Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہر میں کورونا میں مبتلا مریضوں کی تعداد ۳۷؍اور مشتبہ کیسیز ۶۹؍ہوگئے

Updated: May 27, 2025, 10:54 PM IST | Mumbai

طبی ماہرین کےمطابق کورونا کی وبا ءپھیلنے کا کوئی امکان نہیں ، کورونا اب بخار کی طرح ہو چکا ہے

Experts advise wearing masks in crowded places
ماہرین کا مشورہ ہے کہ بھیڑبھاڑ والےمقامات پر ماسک پہن کرجائیں

شہر میں کورونا کے ۲؍نئے مریضوں کی تشخیص کےبعد  ممبئی میں کورونا کے مریضوں کی تعداد اب ۳۷؍ تک پہنچ گئی ہے۔جبکہ کورونا کےمشتبہ مریضوں کی تعداد ۶۹؍ ہو گئی ہے۔ ریاست میں مشتبہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر ۲۷۸؍ ہو گئی ہے۔ یہ سبھی تشخیص شدہ مریض ہیں اور ان کی طبیعت بہترہے۔ ممبئی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو نے سے عوام میں خوف کاماحول پایا جا رہا ہے۔جس پرطبی ماہرین نے عوام سے کہاہےکہ اس سے گھبرانےکی ضرور ت نہیں ہے۔
ماہرڈاکٹروں نے کیا کہا؟
 جنوبی ممبئی کے کنسلٹنٹ فزیشین ڈاکٹر دیپیش اگروال نے بتایاکہ ’’موسمی آلودگی اور نمی کی وجہ سے وائرس اور جراثیم ماحول میں زیادہ دیر تک زندہ رہ سکتے ہیں، جس سے انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ خاص طور پر سرد موسم یا آلودہ علاقوں میں انفیکشن کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ اس وقت اسپتالوں میں سانس کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، خاص طور پر دل یا پھیپھڑوں کے امراض کے مریض، ان مریضوں میں ہلکی علامات والے مریضوں کی تعداد میں معمولی اضافہ ہوا ہے لیکن یہ اضافہ سنگین نہیں ہے۔ بیشتر شہریوں میںکووڈ ۱۹؍ کے خلاف قوت مدافعت پیدا ہو گئی ہے اور کوروناموسمی بخار کی طرح عام ہو گیا ہے۔ اسلئے اس سے خوفزدہ ہونےکی ضرور ت نہیں ہے۔‘‘
 سر ایچ این ریلائنس فائونڈیشن اسپتال کے ڈاکٹر راہل پنڈت کےمطابق ’’پچھلے کچھ دنوں سے اوپی ڈی میں آنےوالے مریضوں میں سانس کی تکلیف اور کھانسی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ جب ان مریضوں کا معائنہ کیا گیا تو ، ان میں سے کچھ کورونا سے متاثر پائے گئے ۔ ان تمام مریضوں کو ہوم آئسولیشن میں رکھا گیا اور وہ چند دنوں میں صحت یاب ہو گئے ہیں۔ اس لئے کورونا کے پھیلنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ کورونا کی لہر کے بعد کورونا مختلف مراحل میں ظاہر ہو رہا ہے۔ موجودہ صورتحال موسمی تبدیلی کی وجہ سے پیدا ہوسکتی ہے۔ اس لئےکوروناکے مریضوں کی تعداد میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں کواس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
 انڈین سوسائٹی کریٹیکل کیئر ممبئی سیکریٹری ڈاکٹر بھرت جگیاسی نے کہاہےکہ ’’کورونا اب ایک عام بخار کی طرح ہو چکا ہے، اس لئے اگر کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھے تو بھی وباءکےپھیلنے کا کوئی امکان نہیںہے۔ بخار کی وباء ہر سال مانسون کے آغاز میں پھیلتی ہے۔ اسی طرح اب کورونا کے بھی کچھ کیسز سامنے آئیں گے، اس لئے عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن جو لوگ ذیابیطس، بلڈ پریشر، تپ دق اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہیں، انہیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے اورانہیں بھیڑ والی جگہوں پر جاتے وقت ماسک پہننا چاہئے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK