Inquilab Logo

ورلڈ کپ فائنل کی پچ کو اوسط درجہ کی ریٹنگ ملی

Updated: December 09, 2023, 11:04 AM IST | Agency | Dubai

آئی سی سی نے احمدآباد کے اسٹیڈیم کی پچ کی درجہ بندی کا اعلان کیا۔

Captain Pat Cummins. Photo: INN
کپتان پیٹ کمنس۔ تصویر : آئی این این

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کی پچ کو اوسط قرار دے دیا ہے، جس پر ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۳ء کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا گیا تھا۔
آئی سی سی کے میچ ریفری اور زمبابوے کے سابق بلے باز اینڈی پائکرافٹ نے تاہم گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ کو بہت اچھا قرار دیا۔ جس پچ پر فائنل کھیلا گیا وہ بہت سست تھی۔ آسٹریلیا نے فائنل میں ہندوستان کو۶؍ وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
 ہندوستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ ۵۰؍ اوورس میں صرف۲۴۰؍ رن بنا سکی۔ آسٹریلیا نے ہدف۴۳؍ اوورس میں حاصل کر لیا۔ ان کی جانب سے اوپننگ بلے باز ٹریوس ہیڈ نے۱۲۰؍ گیندوں پر۱۳۷؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ آئی سی سی نے جنوبی افریقہ، انگلینڈ، پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف بالترتیب کولکاتا، لکھنؤ، احمد آباد اور چنئی میں جن پچوں پر میچ کھیلے انہیں بھی آئی سی سی نے اوسط قرار دیا ہے۔
وانکھیڈے اسٹیڈیم کی پچ جس پر ہندوستان نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کیا تھا اسے آئی سی سی نے `اچھی ریٹنگ دی ہے۔ تاہم اس میچ سے قبل میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان نے پچ بدل دی ہے اور یہ میچ نئی پچ کے بجائے پہلے استعمال شدہ پچ پر کھیلا گیا۔
آئی سی سی نے کولکاتا کے ایڈن گارڈنس کی پچ کو بھی اوسط قرار دیا ہے جس پر آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل کھیلا گیا تھا۔ اس کم اسکور والے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو۴۹ء۴؍ اوورس میں ۲۱۲؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد آسٹریلیا نے ہدف۴۷ء۲؍ اوورس میں ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ آئی سی سی میچ ریفری اور سابق ہندوستانی تیز گیند باز جواگل سری ناتھ نے تاہم ایڈن گارڈنس کی آؤٹ فیلڈ کو بہت اچھا قرار دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK