Inquilab Logo

ریلوے کیلئے اب تک کا سب سے بڑا فنڈ، ۲ء۴؍ لاکھ کروڑ روپے ملے

Updated: February 02, 2023, 7:11 AM IST | new Delhi

۱۴۔۲۰۱۳ء کے مقابلے  ۹؍گنا زیادہ، وزیر ِ ریل نے وندے بھارت ٹرینوں کا پروڈکشن بڑھانے کا اعلان کیا، دسمبر تک ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹرینیں تیار کرنے کا عزم

Railway Minister Ashwini Vishnu looks happy outside Parliament after the General Budget was presented. (Photo: PTI)
ریلوے وزیر اشوینی ویشنو عام بجٹ پیش کئے جانے کےبعد پارلیمنٹ کے باہر خوش نظر آرہے ہیں۔(تصویر: پی ٹی آئی)

بدھ کو لوک سبھا میں بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیرمالیات نرملا سیتارمن نے ریلویز کیلئے  ۲ء۴؍ لاکھ کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی۔ یہ ریلوے کو ملنے والی اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔  وزیر مالیات نے اپنی بجٹ تقریر میں اس کا اعلان کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ  ۱۴۔۲۰۱۳ء میں  ریلوے کیلئے مختص کی گئی رقم کے مقابلے میں موجودہ رقم  ۹؍ گنا زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت  یوپی اے کی سرکار تھی اور منموہن سنگھ  وزیراعظم تھے۔ ۱۴۔۲۰۱۳ء کا یہ بجٹ منموہن سرکار کا آخری بجٹ تھا۔  انہوں نے ۱۰۰؍’’انتہائی کلیدی ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر پروجیکٹس‘‘ کیلئے ۷۵؍ ہزار کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا۔  
ٹرانسپورٹ پرحکومت کی خصوصی توجہ 
 وزیر خزانہ نے  اپنی تقریر کے دوران بتایا کہ’’ ریلوے کیلئے ۲ء۴؍ لاکھ کروڑ روپے کے تخمینہ جاتی اخراجات کا  سرمایہ فراہم کیا گیا ہے۔ یہ اب تک کا سب سے زیادہ خرچ ہےجو   ۱۴۔۲۰۱۳ء میں کئے گئے اخراجات کا تقریباً۹؍  گنا ہے۔‘‘ بندرگاہوں، کوئلہ، اسٹیل، کھاد، اور غذائی اجناس کے شعبوں کیلئے  آخری اور پہلے میل کے رابطے کیلئے  ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کے ایک سو اہم منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان کیلئے جو  ۷۵؍ ہزار کروڑ روپے مختص کئے گئے ہین ان میں  ۱۵؍ ہزار کروڑ روپے  نجی ذرائع سے حاصل کئے جائیں گے۔   وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ علاقائی فضائی رابطوں کو بہتر بنانے کیلئے۵۰؍  اضافی ہوائی اڈے، ہیلی پورٹ، واٹر ایروڈروم اور ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈز کا احیا کیا جائے گا۔  سیتا رمن نے یہ بھی بتایا کہ ایک ماہر کمیٹی انفرااسٹرکچر کی ہم آہنگی والی ماسٹر لسٹ کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی امرت کال کیلئے موزوں درجہ بندی اور فنانسنگ فریم ورک کی سفارش کرے گی۔
ریلوے کے ڈبوں کی تجدید کاری
 ریلوے  راجدھانی، شتابدی، دورنتو، ہمسفر اور تیجس جیسی ٹینوں کے ۱۰۰۰؍ سے زائد  ڈبوں کی تجدید کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔ ایک بڑی رقم پرانی  ریل پٹریوں کو بدلنے کیلئے بھی مختص کی گئی ہے تاکہ ٹرینوں کی رفتار بڑھائی جاسکے اور وندے بھارت جیسی ٹرینوں کا اضافہ کیا جاسکے۔
ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹرینیں
   بجٹ  میں  کئے گئے اعلانات کے مطابق حکومت ہائیڈروجن سے چلنے والی کم از کم ۳۵؍ ٹرینوں کو تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔   بجٹ پیش کئے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  ریلوے کے وزیر اشوینی ویشنو نے بتایا کہ دسمبر ۲۰۲۳ء تک ہائیڈروجن سے چلنے والی کم ازکم ۳۵؍  ٹرینوں کو تیار کرلیا جائےگا۔  انہوں نے زور دیکر کہا کہ ان ٹرینوں کی ڈیزائننگ  اور تیاری  پوری طرح سے ہندوستان میں ہوگی۔  انہوں نے بتایا کہ پہلی  ہائیڈروجن ٹرین کولکاتا شملہ روٹ پر چلائی جائے گی جو تاریخی حیثیت کا حامل ہے  ۔  ریلوے کا یہ کاریڈور آثار قدیمہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے وندے بھارت ٹرینوں کی تیاری میں اضافے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’وندے بھارت ٹرینوں کی تیاری میں اب تیزی لائی جائے گی۔‘‘ مرکزی وزیر نے  بتایا کہ ’’ اب تک یہ آئی سی ایف چنئی میں بنتی تھیں، اب سونی پت، لاتوراور رائے بریلی میں بھی اس ٹرین کا پروڈکشن شروع کیا جائےگا۔ ‘‘
خطیر فنڈ کیلئے وزیر مالیات کا شکریہ : اشوینی
  وزیر ریل اشوینی چوبے نے عام بجٹ پیش کئے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو  کے دوران وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر مالیات نرملا سیتا رمن کا شکریہ ادا کیا  جنہوں   نے ریلوے کیلئے  اب تک کا سب سے بڑافنڈ دیا ہے۔ا نہوں نے  کہا کہ ’’کئی برسوں سے سرمایہ کاری کی جو کمی تھی اس کی وجہ سے ریلوے جو کچھ حاصل کرسکتی تھی،وہ حاصل  نہیں کر پارہی تھی۔اس کمی کو پورا کرتے ہوئے  آج ۲؍ لاکھ  ۴۱؍ ہزار کروڑ روپے کا فنڈ ریلوے کیلئے دیا گیا ہے۔ یہ فنڈ کیپٹل انویسٹ منٹ کیلئے ہے۔‘‘ا نہوں نے بتایا کہ ریلوے امرت بھارت اسکیم کے تحت ہندوستان بھر میں ایک ہزار ۲۷۵؍ اسٹیشنوں کو ری ڈیولپ کرنے کی جانب توجہ مرکوز کرے گی۔  انہوں نے بتایا کہ کئی بڑے اور چھوٹے شہریوں کے متعدد ریلوے اسٹیشنوں  پر   اس ضمن میں کام چل رہاہے۔ 
وندے بھارت ٹرینوں میں اضافہ
  ریلوے وزیر نے اعلان کیا کہ ملک کے مختلف علاقوں کو آپس میں جوڑنے کے وزیراعظم  مودی کے ویژن کے مطابق حکومت نے وندے بھارت ٹرینوں کا پروڈکشن بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایاکہ توانائی سے متعلق مرکزی حکومت کے منصوبوں کے عین مطابق ریلوے بھی الیکٹرک سپلائی پر انحصار کم کرنے کیلئے میگا سولر پاور پلانٹ لگائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK