Inquilab Logo

آئی ٹی اور ٹیک گروپ نے مارکیٹ کو پرواز بخشی

Updated: January 13, 2024, 12:01 PM IST | Agency | Mumbai

گروپ میں ۵؍فیصد کی تیزی سے شیئر بازار میں رونق۔ ۸۴۷؍پوائنٹس کے اچھال کیساتھ بازار ۷۲؍ہزارکے نشان سے اوپر بند ہوا۔

The share market is currently booming. Photo: INN
شیئر بازار میں اس وقت تیزی کا دور جاری ہے۔ تصویر : آئی این این

عالمی مارکیٹ کے ملے جلے رجحان کے درمیان مقامی سطح پر ملک کی سب سے بڑی انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی ٹاٹا کنسلٹنسی سروسیز (ٹی سی ایس) کے مضبوط سہ ماہی نتائج سے پرجوش سرمایہ کاروں کی زبردست خریداری کی وجہ سے آئی ٹی اور ٹیک گروپ کی ۵؍ فیصد سے زیادہ کی تیزی سے جمعہ کواسٹاک مارکیٹ میں ایک فیصد سے زیادہ کی تیزی رہی۔
 بی ایس ای کا۳۰؍ حصص کا حساس انڈیکس سینسیکس۸۴۷ء۲۷؍ پوائنٹس یعنی۱ء۸۱؍ فیصد کی چھلانگ لگا کر۳؍دن بعد۷۲؍ ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح کے پار۷۲۵۶۸ء۴۵؍ پوائنٹس پرپہنچ گیا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی۲۴۷ء۳۵؍ پوائنٹس یعنی ۱ء۴۱؍ فیصد بڑھ کر ۲۱۸۹۴ء۵۵؍ پوائنٹس ہوگیا۔
 بڑی کمپنیوں کی طرح بی ایس ای کی درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں میں بھی زبردست خریدار رہی جس کی وجہ سے مڈ کیپ۰ء۳۶؍ فیصد مضبوط ہوکر ۳۷۸۷۵ء۴۳؍ پوائنٹس اور اسمال کیپ ۰ء۴۱؍ فیصد بڑھ کر۴۴۵۰۳ء۷۰؍ پوائنٹس پر رہا۔ اس دوران بی ایس ای میں کل۳۹۴۲؍ کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے۲۱۱۲؍ میں خریداری،۱۷۴۲؍ فروخت اور ۸۸؍ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسی طرح نفٹی کی۳۲؍ کمپنیاں سبز جب کہ باقی ۸؍ سرخ نشان پر بند ہوئیں ۔تجزیہ کاروں کے مطابق ٹی سی ایس کے امید سے بہترنتائج کی بدولت آئی ٹی کے حصص میں جمعہ کو زبردست تیزی دیکھنے کو ملی۔ آئی ٹی اسٹاکس میں لچک اور ریلائنس میں مضبوطی سے نفٹی کو۲۱۶۰۰؍ کی سطح کے قریب مضبوط کرنے کے قابل بنائے گی۔ بینک نفٹی کی سمت میں اشاروں کیلئے مارکیٹ۱۶؍ جنوری کو ایچ ڈی ایف سی بینک کے نتائج پر نظررکھے گا۔
 ٹی سی ایس نے رواں مالی سال میں دسمبر ۲۰۲۳ء کو ختم ہونے والی تیسری سہ ماہی میں ۱۱۰۹۷؍کروڑ روپے کا مجموعی خالص منافع کمایا ہے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ۱۰۸۸۳؍ کروڑ روپے سے دو فیصد زیادہ ہے۔ تاہم یمن میں امریکی حملے کے بعد عالمی بازار میں مزاج نرم رہا جس کے باعث جمعہ کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں دو فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔اس سے سرمایہ کاری کا جذبہ مضبوط ہونے سے بی ایس ای کے۱۶؍ گروپوں میں تیزی کا رجحان رہا، جن میں سے آئی ٹی اور ٹیک گروپ کے حصص نے بالترتیب۵ء۰۶؍ اور۴ء۴۰؍ فیصد کا سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا۔ اس کے علاوہ کموڈٹیز ۰ء۱۱؍ ، سی ڈی۰ء۳۰، انرجی۱ء۰۹، ایف ایم سی جی۰ء۴۳، ، فنانشل سروسیز۰ء۳۵، انڈسٹریلز ۰ء۳۹، ٹیلی کام ۰ء۷۷، بینکنگ۰ء۵۹، کیپٹل گڈس۰ء۷۷، کنزیومر ڈیوربلز۰ء۶۲، میٹل ۰ء۹۰، تیل اور گیس ۱ء۷۱ ، ریئلیٹی۱ء۹۳؍ اور سروسیز گروپ ۰ء۱۷؍ فیصد بڑھ گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK