۔ یہ ٹرین ۱۱؍ بجکر ۳۴؍منٹ پرروانہ ہوگی ا ور۱۲؍بجکر ۶؍منٹ پر سی ایس ایم ٹی پہنچے گی۔
طویل مسافتی ٹرینیں۲۰؍مئی تک کن ٹرمنس سے چلائی جائیںگی؟
 بلاک کے دوران ۲۰؍مئی کی درمیانی شب تک پشپک ایکسپریس، امرتسر سی ایس ایم ٹی ایکسپریس، بھبنیشور کورناک ایکسپریس، ہاؤڑہ سی ایس ایم ٹی میل ،جن شتابدی ایکسپریس، مڈگاؤں سی ایس ایم ٹی تیجس ایکسپریس ، منگلور جنکشن سی ایس ایم ٹی ایکسپریس، حیدرآباد حسین ساگر ایکسپریس، ہاوڑہ سی ایس ایم ٹی سپرفاسٹ ایکسپریس کو دادر میں ختم کردیا جائے گا۔اسی طرح سی ایس ایم ٹی چنئی سپرفاسٹ میل ، سی ایس ایم ٹی امرتسر ایکسپریس ، مہانگری ایکسپریس، سی ایس ایم ٹی مڈگاؤں جن شتابدی ایکسپریس ، سی ایس ایم ٹی مڈگاؤں وندے بھارت ایکسپریس کو۲۰؍مئی تک دادر سے روانہ کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ۲۰؍مئی تک سی ایس ایم ٹی مڈگاؤں کوکن کنیا ایکسپریس کوپنویل سے چلایا جائے گا۔
مسافروں کومیسیج بھیجا جا رہا ہے
 سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نےیہ بھی بتایاکہ ’’یہ کام انتہائی اہم تھا اوراب تکمیل کے مراحل میںہے لیکن مسافروں کو ہونے والی پریشانی سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اسی لئے خاص طور پروہ ٹرینیں جو سی ایس ایم ٹی سے چلائی جاتی تھیں اوریہیں ختم ہوتی تھیں، ان کو کہاں منتقل کیا گیا ہے۔ اس کےتعلق سے مسافروں کو پیغام بھیجاجارہا ہے اور انہیں یہ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ٹرینیںسی ایس ایم ٹی کے بجائے کسی دوسرے اسٹیشن سے روانہ ہوںگی تاکہ وہ سی ایس ایم ٹی کے بجائے وہاں پہنچیں۔‘‘سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر اوڈاکٹر سوپنل نیلانے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’اس بلاک کی وجہ سے سی ایس ایم ٹی سے طویل مسافتی ٹرینوں سے سفر کرنے والوں کو خاص طور پردشواری پیش آسکتی ہے۔ اس لئے مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ بلاک کے دنوں میں جو تبدیلیاں کی گئی ہیں اسے ذہن میں رکھیں اور اسی کے پیش نظرسفر کی تیاری کریں۔‘‘انہوںنے مزید کہاکہ’’بلاک کا وقت رات میں ایسا رکھا گیا ہے کہ مسافروں کو کم سے کم پریشانی ہولیکن یہ درست ہے کہ پریشانی سے انکار بھی نہیں کیا جاسکتا۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK