Inquilab Logo

تیندوا حاجی ملنگ کی پہاڑیوں سے آیا ہوگا۔ محکمۂ جنگلات مزیدتفتیش میں مصروف

Updated: November 26, 2022, 10:27 AM IST | Ajaz Abdul ghani | Mumbai

علاقے میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ جانور ناسک سے سبزی کے ٹرک میں آیا تھا۔ گزشتہ ایک برس میں تیندوا بدلاپور اور الہاس نگرکے شہری علاقے میں بھی آچکا ہے۔اسی طرح شا ہ پور ،بھیونڈی ، کرجت اور نیرل میں بھی اسے دیکھا جاچکا ہے

Forest department officials taking away the captured leopard.
محکمۂ جنگلات کے اہلکار پکڑے گئے تیندوے کو لے جاتے ہوئے۔ (تصاویر: انقلاب)

جمعرات کوکلیان مشرق میں واقع شری رام انوگرہ نامی عمارت میں تیندوا  داخل ہو نے کی خبر پورے شہر میں آگ کی طر ح پھیل گئی تھی۔ مذکورہ عمارت اور اطراف کی بلڈ نگوں میں رہنے والے مکین تقریباً ۱۰؍ گھنٹے تک خوف وہراس میں مبتلا رہے۔ محکمۂ جنگلات کی انتھک کوششوں کے بعد بالآخر تیندوے کو پکڑا گیا جس کے بعد سب نے راحت کا سانس لیا۔ تاہم اس وقت تک اس نے ۴؍ افراد کوزخمی کردیا تھا۔  یہ  تیندوا کہاں سے آیا؟ دن بھر اس پر چر چا چلتا رہا۔ بتایا گیا کہ تیندوا ناسک سے سبزی کے ٹرک میں  یہاں پہنچا تھامگر محکمۂ جنگلات نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ فاریسٹ افسران نے تیندوے کے حاجی ملنگ کی پہاڑیوں سے کلیان مشر ق میں آنے کا قوی امکان ظاہر کیا ہے۔ 
    واضح رہے کہ پچھلے ایک سال میں تھانے ضلع میں تیندوے کے انسانی بستیوں میں داخل ہونے کے متعدد واقعات ہو چکے ہیں۔ تیندوے  غذا کیلئے دیہاتوں اور شہر ی علاقوں میں داخل ہو رہے ہیں۔ جانوروں کے تحفظ کیلئے کام کر نے والی تنظیم’ پلانٹ اینڈ اینیمل ویلفیئر سوسائٹی ‘( پاز) کے ڈائر یکٹر نیلش بھنگے نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ تھانے ضلع کے جنگلاتی پٹے میں تیندوں کی بڑھتی نقل وحر کت سے ضلع میں ان کی رہائش میں اضافہ ہو سکتا ہے۔   مالشیج گھاٹ، باروی ڈیم، تانسا، بھاتسا ڈیم، کسارا سے گھاٹ گھر اور جواہر موکھاڑا جیسے علاقوں میں گھنے جنگلات واقع ہیں جن میں مختلف قسم کے جنگلی جانور کا بسیرا ہیں جو تانسا ، بھاتسا، باروی اور ویترنا ڈیم میں پانی پینے کیلئے آتے ہیں۔ ریاست کے مختلف جنگلاتی علاقوں کو صاف کرکے فارم ہاوس،   ہاؤسنگ کمپلیکس  اور آمد و  رفت کیلئے کشادہ سڑ کیں بنائی جارہی ہیں۔ جنگلاتی علاقوں میں انسانی مد اخلت کے باعث تیندوے محفوظ مقامات کی تلاش میں اپنے مسکن کو چھوڑ رہے ہیں ۔وہ مسکن اور غذا کی تلاش میں جنگل سے  باہر نکل کر شہر ی علاقوں میں داخل ہو رہے ہیں ۔ پچھلے ایک سال کے عرصہ میں تیندوا بدلاپور ، الہاس نگر اور اب کلیان کے شہری علاقے میں داخل ہو ا ہے۔ چند روز قبل شاہ پور تعلقہ کے ایک گاؤں میں بھاتسا ڈیم سے ملحق جنگل سے نکل کر گاؤں میں داخل ہونے والے تیندوے نے ایک کسان پر حملہ کردیا تھا۔ کچھ مہینے قبل بھیونڈی کے نزدیک چنچ پاڑہ پڑ گھا کے جنگلاتی پٹے سے ایک تیندوا انسانی آبادی میںآ گیا تھا۔ اسی طر ح کرجت اور نیرل  میں بھی تیندوا نظر آ چکا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK