Inquilab Logo

راجپوری جیٹی پر قائم پارکنگ زون بند،سیاحوں میں شدید ناراضگی

Updated: November 15, 2022, 11:42 PM IST | siraj shaikh | murud

ٹھیکیدار کے ذریعے حکومت کو۳۸؍لاکھ روپے بقایا ادا نہ کئے جانے پر میری ٹائم بورڈ کی کارروائی ،کئی سیاحوں نے گاڑیاں ساحل پر پارک کیں تو کئی لوٹنے پرمجبور

Tourists` cars and buses are parked on the beach, while the gate of the parking yard (inset) is locked.
سیاحوں کی گا ڑیاں اور بسیںساحل سمندر پر کھڑی ہیں جبکہ پارکنگ یارڈ کے گیٹ(انسیٹ) پر تالا لگا دیاگیاہے ۔(تصویر،انقلاب)

:راجپوری جیٹی کے علاقے میں میری ٹائم بورڈ کی جانب سے تعمیر کی گئی جیٹی ہمیشہ تنازع میں گھری رہی ہے۔ راجپوری  پارکنگ یارڈ کی ضمن میں نکالے گئے پہلے ٹینڈر کے بعد چونکہ ٹھیکیدار نے حکومت کو ۳۸؍لاکھ کے واجبات ادا نہیں کیے ، اس لئے میری ٹائم بورڈ نے ۱۰ ؍نومبر سے پارکنگ یارڈ کو تالا لگا دیا ہے اور اس یارڈ میں کسی بھی طرح کی کوئی سواری کو کھڑی کرنے کے لئے سخت ممانعت ہے۔ دیوالی سیزن کے بعد سے  جنجیرہ قلعہ کی سیر کرنے والے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ لیکن پارکنگ بن یارڈ بند ہونے کی وجہ سے سیاحوں کو اپنی سواریاں ساحل پر ریت میں پارک کرنی پڑ رہی ہیں۔سنیچر اور اتوار کو جنجیرہ قلعہ دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں بیرونی اضلاع سے لوگ آئے تھے لیکن انہیں اپنی گاڑیوں کو پارک کرنے کے لئے کوئی جگہ دستیاب نہیں ہوئی، بحالت مجبوری انہوں نے اپنی گاڑیاں ساحل پرہی لگادیں۔
  اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق راجپوری، آگردنڈا، دیگھی اور کھورا بندر جیٹیوں کی تعمیر کے بعد سے شکایتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ راجپوری جیٹی پر طغیانی کے وقت کشتیوں کو لنگر انداز کرنا مشکل ہوتاہے۔ کھورا بندر پر تعمیر کی گئی جیٹی کی لمبائی کم ہونے سے یہاں  مدوجزر کے دوران کشتیاں لگانے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آگردنڈا کی نئی جیٹی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اس لئے یہاں جیٹی کا استعمال نہیں کیا جارہا ہے۔اس کے ساتھ جیٹی پر پارکنگ کی تعمیر کے بعد کئی سال تک کوئی ٹینڈر نکالا نہیں گیا ۔ راجپوری  میں بھی ایم ایم بی نے کئی سال پہلے ایک وسیع پارکنگ یارڈ تعمیر کیا ۔اس کا ٹینڈر بھی ہوا لیکن ٹھیکیدار نے حکومت کو ۳۸ ؍لاکھ کے واجبات ادا نہیں کیے،اس لئے ۱۰؍ نومبر سے میری ٹائم بورڈ نے پارکنگ پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔یہاںدیوالی سیزن کے بعد سے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔پارکنگ بند ہونے کی وجہ سے سیاحوں کی کاریں سمندر پر لگائی جا رہی ہیں۔
مدوجزر کے دوران  پارکنگ کیلئے مشکل 
 سمندر میں مدوجزر کے دوران پارکنگ کی جگہ نہ ہونے کی وجہ سے سیاحوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ سیاحوں کا مطالبہ ہے کہ جیٹی پر پارکنگ یارڈ جلد شروع کیا جائے ۔ممبئی کے ایک تاجر نے راجپوری جیٹی میں دفتر اور پارکنگ کا ٹھیکہ ۵؍سال قبل ۱۷؍ لاکھ کی سالانہ لاگت سے لیا تھا، لیکن، راجپوری کے مکینوں اور بے روزگار نوجوانوں کا پارکنگ کا کام بند ہونے پر  کچھ جھگڑا ہو گیا تو ممبئی والے ٹھیکیدار نے راجپوری کے نوجوانوں کو پارکنگ  یارڈکرائے پر دے دیا۔ایم ایم بی کے افسرسدھیر دیورے نے بتایا کہ میری ٹائم بورڈ نے پارکنگ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ٹھیکیدار نے نوجوانوں سے ٹھیکہ کی رقم سے زیادہ رقم لینے کے بعد بھی حکومت کو ادائیگی نہیں کی ہے۔ مروڈ جنجیرہ جیسے مشہور سیاحتی مقام پر سیاحوں کے لیے مزید سہولیات پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
 سیاحوں کو درپیش مسائل
 میری ٹائم بورڈ کی طرف سے تعمیر کردہ راجپوری جیٹی پرپانی کی مستقل فراہمی نہ ہونے سے بیت الخلاء  صاف نہیں ہیں۔ ٹھیکیدار باہر سے پانی خرید کر صاف کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے جس سے سیاحوں کو مسائل کا سامنا ہے۔
 میری ٹائم بورڈ کے آفیسر سدھیر دیورےکا کیا کہنا ہے؟
 جیٹی کی تعمیر کے بعد سے میری ٹائم بورڈ مقامی گرام پنچایت اور انتظامیہ سے پینے کے پانی کا مستقل مطالبہ کر رہا ہے لیکن پانچ سال گزرجانے کے بعد بھی  پانی کا کوئی معقول انتظام نہیں کیا گیا۔ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دینے کے بعد جیٹی پر صفائی اور سیاحتی سہولیات کا انتظام کرنا ہوتا ہے لیکن سیاحوں کی طرف سے شکایتیں آئی ہیں کہ ٹھیکیدار ایسا نہیں کر رہا ہے۔ ٹھیکیدار پر حکومت کے ۳۸؍ لاکھ واجب الادا ہونے کی وجہ سے اس کا ٹھیکہ منسوخ کر دیا گیا ہے اورجیٹی پر پارکنگ یارڈ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ایم ایم بی کے افسر سدھیر دیورے نے کہا کہ اس پارکنگ یارڈ کے سلسلے میںجلد ہی نیا ٹینڈر جاری کیا جائے گا اور پارکنگ شروع کر دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK